راولپنڈی سدرہ قتل کیس؛ تمام 6 ملزمان کا مزید چار روزہ جسمانی ریمانڈ منظور
اشاعت کی تاریخ: 6th, August 2025 GMT
راولپنڈی:
غیرت کے نام پر شادی شدہ لڑکی کے قتل کیس میں عدالت نے گرفتار تمام 6 ملزمان کا مزید 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔
پیرودھائی کے علاقے میں غیرت کے نام پر سدرہ بی بی قتل کیس میں پولیس نے عدالت سے تمام 6 گرفتار ملزمان کا مزید 5 روزہ جسمانی ریمانڈ مانگ لیا جب کہ وکلائے صفائی کی جانب سے مسلسل تیسری بار جسمانی ریمانڈ کی شدید مخالفت کی گئی۔
دورانِ سماعت تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان سے آلہ قتل تکیہ اور لاش لے جانے والا لوڈر رکشا برآمد کرنا ہے، ملزمان بہت چالاک ہیں، تکیہ اور لوڈر رکشا حوالے نہیں کر رہے۔
وکیل صفائی نے مؤقف اختیار کیا کہ یہ گھسا پٹا تیسری مرتبہ موقف ہے، جب کہ لوڈر رکشا پولیس کے پاس موجود ہے، پولیس ملزم کے گھر سے سرخ رنگ کا لوڈر رکشا لے کر گئی ہے، تکیہ بھی پولیس نے پہلے دن لے لیا تھا، لوڈررکشا اور تکیہ پھر بھی بہانا ہے تو صرف شوہر اور رکشا مالک کا ریمانڈ لے سکتے ہیں دیگر 4 ملزمان جن سے کوئی چیز ریکور نہیں کرنی انہیں جیل بھیجا جائے۔
بعد ازاں ڈیوٹی سول جج شمع یاسین نے دلائل سن کر فیصلہ محفوظ کرلیا جو کچھ دیر بعد جاری کردیا۔
عدالت نے گرفتار تمام 6 ملزمان کا مزید 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا اور کہا کہ آئندہ تاریخ تک تفتیش مکمل کی جائے مزید ریمانڈ نہیں دیا جائے گا۔ عدالت نے ملزمان کو دوبارہ 9 اگست کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
پولیس کی جانب سے 5 روزہ جسمانی ریمانڈ مانگا گیا تاہم عدالت نے چار روزہ منظور کیا۔
ملزمان میں قتل کا فتویٰ دینے والا جرگہ سربراہ عصمت اللہ، مقتولہ کا والد عرب گل، سسر سلیم گل، لوڈر رکشا مالک مانی گل، مقتولہ کا پہلا شوہر ضیاء الرحمان، بھائی اور چاچا شامل ہیں جنہیں عدالت میں پیش کیا گیا۔
تفتیشی ٹیم نے عدالت کو یہ بھی بتایا کہ مقتولہ کے قبر کشائی میں لئے گئے جسم کے ٹکڑے فرانزک ٹیسٹ کیلئے لاہور لیبارٹری کو ارسال کردیے، ابتدائی میڈیکل رپورٹ میں ڈاکٹرز نے سانس گھٹنے اور گلا دبا کر قتل کی تصدیق کی۔
Tagsپاکستان.
ذریعہ: Al Qamar Online
کلیدی لفظ: پاکستان ملزمان کا مزید لوڈر رکشا عدالت نے قتل کی
پڑھیں:
پنجاب میں مزید طوفانی بارشوں کا الرٹ جاری، سیلاب اور لینڈسلائیڈنگ کا خطرہ
لاہور:پنجاب میں مزید طوفانی بارشوں کا الرٹ جاری کردیا گیا، جس کی وجہ سے سیلاب اور لینڈسلائیڈنگ کے خطرات بھی ظاہر کیے گئے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں اس وقت مون سون کا ایک کمزور سسٹم موجود ہے، جس کے باعث بارشوں کی شدت میں کمی دیکھنے میں آئی ہے، جس کی وجہ سے شہر میں بارشوں کا سلسلہ سست روی کا شکار ہو گیا ہے اور درجہ حرارت میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ لاہور میں آج کم سے کم درجہ حرارت 27 جب کہ زیادہ سے زیادہ 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔
اُدھر پی ڈی ایم اے نے 4 سے 7 اگست تک دوبارہ شدید بارشوں کے امکان کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ترجمان کے مطابق پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسلا دھار بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے، خاص طور پر دریاؤں کے بالائی طاس علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارشوں کا امکان ہے۔ 5 اگست سے ہونے والی بارشوں کے نتیجے میں دریائے چناب اور جہلم میں درمیانے سے اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے اپنے صوبائی کنٹرول روم سمیت تمام ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹرز کو ہائی الرٹ کر دیا ہے۔ ممکنہ متاثرہ اضلاع میں راولپنڈی، فیصل آباد، گجرانوالہ، سرگودھا، ملتان، ساہیوال، بہاولپور، جہلم، اٹک، چکوال، مری، گلیات، میانوالی، نارووال، گجرات، سیالکوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، منڈی بہاالدین اور ڈی جی خان شامل ہیں، جہاں شدید بارشوں کا خدشہ ہے۔
پی ڈی ایم اے نے نشیبی علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی جب کہ مری کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے سے بھی خبردار کیا ہے۔ شہریوں، سیاحوں اور مسافروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اس دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور انتہائی احتیاط برتیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے تمام متعلقہ اضلاع کو ہدایت کی ہے کہ عملہ اور مشینری کو مکمل ہائی الرٹ رکھا جائے، واسا اور میونسپل ادارے نشیبی علاقوں میں پانی کھڑا نہ ہونے دیں اور تمام متعلقہ افسران بارش کے دوران فیلڈ میں موجود رہ کر صورتحال کی خود نگرانی کریں۔