دورہ بنگلادیش: شاہین کو اسکواڈ میں شامل نہ کرنے پر باسط علی نے سوال اٹھادیا
اشاعت کی تاریخ: 9th, July 2025 GMT
کراچی(نیوز ڈیسک)پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر باسط علی نے بنگلہ دیش کے خلاف آئندہ ٹی 20 سیریز کے لیے شاہین شاہ آفریدی کو اسکواڈ سے باہر رکھنے پر سوال اٹھادیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے منگل کو بنگلادیش کیخلاف تین ٹی 20 میچز پر مشتمل سیریز کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا تھا جس کی قیادت آل راؤنڈر سلمان علی آغا کریں گے۔
اسکواڈ میں تجربہ کار کھلاڑیوں بابراعظم، محمد رضوان اور شاہین شاہ آفریدی کی عدم موجودگی نے شائقین کو حیرت میں ڈال دیا ہے۔
شاہین کی عدم شمولیت پر باسط علی نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ایکس” پر سوال اٹھایا “وہ ٹیم میں کیوں نہیں ہے؟” ساتھ ہی انہوں نے شاہین آفریدی کی تصویر بھی شیئر کی۔
واضح رہے کہ شاہین شاہ آفریدی نے اپنا آخری ٹی 20 انٹرنیشنل مارچ 2024 میں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلا تھا۔
دوسری جانب پی سی بی کے مطابق 15 رکنی اسکواڈ کے ساتھ ساتھ پانچ مزید کھلاڑیوں کو کراچی میں 9 سے 15 جولائی تک جاری وائٹ بال کیمپ کے لیے طلب کیا گیا ہے جن میں بابراعظم، رضوان، شاہین، نسیم شاہ اور محمد وسیم جونیئر شامل ہیں۔ تمام کھلاڑی آج کراچی میں رپورٹ کریں گے۔
پاکستان کا اسکواڈ برائے بنگلہ دیش ٹی 20 سیریز:
سلمان علی آغا (کپتان)، ابرار احمد، احمد دانیال، فہیم اشرف، فخر زمان، حسن نواز، حسین طلعت، خوشدل شاہ، محمد عباس آفریدی، محمد حارث (وکٹ کیپر)، محمد نواز، صاحبزادہ فرحان (وکٹ کیپر)، صائم ایوب، سلمان مرزا، صفیان مقیم۔
سیریز کا پہلا ٹی ٹوئنٹی 20 جولائی، دوسرا 22 جولائی اور تیسرا 24 جولائی کو کھیلا جائے گا۔
Post Views: 6.ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
سری لنکا نے بنگلادیش کیخلاف ون ڈے سیریز جیت لی
سری لنکا نے بنگلادیش کو تیسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں 99 رنز سے شکست دیکر تین میچوں کی سیریز 1-2 سے جیت لی۔
پالی کیلے میں کھیلے گئے تیسرے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں سری لنکا نے بنگلادیش کو 99 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے دی۔
سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7 وکٹوں کے نقصان پر 285 رنز بنائے۔ کشال مینڈس نے 124 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ کپتان چارتھ اسالنکا نے 58 رنز اسکور کیے۔
بنگلا دیش کی طرف سے تسکین احمد اور مہدی حسن میراز نے دو، تنظیم حسن، تنویر اسلام اور شمیم حسین نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں بنگلادیشی ٹیم 39.4 اوورز میں 186 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، توحید ہردوئے 51 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
سری لنکا کے اسیتھا فرنینڈو اور دشمنتھا چمیرا نے تین، تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، دونیتھ ویلالاگے اور ونندو ہاسارنگا نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں سری لنکا نے 77 رنز جبکہ دوسرے میچ میں بنگلادیش نے 16 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔
اس سے قبل سری لنکا نے بنگلادیش کو دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 0-1 سے شکست دی تھی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی 20 میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ جمعرات 10 جولائی کو پالی کیلے میں کھیلا جائے گا۔