زائرین کے زمینی سفر پر پابندی غیر عاقلانہ فیصلہ ہے، علامہ جمعہ اسدی
اشاعت کی تاریخ: 28th, July 2025 GMT
اپنے بیان میں بزرگ عالم دین علامہ جمعہ اسدی نے کہا کہ حکومت کی ایران، عراق کی زیارات پر جانیوالے زائرین کو زمینی سفر سے روکنا غریب دشمنی ہے۔ اسلام ٹائمز۔ کوئٹہ کے بزرگ عالم دین اور جامعہ امام صادق علیہ السلام کے پرنسپل علامہ محمد جمعہ اسدی نے کہا ہے کہ زائرین کے زمینی سفر پر پابندی کا فیصلہ غیر عاقلانہ ہے۔ حکومت سفر کو ممکن بنائے، بصورت دیگر احتجاج کریں گے۔ اپنے بیان میں انہوں نے ایران و عراق کے مقدس مقامات کی زیارات کی زمینی بندش کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان کی طرف سے ایران، عراق کی زیارات پر جانے والے غریب زائرین کو زمینی سفر سے روکنا غریب دشمنی ہے۔ علامہ محمد جمعہ اسدی نے کہا کہ حکومت کی نااہلی اور ناکامی کی اس سے بڑی دلیل کیا ہوگی کہ یہ اپنے شہریوں کو اپنے ہی ملک کے اندر تحفظ دینے سے قاصر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پوری دنیا سے کروڑوں لوگ چہلم کے لیے کربلا پہنچتے ہیں۔ پاکستان کے نادار و غریب زائرین سے انکا حق چھیننا حکومت پاکستان کی طرف سے بدترین ظلم و زیادتی ہے۔ پچھلے چہتر سالوں میں کبھی ایسا نہیں ہوا تھا۔ لیکن اس بار اس غیر مقبول حکومت نے یزیدی کردار ادا کرکے کروڑوں عاشقان سید الشہداء (ع) کا دل دکھایا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت ہوش کے ناخن لے اور زائرین کو زمینی راستے سے سفر کو ممکن بنائے۔ بصورت دیگر حکومت کے اس غیر منصفانہ اور غیر عاقلانہ پالیسی کے خلاف اقدام کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔
ذریعہ: Islam Times
پڑھیں:
سفرِ عشق زیارات مقدسہ پر کسی قدغن کو کبھی تسلیم نہیں کریں گے، تحریک نفاذ فقہ جعفریہ
ایک بیان میں سیکریٹری جنرل ٹی این ایف جے نے کہا کہ زیارت کے سفر کو تحفظ فراہم کرکے ریاست کی طاقت کا عملی مظاہرہ کیا جائے، پابندی سے غریب زائرین مقدس سفر سے محروم ہو جائیں گے، حکومت کی ذمہ داری ہے کہ تمام شہریوں کو بلا تفریق تحفظ اور بنیادی حقوق فراہم کرے جس سے پہلو تہی کسی صورت نہیں کرنے دی جائے گی۔ اسلام ٹائمز۔ تحریک نفاذ فقہ جعفریہ پاکستان کے سیکریٹری جنرل علامہ راجہ بشارت حسین امامی نے حکومت زمینی راستے سے زیارات پر پابندی کا فیصلہ واپس لے، پابندی سے دہشت گردوں کے سامنے ریاست کی بے بسی کا تاثر ابھرے گا، زیارت کے سفر کو تحفظ فراہم کرکے ریاست کی طاقت کا عملی مظاہرہ کیا جائے، پابندی سے غریب زائرین مقدس سفر سے محروم ہو جائیں گے، پاک فوج زائرین کو تحفظ فراہم کرنے کی بھرپور طاقت رکھتی ہے، عوام اور حکومت باہمی اتحاد سے دہشت گردوں کو ناکام بنادیں گے۔
علامہ بشارت حسین امامی نے کہا کہ زائرین امام حسینؑ کا سفرِ عشق مودتِ اہلِ بیتؑ اور معرفت حق کا عملی مظاہرہ ہے جس کے درجات و ثواب کا احاطہ ممکن نہیں۔ سیکریٹری جنرل ٹی این ایف جے نے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ تمام شہریوں کو بلا تفریق تحفظ اور بنیادی حقوق فراہم کرے جس سے پہلو تہی کسی صورت نہیں کرنے دی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ اپنے دینی و ملی حقوق کی خاطر مارشل لاء میں بھی کلمہ حق بلند کرنے کا درس آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے دیا ہے، لہذا عزاداری سید الشہداء اور سفرِ عشق زیارات مقدسہ پر کسی قدغن کو کبھی تسلیم نہیں کرینگے۔