وزیراعظم نے شاہ زیب رند کے والد کو 50 لاکھ روپے کا چیک دے دیا
اشاعت کی تاریخ: 29th, July 2025 GMT
اسلام آباد:
وزیراعظم شہباز شریف سے مکس مارشل آرٹس فائٹر شاہزیب رند کے والد خیرمحمد نے ملاقات کی۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں وزیر اعظم شہباز شریف نے حکومت کی جانب سے شاہزیب رند کےلئے 50 لاکھ روپے کا چیک دیا اور ان کی کامیابی کےلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
یاد رہے کہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے مکسڈ مارشل آرٹ (ایم ایم اے) فائٹر شاہ زیب رند نے گزشتہ دنوں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ایک بیان میں حکومت کی جانب سے انعامی رقم نہ ملنے پر شدید برہمی کا اظہار کیا تھا۔
شاہزیب کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک کے سیاستدان کرپٹ ہیں، ماضی میں وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ان کے لیے 50 لاکھ روپے کا انعام جبکہ ان کے ٹریننگ کیمپ اور مستقبل کے مقابلوں کی تیاری کے لیے آٹھ کروڑ روپے کا اعلان کیا تھا لیکن یہ سب جھوٹ تھا، مجھے ان سے ایک پیسہ نہیں ملا۔
جس پر وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے شاہ زیب رند مخاطب کرتے ہوئے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ یہ سب بظاہر ایک غلط فہمی کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اس بلاجواز تاخیر پر معذرت خواہ ہیں، آپ جیسے کھلاڑی ہمارے حقیقی ہیرو ہیں اور ہم آپ کی کامیابیوں کی قدر کرتے ہیں۔ آپ نے ملک کو بہت عزت دی ہے اور ہم سب کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔
عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے اس غیر معمولی تاخیر کا سخت نوٹس لیا ہے اور یقین دلایا ہے کہ انشاء اللہ اسے فوری طور پر حل کر دیا جائے گا۔ وزیر اعظم نے مزید ہدایت کی ہے کہ ایسی غلطیاں آئندہ کبھی نہیں ہونی چاہییں۔ ہمیں اس بلاجواز تاخیر اور ہونے والی تکلیف پر افسوس ہے۔
یاد رہے کہ شاہ زیب رند نے عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے کئی مواقع پر کامیابی حاصل کی ہے، ستمبر 2024 میں شاہ زیب رند نے سنگاپور میں منعقدہ کراٹے کامبیٹ چیمپیئن شپ جیت کر پاکستان کے پہلے عالمی چیمپیئن کا اعزاز حاصل کیا تھا۔
شاہ زیب رند نے اپریل 2024 میں دبئی میں ہونے والے کراٹے کمبیٹ کے 45 کلو گرام کیٹیگری والے مقابلوں میں انڈیا کے رانا سنگھ کو 2-1 سے شکست دی تھی۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: شاہ زیب رند نے روپے کا
پڑھیں:
خیبرپختونخوا؛ کوہستان مالیاتی اسکینڈل، عدالت کا 21 کروڑ 13 لاکھ سے زائد ضبط کرنے کا حکم
پشاور کی احتساب عدالت نے اپر کوہستان مالیاتی اسکینڈل سے 21 کروڑ 13 لاکھ 76 ہزار 685 روپے بحق سرکار ضبط کرنے کا حکم جاری کردیا۔
پشاور کی احتساب عدالت کے جج محمد ظفر نے اپرکوہستان مالیاتی اسکینڈل میں کروڑوں روپے کی ضبطگی سے متعلق درخواست پر تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔
احتساب عدالت نے ملزم دوراج خان کی جانب سے دائر پلی بارگین درخواست کے تناظر میں 21 کروڑ 13 لاکھ 76 ہزار 685 روپے بحق سرکار ضبط کرنے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔
فیصلے کے مطابق نیب خیبرپختونخوا اپرکوہستان میں جعلی بلوں اور بوگس دعوؤں کے ذریعے سرکاری فنڈز میں کرپشن کی تحقیقات کر رہا ہے، ملزم کے قریبی رشتہ داروں کے نام پر کھولے گئے بینک اکاؤنٹس میں موجود 21 کروڑ 13 لاکھ 76 ہزار 685 روپے ضبط کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
عدالت نے فیصلے میں کہا ہے کہ ملزم دوراج خان اس مقدمے میں گرفتار ہے اور جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہے اور دوران تفتیش انکشاف ہوا کہ ملزم نے مبینہ کرپشن کی رقم چھپانے کےلیے بیشام کے نجی بینک میں قریبی رشتہ داروں کے نام پر اکاؤنٹس کھلوائے۔
فیصلے میں کہا گیا کہ ملزم کے رشتہ داروں محمد اقبال، محمد ایاز، محمد عمر، کریم داد اور سربلند نے عدالت میں رضاکارانہ بیانات قلم بند کرائے اورمؤقف اختیار کیا کہ انہیں اپنے نام پر موجود اکاؤنٹس میں جرائم سے حاصل شدہ رقم کا علم نہیں تھا۔
احتساب عدالت نے کہا ہے کہ ملزم کے رشتہ داروں نے تمام رقوم بحق سرکار ضبط کرنے پر رضامندی ظاہر کی اور رقم پر کسی قسم کا دعویٰ نہ کرنے کا بیان دیا۔
فیصلے میں مزید بتایا گیا کہ عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے ضبط شدہ رقم چیئرمین نیب کے نیشنل بینک آف پاکستان، پی ایم سیکریٹریٹ برانچ اسلام آباد کے اکاؤنٹ میں منتقل کرنے کا حکم دیا ہے۔
عدالتی فیصلے کے مطابق ضبط شدہ رقم ملزم کی پلی بارگین کے تحت واجب الادا رقم میں ایڈجسٹ کی جائے گی۔