39 اراکین کی حد تک پی ٹی آئی کو نشستیں دینے کے فیصلے پر عملدرآمد کی استدعا مسترد
اشاعت کی تاریخ: 17th, June 2025 GMT
اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان کے آئینی بنچ نے 39 اراکین اسمبلی کی حد تک پی ٹی آئی کو نشستیں دینے کے فیصلے پر عمل درآمد کرانے کی استدعا مسترد کردی۔
دوران سماعت جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس دیئے کہ الیکشن کمیشن نے کیا 39 اراکین کو پی ٹی آئی کا ڈکلیئر کردیا ہے، وکیل فیصل صدیقی نے مؤقف اپنایا کہ ہمیں 39 اراکین کی حد تک تناسب طے کرکے نشستیں نہیں دی گئیں۔
ڈی جی لاء الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ مجموعی نشستوں پر فارمولا طے کرکے نشستیں دیں گے، جسٹس حسن اظہر رضوی نے استفسار کیا کہ کیا اوروں کو دے دی ہیں؟ ڈی جی لاء الیکشن کمیشن نے جواب دیا کہ ابھی کسی کو نہیں دیں۔
جسٹس جمال خان مندوخیل نے کہا کہ 80 نشستوں کے تناسب سے تو 22 یا 23 مخصوص نشستیں بنتی ہیں۔
جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس دیئے کہ جب 39 اراکین کو پی ٹی آئی کا ڈکلیئر کردیا گیا تو ان کے تناسب سے مخصوص نشستیں کیوں نہیں دیں؟
وکیل الیکشن کمیشن نے مؤقف اپنایا کہ پارلیمنٹ نے قانون بنایا جس میں کہا گیا کاغذات نامزدگی میں سیاسی وابستگی ظاہر کردی جائے تو تبدیلی نہیں ہو سکتی، قانون کا اطلاق ماضی سے کیا گیا، ہم نے اس معاملے پر ایک نظرثانی بھی دائر کر رکھی ہے، جو زیر التوا ہے۔
فیصل صدیقی نے استدلال کیا کہ اگر عدالتی فیصلے پر عمل درآمد نہیں ہوتا تو مجھے سپریم کورٹ کے مستقبل کی فکر ہے۔
بعدازاں سپریم کورٹ آف پاکستان کے آئینی بنچ نے 39 اراکین اسمبلی کی حد تک پی ٹی آئی کو نشستیں دینے کے فیصلے پر عمل درآمد کرانے کی استدعا مسترد کردی۔
Post Views: 4.ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: الیکشن کمیشن نے کی حد تک
پڑھیں:
پی ٹی آئی کے نااہل اراکین اور میاں اظہر کی نشستوں پر ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری
الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے تحریک انصاف کے اراکین کی نااہلی کے بعد خالی ہونے والی نشستوں پر ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری کردیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن این اے 66 وزیر آباد، پی پی 87 میانوالی اور سینیٹر اعجاز چوہدری کی نااہلی کے بعد خالی ہونے والی نشستوں پر ضمنی الیکشن کا شیڈول جاری کیا ہے۔
اس کے علاوہ حماد اظہر کے والد میاں اظہر کے انتقال کے بعد خالی ہونے والی قومی اسمبلی کی نشست این اے 129 لاہور میں ضمنی انتخاب کا شیڈیول بھی جاری کیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق تینوں حلقوں میں پولنگ 18 ستمبر کو ہوگی۔ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ این اے 66 اور پی پی 87 ایم این اے محمد احمد چٹھا اور ایم پی اے احمد خان بچھر کی نااہلی پر خالی ہوئیں۔
اس کے علاوہ قومی اسمبلی کی نشست این اے 129 لاہور کی نشست میاں اظہر کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔
شیڈول کے مطابق امیدوار کاغذات نامزدگی چار سے چھ اگست تک جمع کراسکیں گے جس پر 11 اگست تک جانچ پڑتال کی جائے گی اور پھر 26 اگست کو نشانات الاٹ کیے جائیں گے۔
الیکشن کمیشن نے سینیٹر اعجاز چوہدری کی نااہلی سے خالی سینیٹ کی نشست پر ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری کردیا۔
جس کے مطابق پنجاب سے سینیٹ کی نشست پر ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ21 اگست کو ہو گی۔ جبکہ کاغذات نامزدگی یکم سے دو اگست تک جمع کروائے جا سکیں گے اور ان کی جانچ پڑتال 5 اگست کو ہوگی۔
اس کے بعد امیدوار کاغذات نامزدگی 13 اگست تک واپس لیے جا سکیں گے، سینیٹ کی نشست پر پولنگ 21 اگست کو صبح نو بجے سے شام چار بجے تک پنجاب اسمبلی کی عمارت میں ہوگی۔