آئندہ برس حج کے خواہشمندوں کیلیے حکومت کا بڑا اعلان، آخری تاریخ مقرر
اشاعت کی تاریخ: 27th, June 2025 GMT
اسلام آباد:
وزارت مذہبی امور نے حج 2026 کے لیے عازمین کی لازمی رجسٹریشن کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے، جو آج سے ملک بھر میں شروع ہو چکی ہے اور 9 جولائی 2025 تک جاری رہے گی۔
وزارت کے مطابق حج رجسٹریشن کے لیے کسی قسم کی فیس ادا نہیں کرنا ہو گی اور یہ عمل مکمل طور پر مفت ہے۔
ترجمان کے مطابق آئندہ سال حج پر جانے کے خواہشمند افراد کے لیے قبل از وقت رجسٹریشن کرانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ خواہ وہ سرکاری حج اسکیم کا انتخاب کریں یا نجی اسکیم کا، تمام عازمین کے لیے ابتدائی رجسٹریشن لازمی ہے۔ حتیٰ کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو بھی اپنی شرکت یقینی بنانے کے لیے رجسٹریشن کرانا ہوگی۔
وزارت کا کہنا ہے کہ صرف وہی افراد حج 2026 کے لیے اہل تصور کیے جائیں گے جنہوں نے بروقت رجسٹریشن کروا لی ہو۔ رجسٹریشن ملک بھر میں موجود 15 منظور شدہ بینکوں کے ذریعے کی جا سکتی ہے، جہاں خواہشمند افراد اپنا اندراج مکمل کر کے بعد میں سرکاری یا نجی اسکیم کا انتخاب کر سکیں گے۔
اس بار وزارت نے واضح کیا ہے کہ رواں سال نجی حج اسکیم سے رہ جانے والے عازمین کے لیے بھی از سرِ نو رجسٹریشن کرانا لازم ہوگا۔
رجسٹریشن کا یہ عمل حکومتِ سعودی عرب کی ہدایت پر شروع کیا گیا ہے تاکہ ابتدائی اعداد و شمار کی بنیاد پر سعودی حکام کو حج کوٹہ سے متعلق آگاہ کیا جا سکے اور حتمی پالیسی اسی ڈیٹا کی بنیاد پر مرتب کی جا سکے۔
وزارت مذہبی امور نے یہ بھی بتایا کہ حج 2026 کے مکمل اخراجات، سہولیات اور شرائط و ضوابط بعد میں علیحدہ سے حج پالیسی کی صورت میں جاری کیے جائیں گے۔
عوام کو تاکید کی گئی ہے کہ اگر وہ آئندہ سال حج کی سعادت حاصل کرنے کے خواہشمند ہیں تو فوری طور پر رجسٹریشن مکمل کر لیں تاکہ کسی ممکنہ پریشانی سے بچا جا سکے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: کے لیے
پڑھیں:
سندھ کے 14 اضلاع کی 28 نشستوں پر ضمنی بلدیاتی انتخابات، تیاریاں مکمل، چھٹی کا اعلان
کراچی:سندھ کے 14 اضلاع کی 28 نشستوں پر ضمنی بلدیاتی انتخابات کل (24 ستمبر) ہوں گے، جس کے لیے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں اور مذکورہ اضلاع میں تعطیل کا بھی اعلان کردیا گیا ہے۔
سندھ میں ضمنی بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل صبح 8 سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گا اور اس دوران دو ممبر ڈسٹرکٹ کونسل، 6 چیئرمین، 7 وائس چیئرمین اور 13 جنرل ممبرز اور وارڈ ممبرز کا انتخاب ہوگا۔
صوبائی حکومت نے جن حلقوں میں انتخابات ہورہے وہاں کے اضلاع میں تعطیل کا بھی اعلان کیا ہے۔
کشمور کندھ کوٹ، قمبر شہداد کوٹ، گھوٹکی، سکھر، خیرپور، شہید بینظیر آباد، میرپورخاص، عمر کوٹ، تھرپارکر، مٹیاری، دادو، جامشورو، حیدرآباد، بدین اور ٹھٹہ میں 23 بلدیاتی نشستوں اور کراچی ڈویژن کے 3 اضلاع میں 5 بلدیاتی نشستوں پر ضمنی انتخابات ہوں گے۔
کراچی میں ضلع شرقی، غربی اور کیماڑی میں ایک چیئرمین، 3 وائس چیئرمین اور ایک جنرل ممبر کا انتخاب ہوگا۔
ضمنی انتخابات میں مجموعی طور پر دو ممبر ڈسٹرکٹ کونسل، 6 چیئرمین7 وائس چیئرمین اور 13 جنرل اور وارڈ ممبر کے لیے پولنگ ہوگی۔
کراچی ڈویژن کے 3 اضلاع کی 5 بلدیاتی نشستوں میں ضلع شرقی میں ٹی ایم سی سہراب گوٹھ کی یوسی 8 میں وائس چیئرمین، ضلع غربی ٹی ایم سی منگھو پیر یو سی 10 کے وائس چیئرمین، ضلع کیماڑی ٹی ایم سی بلدیہ کی یو سی 8 کے وائس چیئرمین جبکہ ٹی ایم سی اورنگی کی یو سی نمبر ایک کے چیئرمین اور یو سی 7 کے جنرل ممبر کی نشست پر انتخاب ہوگا۔
سندھ کے 14 اضلاع میں ضمنی انتخابی حلقوں میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 43 ہزار187 ہے، جن میں ایک لاکھ 33 ہزار 38 مرد اور ایک لاکھ 10 ہزار 154 خواتین شامل ہیں۔
بلدیاتی ضمنی انتخابات کے لیے مجموعی طور پر 168 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، جن میں سے 128 انتہائی حساس، 34 حساس اور 6 کو نارمل قرار دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ سندھ میں 67 بلدیاتی نشستوں پر انتخابات شیڈول تھےتاہم ان میں سے 33 بلدیاتی نشستوں پر امیدوار بلامقابلہ کامیاب ہوگئے، دو نشستوں پر کسی امیدوار نےکاغذات جمع نہیں کرائے جبکہ 3 نشستوں کے لیےجمع ہونے والےکاغذات نامزدگی مسترد قرار دیے گے تھے اور ایک امیدوار ریٹائر ہوگیا۔