خیبر پی کے، 11 سینٹ نشستوں پر انتخاب 21 جولائی کو ہو گا: الیکشن کمشن
اشاعت کی تاریخ: 5th, July 2025 GMT
اسلام آباد (وقائع نگار) سینٹ میں خیبر پی کے کی 7 جنرل، 2 خواتین اور 2 ٹیکنو کریٹ کی نشستوں کے لیے پولنگ کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ الیکشن کمشن کے مطابق پولنگ 21 جولائی 2025 کو خیبر پی کے اسمبلی میں ہوگی۔ الیکشن کمشن نے 2 اپریل 2024 کو مذکورہ بالا انتخابات سپیکر کی طرف سے مخصوص نشستوں پر منتخب ممبران صوبائی اسمبلی سے حلف نہ لینے اور الیکٹورل کالج نامکمل ہونے کی وجہ سے ملتوی کیے تھے۔ ثانیہ نشتر کی سینٹ سے خالی کردہ نشست پر انتخابات کے لیے الیکشن پروگرام بھی جاری کر دیا گیا۔ کاغذات نامزدگی جمع کروانے کی تاریخ 10 اور 11 جولائی جبکہ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 16 جولائی اور پولنگ 31 جولائی کو ہوگی۔ مرحوم ساجد میر کی خالی کردہ نشست پر الیکشن کے مختلف مراحل جو کہ الیکٹورل کالج نامکمل ہونے کی وجہ سے ملتوی کیے گئے تھے اس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا ہے۔ ریٹرننگ آفیسر امیدواروں کی نظر ثانی شدہ فہرست 15 جولائی 2025 کو جاری کرے گا اور کاغذات نامزدگی 16 جولائی 2025 تک واپس لیے جا سکیں گے۔ پولنگ 21 جولائی 2025 کو پنجاب اسمبلی میں ہوگی۔ قومی اسمبلی میں خیبر پی کے سے مسلم لیگ ن کی خواتین کی مخصوص 2 خالی نشستوں پر بھی الیکشن پروگرام جاری کیا گیا ہے۔ پبلک نوٹس 8 جولائی 2025 کو ریٹرننگ آفیسر جاری کرے گا۔ کاغذات نامزدگی 9 اور 10 جولائی 2025 کو جمع کروائے جا سکیں گے، کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 14 جولائی اور امیدواروں کی حتمی فہرست 24 جولائی 2025 کو جاری کی جائے گی۔ مسلم لیگ ن کی ترجیحی فہرست ختم ہو چکی ہے لہٰذا اسے 10 جولائی تک ریڑننگ آفیسر کے پاس جمع کروانی ہوگی۔ الیکشن کمشن نے 2جولائی 2025 کو مخصوص نشستوں پر جن ممبران قومی و صوبائی اسمبلی کا نوٹیفیکیشن جاری کیا تھا، ان کی حلف برداری کے لیے بھی سپیکر قومی و صوبائی اسمبلیوں کو خط ارسال کر دیے ہیں تاکہ وہ اپنی ذمہ داریاں سنبھال سکیں اور خیبر پی کے اور پنجاب کے سینٹ الیکشن میں ووٹ کاسٹ کر سکیں۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: کاغذات نامزدگی جولائی 2025 کو الیکشن کمشن خیبر پی کے نشستوں پر جاری کی
پڑھیں:
پنجاب اسمبلی میں ہنگامہ توڑ پھوڑ کرنیوالے 26 ارکان سنی اتحاد کونسل کیخلاف الیکشن کمشن میں نااہلی ریفرنس دائر
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) سپیکر پنجاب اسمبلی نے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن جماعت سنی اتحاد کونسل کے 26 ارکان کے خلاف نااہلی ریفرنس دائر کردیا۔ سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے اسلام آباد میں الیکشن کمشن حکام سے ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں سپیکر پنجاب اسمبلی نے بتایا کہ 26 ارکان کے خلاف نااہلی ریفرنس پہلے ہی دائر ہوچکا ہے، آج الیکشن کمشن حکام سے کچھ اہم قانونی معاملات پر رائے لینا تھی جو لوگ گالیاں دیں گے، توڑ پھوڑ اور ہلڑ بازی کریں گے وہ کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ پی ٹی آئی والوں نے فارم 47 کا تماشہ لگایا ہوا ہے۔ ملک احمد خان نے مزیدکہا کہ آئین کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی۔ جو ارکان آئین کی پاسداری نہیں کرسکتے ان کو ہاؤس کا حصہ رہنے کاکوئی حق نہیں۔ ذرائع کے مطابق دستاویزات میں سابق چیف جسٹس عمر عطاء بندیال کا حمزہ شہباز کے خلاف فیصلہ بھی شامل تھا۔ خیال رہے کہ 27 جون کو اسمبلی اجلاس میں اپوزیشن ارکان نے شور شرابہ کیا تھا اور توڑ پھوڑ کی تھی۔ 28 جون کو سپیکر پنجاب اسمبلی نے اپوزیشن کے 26 ارکان کی رکنیت معطل کرتے ہوئے ان کی نااہلی کے لیے ریفرنس الیکشن کمشن بھیجنے کا اعلان کیا تھا۔