دورہ آئرلینڈ کیلئے پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی بھرپور ٹریننگ جاری
اشاعت کی تاریخ: 11th, July 2025 GMT
کراچی:
دورہ آئرلینڈ کے لیے پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی تیاریوں کے سلسلے میں اسکلز اینڈ فٹنس کیمپ جاری ہے۔
نیشنل اسٹیڈیم کے حنیف محمد ریجنل کرکٹ اکیڈمی گراؤنڈ پر کیمپ کے چوتھے دن جمعہ کو صبح کے سیشن میں ویمن کرکٹرز نے 5 گھنٹے تک بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کی مشقیں کیں۔
کوچز نے مہارتوں میں بہتری لانے کے لیے کھلاڑیوں کو رموز سے آگاہی فراہم کی، کیمپ کمانڈنٹ کی ذمہ داری ادا کرنے والے پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ محمد وسیم کی نگرانی میں فٹنس بڑھانے پر بھی خصوصی توجہ دی گئی۔
ٹرینر محمد رمضان سلاچی نے فٹنس کے بارے میں تربیت دی، جنید خان نے فاسٹ بولرز اور طاہر خان نے اسپنرز کی رہنمائی کی۔
دریں اثنا بوجوہ شام کا پریکٹس سیشن ملتوی کردیا گیا، کیمپ کے دوران 15 رکنی قومی اسکواڈ کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا، بعدازاں 28 جولائی سے شروع ہوکر 2 اگست تک جاری رہنے والے حتمی تربیتی کیمپ میں ویمن کرکٹرزکو جدید تقاضوں سے ہم اہنگ ٹریننگ دی جائے گی۔
شیڈول کے تحت پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم 3 اگست کو آئرلینڈ کے دورے پرروانہ ہو گی، پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے میچز کلون ٹرف میں کھیلے جائیں گے۔
کیمپ میں طلب کی جانے والی 24 ویمن کرکٹرز میں مبینہ علی، سدرا امین، صدف شمس، عالیہ ریاض، ایمان فاطمہ، گل فیروزہ، شوال ذوالفقار، نتالیہ پرویز، سدرہ نواز، عمیمہ سہیل، رامین شمیم، فاطمہ ثنا خان، سیدہ عروب شاہ، طوبیٰ حسن، سدرہ اقبال، نشرح سندھو، ڈائنا بیگ، وحیدہ اختر، نہیا شرمین، سائرہ جبیں، ام ہانی، ہما بلال اور زیب النساء شامل ہیں۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم
پڑھیں:
اینڈی پائیکرافٹ تنازع پر ڈیڈ لاک برقرار، پاکستان اور یو اے ای کے درمیان میچ ایک گھنٹہ ملتوی، مشاورت جاری
پاکستان اور بھارت کے میچ کے دوران جانبدارانہ رویہ اختیار کرنے والے میچ ریفری اینڈی پائیکرافٹ کو ایونٹ سے نکالنے کا معاملہ شدت اختیار کر گیا، پاکستان اور یو اے ای کے درمیان میچ کو ایک گھنٹے کے لیے ملتوی کر دیا گیا ہے۔
ترجمان پاکستان کرکٹ بورڈ عامر میر نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی دبئی میں حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں جب کہ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں چیئرمین پی سی بی کی نجم سیٹھی اور رمیز راجہ سے بھی اس حوالے سے مشاورت جاری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان اور یو اے ای کے درمیان میچ کو ایک گھنٹے کے لیے ملتوی کر دیا گیا ۔
قبل ازیں، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے ایشیا کپ کے میچ ریفری اینڈی پائیکرافٹ کو ایونٹ سے نکالنے کے مطالبے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے دبئی میں ہنگامی اجلاس منعقد کیا۔
دبئی میں ہونے والے اجلاس میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل، ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے نمائندے شریک ہیں، جب کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے اعلیٰ حکام ویڈیو لنک کے زریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔
ہنگامی اجلاس میں ’نو ہینڈ شیک‘ تنازع اور ریفری کے تبادلے کے معاملے پر غور کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان ٹیم کی ہوٹل سے اسٹیڈیم روانگی روک دی گئی ہے، قومی کھلاڑیوں کو واپس اپنے کمروں میں جانے کی ہدایات دے دی گئی ہیں، تاہم پاکستان ٹیم کا سامان اسٹیڈیم جانے والی بس میں رکھ دیا گیا ہے۔
قبل ازیں، ذرائع نے ڈان نیوز کو بتایا کہ آئی سی سی میچ ریفری اینڈی پائیکرافٹ نو ہینڈ شیک معاملے پر پاکستان ٹیم سے معافی مانگ سکتے ہیں، معافی مانگنے کی صورت میں معاملہ ختم ہونے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے درمیان مقابلہ آج شام 7 بجے شیڈول ہے۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے حالیہ تنازع پر لاہور میں اہم پریس کانفرنس طلب کر لی ہے، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی پریس کانفرنس کچھ دیر بعد شروع ہوگی۔
دریں اثنا، پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ محسن نقوی نے سابق چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی اور رمیز راجہ کو مشاورت کے لیے قذافی اسٹیڈیم لاہور طلب کیا ہے، سابق چئیرمین پی سی بی نجم سیٹھی مشاورت کے لیے پی سی بی ہیڈ کوارٹر پہنچ گئے ہیں۔
ایشیا کپ کے 14 ستمبر کو ہونے والے چھٹے میچ میں یہ تنازع اُس وقت سامنے آیا جب میچ ریفری اینڈی پائیکرافٹ نے بھارتی کرکٹ بورڈ کی ہدایت پر حریف کپتان سوریا کمار یادیو کو ہاتھ ملانے سے منع کیا تھا۔
میچ کے اختتام پر بھارتی کرکٹ ٹیم نے بھی اسپورٹس مین اسپرٹ کو نظر انداز کرتے ہوئے پاکستان ٹیم سے ’نو ہینڈ شیک‘ کیا تھا، جس کے جواب میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی مینجمنٹ نے کپتان سلمان علی آغا کو پوسٹ میچ پریذنٹیشن میں جانے سے منع کر دیا تھا۔
بعدازاں پاکستان کرکٹ بورڈ نے میچ ریفری اینڈی پائیکرافٹ کو ایشیا کپ سے نکالنے کا مطالبہ کرتے ہوئے آئی سی سی حکام کو خط لکھا، جس کے جواب میں آئی سی سی نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو بتایا کہ ’نو ہینڈ شیک‘ میں اینڈی پائیکرافٹ کا کردار نہ ہونے کے برابر تھا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کے مؤقف پر عدم اطمینان کرتے ہوئے آج دوسرا خط بھی آئی سی سی حکام کو لکھ دیا، جس میں باور کروایا گیا کہ اگر میچ ریفری کو ایونٹ سے نہ نکالا گیا تو پاکستان ایشیا کپ کا بائیکاٹ کر دے گا۔