پاکستان اور یو اے ای کے درمیان گورننس اور ادارہ جاتی ترقی میں تعاون کا نیا سنگِ میل
اشاعت کی تاریخ: 16th, June 2025 GMT
تصویر سوشل میڈیا۔
پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان گورننس اور ادارہ جاتی ترقی میں تعاون کا نیا سنگِ میل طے ہوا ہے۔
اسلام آباد سے وزارت منصوبہ بندی کے اعلامیہ کے مطابق پاکستان یو اے ای کے درمیان مفاہمتی معاہدے پر دستخط ہوئے ہیں۔ معاہدہ حکومتی ترقی اور ادارہ جاتی تجربات کے تبادلے سے متعلق ہے۔
اعلامیہ کے مطابق معاہدے کے تحت انسانی وسائل، شہری سہولیات اور سائنس و ٹیکنالوجی میں دو طرفہ تعاون ہوگا، یو اے ای کے وفد کی قیادت نائب وزیر برائے مسابقتی امور عبداللہ ناصر لوطہ نے کی۔
اعلامیہ کے مطابق معاہدے کے بعد یو اے ای کے وفد کی وفاقی وزیر احسن اقبال سے ملاقات ہوئی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا معاہدہ گورننس کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ اور اداروں کو مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کا غماز ہے، معاہدے کا مقصد زیادہ جوابدہ، مؤثر اور جدید سوچ کے حامل سرکاری نظام کی تعمیر ہے۔
انھوں نے کہا ابوظبی اکاؤنٹیبلٹی اتھارٹی کا ماڈل مؤثر اور جدید احتسابی نظام کی بہترین مثال ہے، پاکستان کے ادارے بھی ایسے نظام سے استفادہ کر سکتے ہیں۔
وفاقی وزیر احسن اقبال نے مزید کہا کہ حکومت سول سروس اصلاحات کے ایک مربوط خاکے کو حتمی شکل دے رہی ہے، اس کا مقصد ایک ایسا نظام تشکیل دینا ہے جو عوامی خدمت، کارکردگی اور جوابدہی پر مبنی ہو۔
اعلامیہ کے مطابق وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی بھی اجلاس میں شریک تھے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان گورننس میں جدیدیت کی طرف گامزن ہے، معاہدے سے متحدہ عرب امارات کے ساتھ اشتراک کے عمل کو مزید تقویت ملے گی۔
.ذریعہ: Jang News
کلیدی لفظ: اعلامیہ کے مطابق یو اے ای کے
پڑھیں:
وزیراعظم کا پاکستان اور کرغزستان کے درمیان تعاون میں پیشرفت پر اظہار اطمینان
اسلام آباد:وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور کرغزستان کے درمیان تعاون میں پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے کابینہ کے ڈپٹی چیئرمین عزت مآب عادل بیسالوف کی قیادت میں کرغزستان کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے آج اسلام آباد میں ملاقات کی۔
وفد پاکستان کرغزستان مشترکہ بین الحکومتی کمیشن (IGC) کے پانچویں اجلاس میں شرکت کے لیے پاکستان کا دورہ کر رہا ہے، جس کا مقصد متعدد شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانا ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے وفد کا خیر مقدم کیا اور آئی جی سی کے پانچویں اجلاس کے کامیاب انعقاد پر اطمینان کا اظہار کیا۔
انہوں نے پاکستان اور کرغزستان کے درمیان پروٹوکول اور مفاہمت کی متعدد یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط کو سراہا اور انہیں تجارت، توانائی، تعاون، روابط اور عوامی تبادلوں کے فروغ کی جانب اہم قدم قرار دیا۔
وزیر اعظم نے آئی جی سی کے دوران کیے گئے فیصلوں پر عمل درآمد کے لیے پاکستان کے مضبوط عزم کا اعادہ کیا اور معاہدوں کو ٹھوس نتائج میں تبدیل کرنے کے لیے انکی مؤثر و بروقت پیروری کی اہمیت پر زور دیا۔
عزت مآب عادل بیسالوف نے دونوں ممالک کے مابین قریبی دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے لیے حکومت پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ آئی جی سی کے نتائج گہرے اور مزید نتیجہ خیز تعاون کا باعث بنیں گے۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور کرغزستان کی عوام کے باہمی فائدے کے لیے مل کر کام کرنے اور دونوں ممالک کے مابین مضبوط تعلقات کے لیے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔