حکومت کا غیرقانونی مقیم غیرملکیوں کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کرنے کا فیصلہ
اشاعت کی تاریخ: 1st, June 2025 GMT
اسلام آباد(نیوز ڈیسک)حکومت نے کسی تیسرے ملک منتقلی کے منتظر تقریباً 44 ہزار افغان شہریوں کی منتقلی کی ڈیڈ لائن گزرنے کے ایک ماہ بعد پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
نجی اخبارمیں شائع خبر کے مطابق یہ فیصلہ ہفتے کو وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت انسدادِ دہشت گردی کمیٹی اور ہارڈن دی اسٹیٹ کمیٹی کے تیسرے اجلاس میں کیا گیا۔
حکومت پہلے ہی اعلان کر چکی تھی کہ اگر ممکنہ میزبان ممالک نے ان افغان پناہ گزینوں کو 30 اپریل تک منتقل نہ کیا تو انہیں ملک بدر کر دیا جائے گا، واضح رہے کہ طالبان کے اگست 2021 میں افغانستان میں دوبارہ اقتدار سنبھالنے اور امریکی قیادت میں افواج کے انخلا کے بعد ہزاروں افغان شہری انتقامی کارروائیوں کے خوف سے پاکستان آ گئے تھے۔
ایک سرکاری اہلکار نے ڈان کو بتایا کہ اب تک 10 لاکھ 23 ہزار افغان شہریوں کو واپس بھیجا جا چکا ہے، اُن کے مطابق اپریل میں ایک لاکھ 35 ہزار 865 جبکہ مئی میں65 ہزار 57 افراد کو واپس بھیجا گیا، صرف 30 مئی کو ہی 1483 افراد کو واپس بھیجا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ قومی سلامتی کو نقصان پہنچانے والے غیر قانونی عناصر کے خاتمے کے لیے وفاقی اور صوبائی اداروں کو باہمی ہم آہنگی کے ساتھ کام کرنا ہوگا، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تمام ادارے ’ون ڈاکیومنٹ ریجیم‘ پر مکمل عملدرآمد کے لیے مل کر کام کریں، انہوں نے بتایا کہ نادرا روانگی کے مقامات پر لائیو ڈیٹا کی تصدیق کی سہولت فراہم کرے گا۔
محسن نقوی نے بھکاری مافیا کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہیے کیونکہ وہ ملک کی ساکھ کو نقصان پہنچا رہے ہیں، انہوں نے بھیک مانگنے کو ناقابلِ ضمانت جرم قرار دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
ملک بھر میں جاری بجلی چوری کے خلاف کریک ڈاؤن کے حوالے سے اجلاس کو بجلی ڈویژن کے نمائندے نے بتایا کہ وزارت داخلہ اور صوبائی حکومتوں کے تعاون سے 142 ارب روپے کی ریکوری کی گئی ہے، وزیر داخلہ نے کہا کہ بجلی چوری کی روک تھام کے لیے وزارت توانائی اور صوبائی حکومتوں کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جا رہا ہے۔
اجلاس میں تجاوزات کے خلاف کارروائیوں کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا، امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے بریفنگ میں بتایا گیا کہ خفیہ معلومات پر روزانہ کی بنیاد پر 250 سے زائد کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔
اجلاس میں پاکستان پورٹ اتھارٹی کے قیام، گوادر سیف سٹی پراجیکٹ اور حفاظتی دیوار کی تعمیر پر بھی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
حکومت پنجاب کا عوامی تحفظ کیلئے اہم فیصلہ، عید الاضحیٰ پر عارضی مکینیکل جھولوں پر پابندی
.ذریعہ: Daily Ausaf
کلیدی لفظ: کے خلاف
پڑھیں:
سموگ‘ فضائی آلودگی کی روک تھام کیلئے کریک ڈاؤن‘ 27 مقدمات‘ متعدد گرفتار
لاہور (نامہ نگار) پنجاب پولیس کی سموگ، فضائی آلودگی کی روک تھام اور ماحولیاتی تحفظ کے لئے کارروائیاں جاری ہیں۔ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور سمیت مختلف اضلاع میں سموگ کریک ڈاؤن کے دوران 27 مقدمات درج کر کے متعدد قانون شکن افراد کو گرفتار کیا گیا۔ ترجمان کے مطابق کارروائیوں کے دوران 1792 افراد کو 46 لاکھ روپے سے زائد جرمانے عائد کئے گئے جبکہ 13 افراد کو وارننگ جاری کی گئی۔ فصلوں کی باقیات جلانے کی 98، زیادہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کی 1374، صنعتی سرگرمیوں کی 5 اور اینٹوں کے بھٹوں کی 12 خلاف ورزیاں رپورٹ کی گئیں۔ رواں سال کے دوران لاہور سمیت مختلف اضلاع میں سموگ کریک ڈاؤن کے نتیجے میں مجموعی طور پر 2031 مقدمات درج اور 1837 قانون شکن گرفتار کئے گئے۔ 84 ہزار 778 افراد کو 21 کروڑ 60 لاکھ روپے سے زائد جرمانے‘ جبکہ 16 ہزار سے زائد افراد کو وارننگ جاری کی گئی۔ فصلوں کی باقیات جلانے کی 742، زیادہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کی 57 ہزار 301، صنعتی سرگرمیوں کی 1689 اور اینٹوں کے بھٹوں کی 3265 خلاف ورزیاں رپورٹ کی گئیں۔