Express News:
2025-07-23@09:32:57 GMT

ساحل کے سائے میں محرومیوں کی داستان

اشاعت کی تاریخ: 6th, June 2025 GMT

تعلیم کسی بھی معاشرے کی ریڑھ کی ہڈی ہوتی ہے، مگر سندھ جیسے صوبے میں، جہاں ناخواندگی کی شرح پہلے ہی تشویشناک حد تک بلند ہے، وہاں گھوسٹ اساتذہ اور گھوسٹ اسکولز کا ناسور تعلیمی ڈھانچے کو دیمک کی طرح چاٹ رہا ہے۔ گزشتہ چند سالوں کے دوران متعدد رپورٹس نے یہ انکشاف کیا کہ محکمہ تعلیم سندھ میں ہزاروں اساتذہ ایسے ہیں جو نہ صرف ڈیوٹی سے مسلسل غیر حاضر ہیں بلکہ سرکاری خزانے سے باقاعدگی سے تنخواہیں بھی وصول کر رہے ہیں۔

اکتوبر 2024 کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ 5,000 گھوسٹ اساتذہ کی شناخت کی گئی، جن میں سے بعض بیرون ملک مقیم تھے اور دو سال سے زائد عرصے سے اپنے اسکولز نہیں گئے، مگر ان کے اکاؤنٹس میں تنخواہیں باقاعدگی سے منتقل ہو رہی تھیں۔ یہ معاملہ صرف اساتذہ تک محدود نہیں۔ سندھ میں 1,459 گھوسٹ اسکولز کی بھی نشاندہی کی گئی، جو صرف کاغذی طور پر موجود تھے۔

نہ وہاں طلباء تھے، نہ اساتذہ، نہ تدریسی سرگرمیاں۔ اس کے باوجود ان کے لیے بجٹ مختص کیا جاتا رہا۔ سوال یہ ہے کہ یہ پیسہ کہاں گیا؟ کن جیبوں میں پہنچا؟ اور اس کا حساب کون دے گا؟ تعلیم کو بہتر بنانے کے بجائے، اسے منافع کا ذریعہ بنا دیا گیا ہے۔ بنیادی سہولیات کی عدم موجودگی، جیسے کہ بیت الخلا، پینے کا پانی، بجلی اور چار دیواری نہ ہونے کی بناء پر مزید اس صورتحال کو بد ترین بنا رہی ہے۔ 49,000 سے زائد اسکولز میں سے ہزاروں اسکول ایسے ہیں جہاں ایک بھی سہولت دستیاب نہیں۔ تعلیم، ہر بچے کا بنیادی حق ہے لیکن کراچی کے دیہی و ساحلی علاقوں میں یہ حق ایک خواب بن کر رہ گیا ہے۔

ان علاقوں میں نہ صرف تعلیمی سہولیات کا فقدان ہے بلکہ جو اسکولز موجود ہیں ان کی حالت ایسی ہے جیسے وہ تعلیم کے بجائے حادثات کی آماج گاہ بن چکے ہوں۔ کراچی کے ساحلی علاقے مبارک ولیج کے سیکنڈری اسکول کی عمارت اسی تلخ حقیقت کی ایک خوفناک مثال ہے۔ 14 اپریل 2025 کو صبح 7 بج کر 42 منٹ پر جب بچے اسکول پہنچنے ہی والے تھے، بلڈنگ کے روم نمبر 3 کی چھت اچانک زمین بوس ہو گئی۔ خوش قسمتی کہیے یا محض اتفاق کہ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، لیکن اس کے نیچے رکھی ہوئی میزیں،کرسیاں اور ڈیسک چکنا چور ہوگئیں۔

یہ حادثہ اگر صرف چند لمحے بعد پیش آتا، تو شاید کئی معصوم جانیں ملبے تلے آ جاتیں، یہ پہلا واقعہ نہیں تھا۔ اس سے قبل بھی اسی اسکول کی دوسری عمارت سے چھت کا ملبہ گر چکا ہے۔ مگر افسوس کہ ہر بار کی طرح اس بار بھی صرف آنکھیں بند کر کے ’’ شکر‘‘ ادا کیا گیا عملی اقدامات آج تک نہیں کیے گئے۔ مبارک ولیج کا اسکول صرف ایک عمارت نہیں، یہ ہزاروں ساحلی بچوں کے خوابوں کا مرکز ہے۔ مگر اب یہ خواب ایک خوف میں بدل چکے ہیں۔ بچے روز ملبے کے سائے تلے تعلیم حاصل کرنے آتے ہیں۔ انھیں پڑھائی سے پہلے یہ فکر لاحق ہوتی ہے کہ اگلا پتھر کب اور کہاں گرے گا۔

یہ صورتِ حال محض ایک اسکول کی نہیں، بلکہ کراچی کے بیش تر دیہی و ساحلی اسکولوں کی ہے، جہاں نہ بنیادی سہولیات موجود ہیں، نہ مرمت، نہ نگرانی اور نہ کوئی جواب دہی۔ سوال یہ ہے کہ کیا ان بچوں کا قصور یہ ہے کہ وہ شہرکے مضافات میں پیدا ہوئے؟ کیا تعلیم صرف شہر کے پوش علاقوں میں بسنے والے بچوں کا حق ہے؟ یہ حالات نہ صرف خطرناک ہیں بلکہ شرمناک بھی۔ اگر ہم نے فوری طور پر اسکولوں کی مرمت، بحالی اور سیکیورٹی پر توجہ نہ دی، تو وہ دن دور نہیں جب کسی بچے کا خواب صرف کتابوں میں دفن نہیں ہوگا، بلکہ وہ خود کسی چھت کے ملبے تلے دب جائے گا۔

ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومتِ سندھ، محکمہ تعلیم اور ضلعی انتظامیہ فوری طور پر اس مسئلے کا نوٹس لیں، اسکول کی مرمت کروائیں، اور پورے کراچی میں تعلیمی اداروں کی عمارتوں کا ہنگامی آڈٹ کروایا جائے،کیونکہ تعلیم تب ہی ممکن ہے جب زندگی محفوظ ہو اور فی الحال، مبارک ولیج کے بچوں کی زندگیاں خطرے میں ہیں۔ یہ بات حیران کن بھی ہے اور افسوسناک بھی کہ یہ کراچی کی ساحلی بستیاں پیپلز پارٹی کا گڑھ رہی ہیں، پیپلز پارٹی نے دہائیوں تک یہاں سے ووٹ لیے، مگر بدلے میں ان بستیوں کو محرومیوں کا ایندھن بنا دیا۔ خاص طور پر پیپلز پارٹی، جو سندھ پر پچھلے کئی برسوں سے بلاشرکت غیرے حکومت کر رہی ہے، ان ساحلی بستیوں کی محرومی کی سب سے بڑی شریک ہے۔

یہ وہ علاقے ہیں جہاں اسکول کی عمارتیں کھنڈرات میں بدل چکی ہیں، اسپتال یا تو ہیں ہی نہیں یا محض نام کے ہیں۔ حاملہ خواتین کو شہرکے مرکزی اسپتال پہنچنے میں گھنٹوں لگ جاتے ہیں، کئی بچے صرف اس لیے اسکول نہیں جا پاتے کہ ان کے علاقے میں کوئی معیاری اسکول ہی موجود نہیں۔ اکثر مقامی افراد اپنی کشتیوں، روزمرہ مزدوری یا ماہی گیری پر انحصار کرتے ہیں، مگر حکومت کی جانب سے نہ ان کے روزگار کے لیے کوئی پالیسی ہے، نہ سہارا۔ کیا صرف ووٹ لینے کے لیے ان بستیوں کا وجود یاد رکھا جائے گا؟ کیا یہ لوگ پاکستانی شہری نہیں؟ کیا ان کے بچوں کا خواب، ایک بہتر زندگی کا حق، صرف انتخابی منشور میں چند سطروں تک محدود رہے گا؟ پیپلز پارٹی کے لیے یہ لمحہ فکریہ ہے کہ سندھ کے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کے آبائی گاؤں دادو کی یہ خبر پورے سندھ میں شعبہ تعلیم میں عدم شفافیت کی نشاندہی کررہی ہے کہ دادو میں محکمہ تعلیم نے 2021میں ہونے والی جعلی بھرتیوں کے بارے میں تحقیقات شروع کردی ہیں۔ اس خبر میں کہا گیا ہے کہ سندھ کے اعلیٰ افسران پر مشتمل ایک کمیٹی ان جعلی اساتذہ کے بارے میں تحقیقات کر کے 15 دن میں سیکریٹری تعلیم کو رپورٹ پیش کرے گی۔ اگلے ہفتے سندھ کے نئے مالیاتی بجٹ کا اعلان ہوگا۔

ضروری ہے کہ نئے بجٹ میں کراچی کے ساحلی علاقوں کے اسکولوں کی تعمیر، مرمت اور ان اسکولوں میں سائنسی لیب کے قیام کے لیے رقم مختص کی جائے۔ اس طرح ساحلی علاقوں میں اسپتالوں کے قیام اور ایمبولینس سروس کے لیے بھی خاطرخواہ رقم مختص ہونی چاہیے۔ یہ بھی ضروری ہے کہ سندھ کے وزیرِ اعلیٰ اس رقم کو شفاف طریقے سے استعمال کے طریقہ کارکی ذاتی طور پر نگرانی کریں۔ کراچی کی ساحلی بستیاں آج بھی پیپلز پارٹی کو ووٹ دیتی ہیں۔ شاید ایک امید کے سہارے۔ مگر اگر یہ امید بار بار ٹوٹتی رہی، تو یہ خاموش سمندر ایک دن طوفان بھی بن سکتا ہے،کیونکہ جب ریاست اپنے شہریوں کو مسلسل نظر انداز کرتی ہے، تو پھر وہ شہری سوال کرنا سیکھتے ہیں اورکبھی کبھی انقلاب بھی۔

.

ذریعہ: Express News

کلیدی لفظ: پیپلز پارٹی علاقوں میں کراچی کے اسکول کی یہ ہے کہ سندھ کے کے لیے

پڑھیں:

سندھ بھر کے کالجوں میں نئے تعلیمی سال کیلئے داخلوں کا مرحلہ مکمل

کراچی:

سندھ بھر کے سرکاری کالجوں میں تعلیمی سال 26-2025 کے لیے داخلوں کا مرحلہ مکمل ہوگیا اور گزشتہ برس کے مقابلے میں 30 فیصد زیادہ داخلے ہوئے۔

نئے تعلیمی سال کے لیے کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں مجموعی طور پر ایک لاکھ 69 ہزار 923 طلبہ نے مختلف کالجوں میں داخلہ حاصل کیا، جو کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں تقریباً 30 فیصد زیادہ ہے۔

سندھ بھر میں رواں سال گیارہویں جماعت کا سیشن 5 اگست کو شروع کیا جا رہا ہے، اس مرتبہ کمپیوٹر سائنس سب سے مقبول فیکلٹی رہی، پہلی بار داخلے کے لیے طلبہ کو فیکلٹی اور کالج تبدیل کرنے کا موقع بھی دیا گیا، پرنسپلز کو داخلے کی تبدیلی، کلیم اور ٹرانسفر کے اختیارات تفویض کیے گئے ہیں۔

اسی طرح داخلوں کی شفافیت یقینی بنانے کے لیے پہلی بار کٹ آف لسٹ میں پرسنٹیج بھی ظاہر کی گئی ہے تاکہ کسی کے ساتھ ناانصافی نہ ہو۔

کراچی میں سب سے زیادہ 99 ہزار 711 طلبہ نے کالجوں میں داخلہ لیا، رواں سال سب سے زیادہ داخلے کمپیوٹر سائنس کے شعبے میں حاصل کیے گئے جہاں 31 ہزار 692 طلبہ نے اس شعبے کا انتخاب کیا، اس کے بعد پری میڈیکل میں 22 ہزار 846، کامرس میں 21 ہزار 233، پری انجینئرنگ میں 11 ہزار 386، ہیومینیٹیز میں 8 ہزار 876 اور ہوم اکنامکس میں 160 داخلے ہوئے۔

کراچی کے بعد  حیدرآباد میں 26 ہزار 543، میرپورخاص میں 10 ہزار 618، شہید بینظیر آباد میں 10 ہزار 183، لاڑکانہ میں 9 ہزار 889 اور سکھر میں 10 ہزار 979 طلبہ نے داخلے لیے۔

حیدرآباد میں سب سے زیادہ رجحان پری میڈیکل کی طرف رہا جہاں  16 ہزار 767  طلبہ نے داخلہ لیا، دیگر مضامین میں بھی خاطر خواہ دلچسپی دیکھی گئی، دیگر شہروں میں بھی پری میڈیکل اور پری انجینئرنگ فیکلٹیز نمایاں رہیں، مگر کمپیوٹر سائنس کی جانب رجحان میں واضح اضافہ دیکھنے میں آیا۔

ایکسپریس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل کالجز سندھ ڈاکٹر نوید رب صدیقی نے بتایا کہ رواں سال سب سے زیادہ داخلے کمپیوٹر سائنس میں ہوئے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ طلبہ اب روایتی مضامین کے بجائے ٹیکنالوجی سے جڑے شعبوں کو ترجیح دے رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس کا دور ہے، اب طلبہ کی ترجیحات بھی بدل گئی ہیں۔

ڈی جی کالجز نے بتایا کہ اس مرتبہ داخلوں کا عمل طلبہ کی مرضی سے مکمل کیا گیا ہے، کسی پر زبردستی فیکلٹی یا کالج مسلط نہیں کیا گیا، اس پالیسی کو طلبہ اور والدین دونوں نے خوش آئند قرار دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں جبری داخلے اور محدود اختیارات کی شکایات عام تھیں، مگر اب اس عمل کو مکمل شفاف اور آسان بنا دیا گیا ہے، پہلے طلبہ کے داخلے ہم ان کے مارکس کے حساب سے کر دیتے تھے مگر اب ان کو بھی آپشن دیا گیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ داخلے کے عمل کو سہل بنانے کے لیے اس سال پہلی بار سہولت مراکز، ہیلپ ڈیسک اور تکنیکی معاونت کے مراکز قائم کیے گئے جن کی تعداد 30 ہے، ان مراکز میں تربیت یافتہ اسٹاف تعینات کیا گیا ہے تاکہ طلبہ کے مسائل فوری حل کیے جا سکیں۔

ڈاکٹر نوید رب صدیقی نے کہا کہ ضلع ملیر کے 6، ضلع وسطی اور شرقی میں 5، ضلع کورنگی میں 6، ضلع جنوبی اور کیماڑی میں 4، 4 کالجز میں یہ مراکز قائم کیے گئے ہیں اور رواں سال پہلی بار کالج کے پرنسپلز کو داخلے کی تبدیلی، کلیم اور منسوخی کے اختیارات دے دیے گئے ہیں۔

اس سے قبل طلبہ کو معمولی امور کے لیے ڈی جی کالجز کے دفتر کے چکر لگانے پڑتے تھے، مگر اب یہ تمام سہولتیں ان کے اپنے کالج میں ہی دستیاب ہوں گی، جس سے نہ صرف وقت بچے گا بلکہ سفری اخراجات میں بھی کمی آئے گی۔

ڈی جی نوید رب صدیقی نے مزید کہا کہ اس بار ہم نے ہر داخلہ مکمل چھان بین کے بعد منظور کیا ہے،کسی بھی بے ضابطگی سے بچنے کے لیے کٹ آف لسٹ میں پہلی بار مارکس کے ساتھ پرسنٹیج بھی ظاہر کی گئی ہے تاکہ داخلوں کا عمل شفاف ہو۔

انہوں نے کہا کہ لڑکوں کے کالجوں میں آدم جی بوائز کالج سب سے آگے رہا جبکہ طالبات میں بام پی ای سی ایچ ایس کالج نمایاں رہا، طلبہ کے نمبرز کسی کالج کی مطلوبہ میرٹ پر پورے نہیں آ رہے تھے تو طلبہ نے اپنی پسند کا کالج اور فیکلٹی تبدیل کیا ہے۔

ایڈیشنل ڈائریکٹر انسپیکشن کالجز کامران شیخ کے مطابق کراچی کے 156 سرکاری کالجز میں اس سال تقریباً ایک لاکھ طلبہ کو داخلے دیے گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بارھویں جماعت کا نیا تعلیمی سیشن یکم اگست کو جبکہ گیارہویں جماعت کی کلاسز 5 اگست کو شروع ہوں گی، ماضی میں کلاسز کئی ہفتوں تاخیر سے شروع ہوتی تھیں مگر اس بار تمام تر انتظامات وقت پر مکمل کر لیے گئے ہیں۔

متعلقہ مضامین

  • کراچی: سی ویو پر خطرناک ڈرفٹنگ کرنے والا شخص گرفتار، گاڑی ضبط
  • کے الیکٹرک نے سندھ حکومت کے واجبات کی ادائیگی شروع کر دی، سوا اب روپے جمع کرا دیئے
  • کراچی سے بوسٹن تک: عالمی صحت عامہ میں قیادت کا سفر ، ڈاکٹر عدنان حیدر کی نئی کامیابی
  • مراد علی شاہ کی کے فور اور بی آر ٹی کے کام کو ستمبر میں شروع کرنیکی ہدایت
  • دریائے چناب اور سندھ میں نچلے درجے کا سیلاب
  • سندھ بھر کے کالجوں میں نئے تعلیمی سال کیلئے داخلوں کا مرحلہ مکمل
  • کراچی میں بے رحم ڈکیتوں نے اسکول طالبہ کے سامنے والد کو لوٹ لیا، ویڈیو وائرل
  • بھارتی اقدام نے عالمی سطح پر خطرے کی گھنٹی بجا دی، عالمی آبی معاہدے خطرے میں
  • بنگلہ دیش طیارہ حادثہ: ہلاکتوں کی تعداد 27 ہو گئی ، آج ملک گیر سوگ
  • کراچی: مسلح ملزمان نے اسکول طالبہ کے سامنے والد کو لوٹ لیا، واردات کی ویڈیو سامنے آگئی