گنڈا پور کی حکومت گرانے کا ارادہ نہیں، اختیار ولی خان
اشاعت کی تاریخ: 3rd, July 2025 GMT
اسلام آباد:
مسلم لیگ (ن) کے رہنما اختیار ولی خان کا کہنا ہے کہ ہمارا علی امین گنڈاپور کی حکومت کو گرانے کا بالکل بھی کوئی ارادہ نہیں ہے، خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی تین حصوں میں تقسیم ہے، ایک دھڑا صرف علی امین کو مانتا ہے، دوسرا دھڑا عمران خان کے ساتھ کمٹڈ ہے جبکہ تیسرا دھڑا عمران خان اور علی امین کی پالیسیوں سے تنگ ہے۔
ایکسپریس نیوز کے پروگرام کل تک میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قانون یہ کہتا ہے کہ الیکشن ایکٹ 2017,2016 کے تحت ریزرو سیٹیں پولیٹیکل پارٹیز کی ملکیت ہوتی ہیں، اگر آپ نے اپلائی نہیں کیا تو آپ کی اہلیت ہی نہیں، یہ سیٹیں اگر ہمیں نہ ملتیں تو کسی اور پارٹی کو ملتیں۔
تحریک انصاف کے رہنما نیاز اللہ نیازی نے کہا کہ 8 فروری کو لوگوں نے ہم کو حکومت دی تھی،آپ عوام کے نمائندے نہیں، یہ نہیں ہوسکتا کہ مخصوص نشتیں اٹھا کر کسی کو مال غنیمت کے طور پر دے دی جائیں، آئین کے آرٹیکل 51 میں یہ نہیں لکھا، آپ آئین کو ری رائٹ نہیں کر سکتے۔
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما حافظ حمد اللہ نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کے پاس پی ٹی آئی وفد آیا اور درخواست کی کہ خیبر پختونخوا کی تحریک عدم اعتمادکا حصہ نہ بنیں، مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ کے پی حکومت گرانے میں دلچسپی نہیں، میں اسمبلی و پورے سسٹم کو جعلی اور دھاندلی زدہ سمجھتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی کچھ شخصیات اور وفاقی وزرا خیبر پختونخوا حکومت کی تبدیلی اور اپنے لاڈلے کو چیف منسٹر بنانا چاہتے ہیں، دوسرا پی ٹی آئی کے اندر کچھ لوگ علی امین گنڈاپورکو تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
بزدلانہ اقدام سے حکومت اور عوام کے حوصلے پست نہیں ہوں گے، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی باجوڑ دھماکے کی مذمّت
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جولائی2025ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپورنے باجوڑ دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی۔ یہاں جاری بیان کے مطابق وزیر اعلیٰ نے دھماکے میں اسسٹنٹ کمشنر اور تحصلیدار سمیت 4 افراد کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ۔وزیر اعلیٰ نے شہدا کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اورشہدا کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔(جاری ہے)
وزیر اعلیٰ نے دھماکے میں زخمی ہونے والوں کو بروقت طبی امداد کی فراہمی کے لئے باجوڑ کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔وزیر اعلی نے کہا کہ سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں، عوام کی خدمت اور حفاظت پر مامور اہلکاروں کو نشانہ بنانا انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کے بزدلانہ اقدام سے حکومت اور عوام کے حوصلے پست نہیں ہونگے۔ عوام، حکومت اور ادارے دہشتگردی کے خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔