عوامی مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیح ہے، عمر عبداللہ
اشاعت کی تاریخ: 14th, June 2025 GMT
وزیراعلیٰ نے وفود کو یقین دہانی کرائی کہ حکومت تمام جائز عوامی مطالبات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریگی اور ہر ممکن کوشش کی جائیگی کہ لوگوں کو سہولیات میسر ہوں۔ اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر کے وزیراعلٰی اور نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ حکومت ریاست کے عوام کو درپیش مسائل و مشکلات سے بخوبی واقف ہے اور ان کے ازالے کے لئے تمام تر حکومتی مشینری متحرک ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ عوامی فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ عمر عبداللہ نیشنل کانفرنس ہیڈکوارٹر پر پارٹی لیڈران، عہدیداران اور کارکنان کے ساتھ ایک تفصیلی اجلاس میں تبادلہ خیال کر رہے تھے۔ اس موقع پر ملاقات کرنے والے وفود نے وزیر اعلیٰ کو مختلف علاقوں میں عوام کو درپیش بنیادی مسائل، ترقیاتی امور اور دیگر مشکلات سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے وفود کو یقین دہانی کرائی کہ حکومت تمام جائز عوامی مطالبات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی اور ہر ممکن کوشش کی جائے گی کہ لوگوں کو سہولیات میسر ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں آپ کے مسائل کا مکمل ادراک ہے اور ان کا حل ہماری اولین ترجیح ہے۔
عمر عبداللہ نے اس موقع پر تنظیمی معاملات اور پارٹی پروگراموں کے حوالے سے بھی مکمل تفصیلات حاصل کیں اور کارکنوں پر زور دیا کہ وہ نیشنل کانفرنس کی مضبوطی کے لئے مزید فعال کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس جموں و کشمیر اور لداخ کے عوام کی ترجمان جماعت ہے اور ہمیشہ عوام کو ہی طاقت کا سرچشمہ مانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں عوامی مسائل کو اجاگر کرنے میں ہر وقت پیش پیش رہنا چاہیئے۔ جموں و کشمیر کے وزیراعلٰی نے پارٹی کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ زمینی سطح پر عوام سے قریبی روابط قائم رکھیں اور ترقیاتی عمل کو مؤثر طریقے سے آگے بڑھانے میں حکومت کا ہاتھ بٹائیں۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: نیشنل کانفرنس عمر عبداللہ انہوں نے نے کہا
پڑھیں:
اسلامی ملکوں کے حکمران وسائل کا رخ عوام کی جانب موڑیں: حافظ نعیم
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے اسلامی ممالک کے حکمرانوں پر زور دیا ہے کہ وہ غزہ میں اسرائیلی جارحیت روکنے کے لیے عملی اقدامات اٹھائیں۔ ملائیشین اسلامی پارٹی ’’پاس‘‘ کی خصوصی دعوت پر 71 ویں سالانہ مرکزی موتمر کانفرنس میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے اتحاد امت کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پاکستان نے کہا کہ اسلامی ممالک کے درمیان معاشی و تجارتی تعاون کے فروغ اور نوجوانوں کے وفود کے تبادلے کی ضرورت ہے۔ تعلیم اور ٹیکنالوجی کے میدان میں ترقی کیے بغیر امت اپنا کھویا ہوا عظیم ماضی واپس حاصل نہیں کر سکتی۔ امریکا اور دیگر استعماری طاقتیں اسلامی ممالک کے وسائل پر قابض ہیں، ان قوتوں سے چھٹکارا حاصل کرنا ہو گا۔ اسلامی ممالک کے حکمران وسائل کا رخ اپنے عوام کی جانب موڑیں۔ جنوبی ایشیا سمیت دنیا بھر کی مختلف اسلامی تحریکوں کے قائدین، علماء کرام اور پالیسی سازوں کی ایک بڑی تعداد ملائیشیا کی ریاست قدح کے دارالحکومت الورسیتار میں منعقد ہونے والی کانفرنس میں مدعو تھیں۔ مسلم امہ انٹرنیشنل فورم 2025ء (MUNIF) کے عنوان کے تحت ہونے والی کانفرنس سے نائب امیر جماعت اسلامی بنگلہ دیش پروفیسر مجیب الرحمن اور دیگر کئی رہنماؤں و دانشوروں نے بھی خطاب کیا۔ نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر عطاء الرحمن بھی اس کانفرنس میں امیر جماعت کیساتھ ہیں۔ دریں اثناء امیر جماعت اسلامی پاکستان نے ملائیشین اسلامک پارٹی جسے پین ملائیشین اسلامک پارٹی (PAS) بھی کہا جاتا ہے کے قائد عبدالہادی اواغ سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے مسئلہ فلسطین، جنوبی ایشیائی اور جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کے مسائل پر گفتگو کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ حافظ نعیم الرحمن نے صدر اسلامک سرکل آف ملائیشیا (ICM) ڈاکٹر حیات خان، صدرICM قدح ریاست روجھان سید سمیت دیگر قائدین سے بھی ملاقاتیں کیں اور فلسطین سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کیا۔