حکومت پاکستان کا فلسطین کیلئے فوری امدادی پیکج کا اعلان
اشاعت کی تاریخ: 29th, July 2025 GMT
اسلام آباد:
وفاقی حکومت نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی سربراہی میں فلسطین کے لیے فوری امدادی پیکیج کا اعلان کردیا ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر این ڈی ایم اے 100 ٹن پر مشتمل دو کارگو طیاروں کے ذریعے امداد بھجوائے گا۔
بیان میں کہا گیا کہ امدادی پروازیں اگلے دو دن میں روانہ ہوں گی، امدادی سامان خصوصی پرواز کے ذریعے اردن اور مصر کے راستے فلسطین پہنچائی جائے گی۔
اس حوالے سے بتایا گیا کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار امدادی سامان کی روانگی و ترسیل کی نگرانی کریں گے، اردن اور مصر میں پاکستانی سفیر فلسطینی علاقوں میں امداد کی ترسیل یقینی بنائیں گے۔
حکومت پاکستان نے کہا کہ پاکستانی عوام فلسطینی بہن بھائیوں کے ساتھ مکمل یک جہتی اور حمایت کا اعادہ کرتی ہے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
ایک اور یورپی ملک نے فلسطین کو تسلیم کرلیا، اسرائیل پر دباؤ بڑھ گیا
یورپی ملک مالٹا نے اعلان کیا ہے کہ وہ فلسطین کو ایک آزاد ریاست کے طور پر تسلیم کرے گا۔ یہ اعلان وزیراعظم رابرٹ ابیلا نے منگل کی شام اپنے فیس بک پیغام میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ اقدام اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں ستمبر میں کیا جائے گا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہماری پوزیشن مشرق وسطیٰ میں مستقل امن کے لیے ہمارے عزم کو ظاہر کرتی ہے۔
مالٹا کی حکومت پر اپنی جماعت کے اندر سے فلسطین کو تسلیم کرنے کا دباؤ بڑھ رہا تھا، جب کہ سینٹر رائٹ اپوزیشن نے بھی جولائی کے وسط میں فوری طور پر تسلیم کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
یاد رہے کہ برطانیہ کے وزیراعظم کیئر اسٹارمر اور فرانس بھی حالیہ دنوں میں فلسطین کو تسلیم کرنے کا اعلان کر چکے ہیں۔ اس سے قبل آئرلینڈ، ناروے اور اسپین نے بھی مئی میں فلسطینی ریاست کو باقاعدہ تسلیم کیا تھا۔
مالٹا کا شمار ان ممالک میں ہوتا ہے جو طویل عرصے سے دو ریاستی حل کے حامی رہے ہیں اور فلسطینی عوام کی حمایت کرتے آئے ہیں۔