data-id="863a0a8" data-element_type="widget" data-widget_type="theme-post-content.default">

اسلام آباد:کراچی کے شہریوں کے لیے بجلی کے نرخ کم کرنے کی ایک ممکنہ خوشخبری اس وقت مزید تاخیر کا شکار ہوگئی جب پاور ڈویژن نے ایک بار پھر نیپرا سے کے الیکٹرک کی سستی بجلی کی درخواست پر سماعت مؤخر کرنے کی اپیل کر دی۔

ملک میں مہنگائی کی لہر کے تناظر میں عوام کو ریلیف دینے کے بجائے معاملہ ایک بار پھر بیوروکریسی کی فائلوں میں الجھتا نظر آ رہا ہے۔

معاملہ اُس وقت سامنے آیا جب کے الیکٹرک نے نیپرا سے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز (FCA) کی بنیاد پر بجلی 4 روپے 69 پیسے فی یونٹ سستی کرنے کی درخواست کی۔ یہ درخواست معمول کی پریکٹس کے تحت فیول قیمتوں میں کمی کے بعد صارفین کو فائدہ پہنچانے کے لیے دی گئی تھی۔ نیپرا میں اس درخواست پر سماعت طے شدہ تھی، تاہم پاور ڈویژن نے ایک بار پھر مداخلت کرتے ہوئے مؤخر کرنے کی اپیل کر دی۔

پاور ڈویژن کے مؤقف کے مطابق حکومت اس وقت فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کو ’یونیفارم ٹیرف‘ کے نظام میں شامل کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے اور اس ضمن میں معاملہ کابینہ کے اجلاس میں لے جایا جا رہا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں وفاق کے مالی وسائل محدود ہیں اور سبسڈی دینے کی گنجائش ختم ہوتی جا رہی ہے۔ چنانچہ اگر کے الیکٹرک کی درخواست منظور کر لی گئی تو اس کا منفی اثر وفاق پر پڑے گا۔

اس پر نیپرا کی قانونی ٹیم نے کھل کر پاور ڈویژن کے مؤقف کی مخالفت کی۔ ٹیم کے مطابق ایف سی اے (Fuel Charges Adjustment) کے قواعد و ضوابط قانون کے مطابق واضح اور خودمختار ہیں اور وفاقی حکومت محض اپنی پالیسی کی بنیاد پر نیپرا کے قانونی دائرہ اختیار میں مداخلت نہیں کر سکتی۔ نیپرا کے وکلا نے واضح کیا کہ بنیادی ٹیرف اور ایف سی اے کے الگ الگ قانونی دائرہ کار ہیں جنہیں خلط ملط نہیں کیا جا سکتا۔

کے الیکٹرک کے سی ای او مونس علوی نے نیپرا سے اپیل کی کہ معاملے کو محض حکومتی دباؤ کے بجائے قانون اور ضابطے کی روشنی میں دیکھا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر یہی درخواست 4 روپے 69 پیسے مہنگی کرنے کی ہوتی تو کیا پاور ڈویژن تاخیر کی اپیل کرتا؟ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ہماری درخواست بالکل واضح اور قانونی دائرہ میں ہے، اور صارفین کو ریلیف ملنا چاہیے۔

مونس علوی کا کہنا تھا کہ نیپرا کا فرض ہے کہ وہ صارفین کے مفاد میں فیصلے کرے، چاہے وہ قیمتوں میں کمی ہو یا اضافہ اور کسی سیاسی یا حکومتی دباؤ کو خاطر میں نہ لایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کے الیکٹرک شفافیت پر یقین رکھتا ہے اور عوام کو ہر ممکن ریلیف دینے کا خواہاں ہے، بشرطیکہ قانونی طور پر اجازت ہو۔

نیپرا حکام نے اس موقع پر تمام فریقین کی رائے سننے کے بعد بتایا کہ حتمی فیصلہ مشاورت کے بعد قانون کے دائرہ میں رہ کر کیا جائے گا۔ انہوں نے دوٹوک انداز میں واضح کیا کہ وزارت یا کسی اور اسٹیک ہولڈر کی رائے محض ایک پہلو ہے، فیصلہ صرف قانون کے مطابق کیا جائے گا۔

.

ذریعہ: Jasarat News

کلیدی لفظ: کے الیکٹرک پاور ڈویژن کی درخواست کے مطابق کرنے کی

پڑھیں:

ملکی قرضوں میں 41 فیصد اضافہ، جلد بجلی سستی ہو گی، شرح سود میں مزید کمی متوقع: وزیر خزانہ

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی +آئی  این  پی) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ملکی قرضوں میں 41  فیصد بڑا اضافہ ہوا ہے، تاہم ادائیگیوں کے ساتھ یہ صورتحال بہتر ہو جائے گی۔ جلد شرح سود میں مزید کمی متوقع ہے۔ بجلی بھی سستی کی جائے گی۔ جبکہ آئی ایم ایف کا وفد اگلے ماہ کے آخر میں  پاکستان آئے گا۔ وفاقی وزیر خزانہ نے ان خیالات کا اظہار اسلام آباد چیمبر آف کامرس میں تقریب سے خطاب اور  میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب  نے کہا گزشتہ ڈیڑھ سال میں معیشت مستحکم ہوئی ہے۔ تمام معاشی اعشاریے مثبت رجحان ظاہر کر رہے ہیں۔ پالیسی ریٹ (شرح سود) میں نمایاں کمی لائی گئی ہے، جس میں مزید کمی متوقع ہے۔ رواں مالی سال میں معیشت کی بہتری کیلئے مزید اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سٹاک ایکسچینج تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ سٹاک مارکیٹ میں بہتری سرمایہ کاروں کے اعتماد کا مظہر ہے۔ 400  سے زائد محکموں میں رائٹ سائزنگ کا عمل جاری ہے۔ محمد اورنگزیب نے کہا کہ قومی معیشت میں تاجروں کا اہم کردار ہے۔ سرکاری اداروں کی نجکاری اس سال تیزی سے آگے بڑھے گی۔ اویس لغاری اور ان کی ٹیم نے توانائی کے شعبے میں بہتری کیلئے نمایاں کام کیا۔ 78 سال میں پہلی بار ٹیرف اصلاحات کا آغاز ہوا ہے۔ بجلی کے نرخوں میں کمی کیلئے ٹاسک فورس کام کر رہی ہے، جلد بجلی سستی ہوگی۔ ٹیکس نیٹ کو بڑھانے کے سوا ہمارے پاس کوئی راستہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن کا عمل جاری ہے۔ ہماری درست سمت سے کاروباری اعتماد بڑھ رہا ہے۔ عالمی مالیاتی اداروں نے ہماری اقتصادی اصلاحات کو سراہا ہے۔ عالمی ریٹنگ ایجنسی فچ نے ہماری ریٹنگ اپ گریڈ کی ہے۔ امریکہ سے ٹیرف مذاکرات کے بعد پاکستان کے ایکسپورٹ کے مواقع بڑھے ہیں۔ ایک تیسری عالمی ریٹنگ ایجنسی بھی پاکستان کی معاشی کامیابیوں کا اعلان کرے گی۔ ریاستی ملکی اداروں کی نجکاری کا عمل تیزی سے جاری رہے گا جبکہ حکومتی اخراجات میں کمی کے لیے بھی اقدامات کر رہے ہیں۔ اگلے اقتصادی جائزے کیلئے ہماری تیاری مکمل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگلے اقتصادی جائزے کی تکمیل سے ایک ارب ڈالر کی تیسری قسط ملنے کا امکان ہے۔ آئی ایم ایف سے معاہدوں کا ہدف معاشی ترقی ہے۔ اس سال کے آخر میں پانڈا بانڈ جاری کر رہے ہیں۔ چین سے بھی ہم معاہدے کر رہے ہیں۔

متعلقہ مضامین

  • صنعتی اور سپیشل اکنامک زونز کیلئے ایک پوانیٹ پر بجلی فراہمی میں بڑی پیش رفت
  • کراچی؛ غیر قانونی قرار دیکر سیل کی گئی قیام پاکستان سے قبل کی دکانیں  ڈی سیل کرنے کا حکم
  • ملکی قرضوں میں 41 فیصد اضافہ، جلد بجلی سستی ہو گی، شرح سود میں مزید کمی متوقع: وزیر خزانہ
  • بجلی کے نرخوں میں کمی کے لیے ٹاسک فورس کام کر رہی ہے، جلد بجلی سستی ہو گی،وزیرخزانہ
  • ملکی قرضوں میں 41 فیصد اضافہ، جلد شرح سود میں کمی، بجلی سستی ہوگی: وزیر خزانہ
  • جلد بجلی سستی ہو گی: وزیر خزانہ
  • بجلی جلد سستی ہوگی، وزیر خزانہ نے خوشخبری سنا دی
  • سندھ حکومت کا کراچی میں سستی بجلی دینے کا منصوبہ
  • سندھ حکومت کا کراچی والوں کو سستی بجلی کی فراہمی سے متعلق بڑا اعلان
  • حکومت سندھ کا کراچی کے شہریوں کو سستی بجلی کی فراہمی سے متعلق بڑا اعلان