لاہور؛ درجنوں وارداتوں میں ملوث ملزم گرفتار، ایک کروڑ سے زائد مالیت کی ریکوری
اشاعت کی تاریخ: 24th, June 2025 GMT
لاہور:
سی سی ڈی چوہنگ نے نقب زنی میں مطلوب گینگ کے متحرک ممبر کو گرفتار کرکے 1کروڑ 10لاکھ 40 ہزار روپے سے زائد مالیت کی ریکوری کر لی۔
کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ چوہنگ کے مطابق گرفتار ملزم نے دوران انٹروگیشن کروڑوں روپوں کی واردات کا انکشاف کیا۔
ملزم سے واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی، ملکی و غیر ملکی کرنسی برآمد کی گئی۔ اس کے علاوہ سونے کا پانچ تولہ وزنی بسکٹ بھی برآمد ہوا۔
گرفتار ملزم نے ابتدائی تحقیقات میں درجنوں وارداتوں کا انکشاف کیا ہے۔ ملزم اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں واردات کر کے فرار ہو جاتے تھے۔
ترجمان کے مطابق جرائم پیشہ افراد کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی، سی سی ڈی کی کامیاب کارروائیوں سے پنجاب بھر میں جرائم کی شرح میں نمایاں کمی آئی ہے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
لاہور میں طالبہ کو ہراساں کرنے والا رکشہ ڈرائیور گرفتار
لاہور:ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن نے طالبہ کو ہراساں کرنے والے رکشہ ڈرائیور کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان سیف سٹی کے مطابق تھانہ ڈیفنس بی کے علاقے سے طالبہ کے ساتھ ہراسگی کی شکایت ہیلپ لائن 15 پر موصول ہوئی تھی جس پر فوری پولیس ٹیم کو موقع پر روانہ کیا گیا۔
متاثرہ بچی کے والد کے مطابق رکشہ ڈرائیور کالج آتے جاتے بیٹی کو ہراساں کرتا تھا، سیف سٹی کی خاتون افسر نے متاثرہ طالبہ سے رابطہ کرکے مکمل تحفظ کی یقین دہانی کروائی۔
پولیس نے موقع پر پہنچ کر ملزم کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا، ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ ملزم پہلے بھی ایسی حرکات میں ملوث رہا ہے۔
ترجمان سیف سٹی کا کہنا ہے کہ خواتین کسی بھی ہراسانی یا ناخوشگوار صورتحال میں فوری طور پر 15 ہیلپ لائن یا ویمن سیفٹی ایپ کے ذریعے رابطہ کریں۔