5 گیندوں پر 5 شکار: کرٹس کیمفر نے ٹی20 کرکٹ کا نیا ریکارڈ بنا ڈالا
اشاعت کی تاریخ: 11th, July 2025 GMT
ڈبلن میں جاری آئرلینڈ کے انٹرپرووینشل ٹی20 ٹرافی کے 23ویں میچ میں منسٹر ریڈز کے کپتان اور آل راؤنڈر کرٹس کیمفر نے ناقابلِ یقین کارنامہ انجام دیتے ہوئے صرف 5 گیندوں پر 5 وکٹیں حاصل کر کے پروفیشنل کرکٹ میں نئی تاریخ رقم کر دی۔
نارتھ ویسٹ ویریئرز کے خلاف کھیلتے ہوئے کیمفر نے 2.3 اوورز میں محض 16 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے اپنے دوسرے اور تیسرے اوور کی مسلسل گیندوں پر یہ کمال کیا۔ 12ویں اوور کی آخری دو گیندوں پر وکٹیں لینے کے بعد وہ ہیٹ ٹرک پوزیشن پر آ گئے، جسے انہوں نے تیسرے اوور کی پہلی گیند پر مکمل کیا۔ پھر اگلی دو گیندوں پر بھی نئے بیٹرز کو آؤٹ کر کے پانچ گیندوں پر مسلسل پانچ کھلاڑیوں کو پویلین بھیج دیا۔
اس شاندار کارکردگی کے باعث ویریئرز کی ٹیم، جو ایک موقع پر 5 وکٹوں پر 87 رنز پر کھڑی تھی، 189 رنز کے ہدف کے تعاقب میں صرف 88 پر ڈھیر ہو گئی۔ کیمفر کی بولنگ نے حریف ٹیم کو سنبھلنے کا موقع ہی نہ دیا۔
میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کیمفر کا کہنا تھا کہ اوور تبدیل ہونے کی وجہ سے وہ لمحہ بھر کے لیے الجھن میں تھے کہ کیا ہو رہا ہے، مگر انہوں نے اپنی تمام تر توجہ بولنگ پر رکھی اور یہ اعزاز حاصل کر لیا۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ اگر ایک اور بیٹر آتا تو کیا وہ 6 گیندوں پر 6 آؤٹ کر لیتے؟ کیمفر نے مسکراتے ہوئے کہا: ’’نہیں، میرا نہیں خیال کہ ایسا ہو سکتا، لیکن میں اس کارکردگی پر بے حد خوش ہوں۔‘‘
کرٹس کیمفر کو اس شاندار پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ اس ریکارڈ نے نہ صرف ان کے کیریئر کو نئی بلندیوں تک پہنچایا بلکہ ٹی20 کرکٹ میں بھی ایک نیا باب رقم کیا۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
.ذریعہ: WE News
پڑھیں:
جنوبی افریقا نے دوسرے ٹیسٹ میں بھی زمبابوے کو روند ڈالا
جنوبی افریقا نے زمبابوے کو دوسرے ٹیسٹ میں اننگز اور 236 رنز سے شکست دے دی۔
بلاوائیو میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن جنوبی افریقا نے زمبابوے کو شکست سے دوچار کیا اور سیریز 0-2 سے جیت لی۔
فالو آن کے شکار زمبابوے کی ٹیم دوسری اننگز میں 220 رنز بناکر ڈھیر ہوگئی، یوں جنوبی افریقی ٹیم نے میچ اننگز اور 236 رنز سے جیت لی۔
جنوبی افریقا کے ٹیسٹ کپتان ویان ملڈر کو میچ میں 367 رنز کی یادگار اننگز کھیلنے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
یاد رہے کہ پہلے ٹیسٹ میں زمبابوے کو جنوبی افریقا کے ہاتھوں 328 رنز سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
زمبابوے، جنوبی افریقا اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹرائی نیشن ٹی 20 سیریز کا آغاز 14 جولائی سے ہوگا جس میں تینوں ٹیموں کے درمیان مجموعی طور پر 7 میچز کھیلے جائی گے۔
ٹرائی نیشن سیریز کا پہلا ٹی 20 میچ پیر 14 جولائی کو جنوبی افریقا اور زمبابوے کے درمیان ہوگا۔