آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں شدید بارش اور گلیشیئر پھٹنے سے تباہی، 17 افراد جاں بحق
اشاعت کی تاریخ: 15th, August 2025 GMT
گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 اگست2025ء) آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں شدید بارش اور گلیشیئر پھٹنے سے تباہی پھیل گئی۔ ندی نالوں میں طغیانی اور سیلابی ریلوں کے باعث رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں جس سے نظامِ زندگی مفلوج ہو گیا، جبکہ مختلف حادثات میں 17 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ گلگت بلتستان کے ضلع غذر کی تحصیل گوپس کے گاؤں خلتی میں 8 افراد سیلاب کی زد میں آگئے، دیامر میں دو افراد ریلوں میں بہہ گئے، ہنزہ، نگر اور سکردو میں متعدد افراد لاپتہ ہوگئے، درجنوں گھر، سرکاری عمارتیں، پل اور شاہراہیں تباہ ہوئیں، کھڑی فصلیں اور درخت ریلے میں بہہ گئے، شاہراہ قراقرم، شاہراہ بابو سر اور گلگت سکردو شاہراہ پر کئی رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں۔
دوسری جانب آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد کی تحصیل نصیر آباد میں بادل پھٹنے سے ایک ہی خاندان کے 6 افراد سمیت 7 افراد جاں بحق ہوگئے، نعشوں کو نکال لیا گیا، جبکہ 30 افراد لاپتہ ہیں، آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارشوں اور فلیش فلڈنگ سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی۔(جاری ہے)
وادی نیلم میں بھی لینڈ سلائیڈنگ سے پل اور سڑکیں تباہ ہوگئیں، سیاحتی مقام رتی گلی بیس کیمپ میں 500 سے زائد سیاح پھنس گئے، 100 کو بچا لیا گیا، دیگر کو ریسکیو کرنے کیلئے آپریشن جاری ہے۔ نالہ جاگراں میں کلاؤڈ برسٹ سے 3 بیلی برج اور 2 گیسٹ ہاؤس بہہ گئے، ہائیڈرل پراجیکٹ متاثر ہوگیا، کٹن جاگراں کو ملانے والی سڑک بھی تباہ ہوگئی، 25 ہزار افراد پر مشتمل آبادی محصور ہوگئی۔
.ذریعہ: UrduPoint
کلیدی لفظ: تلاش کیجئے
پڑھیں:
وفاقی کی جانب سے ٹیکس چھوٹ کا فائدہ تمام اضلاع کو ملنا چاہیے، گلبر خان
وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے صوبائی سیکریٹری صنعت و تجارت کو ہدایت کی کہ ممبر گلگت بلتستان اسمبلی امجد حسین ایڈووکیٹ کی موجودگی میں چیمبر آف کامرس کے عہدیداروں کی جانب سے دی جانے والی بریفنگ اور محکمہ صنعت و تجارت کی جانب سے تیار کی جانے والی تجاویز کو یکجا کر کے برآمدات کیلئے قابل عمل تجاویز کو آئندہ دو دنوں میں حتمی شکل دیں۔ اسلام ٹائمز۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے وفاقی حکومت کی جانب سے گلگت بلتستان کے تاجروں کو کسٹم میں ملنے والی خصوصی رعایت کے تحت برآمدات کے طریقہ کار کو وضع کرنے کے حوالے سے بنائی جانے والی خصوصی کمیٹی کے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری ترجیح اور کوشش ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے ٹیکس میں ملنے والی چھوٹ کا فائدہ گلگت بلتستان کے عوام کو پہنچے اور اس خصوصی رعایت سے عام عوام مستفید ہوں۔ گلگت بلتستان کو ملنے والے ٹیکس کی چھوٹ میں تمام اضلاع کو کوٹہ ملنا چاہئے تاکہ پسماندہ اور دور دراز علاقوں میں بھی اس سہولت کے فوائد پہنچائے جاسکے۔ اجلاس میں صوبائی سیکریٹری صنعت و تجارت کی جانب سے اشیاء کی برآمدگی کے حوالے سے طریقہ کار وضع کرنے پر بریفنگ دی گئی اور تاجروں کی جانب سے چیمبر آف کامرس نے بھی اپنے تجاویز پر مشتمل بریفنگ دی گئی جس پر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے صوبائی سیکریٹری صنعت و تجارت کو ہدایت کی کہ ممبر گلگت بلتستان اسمبلی امجد حسین ایڈووکیٹ کی موجودگی میں چیمبر آف کامرس کے عہدیداروں کی جانب سے دی جانے والی بریفنگ اور محکمہ صنعت و تجارت کی جانب سے تیار کی جانے والی تجاویز کو یکجا کر کے برآمدات کیلئے قابل عمل تجاویز کو آئندہ دو دنوں میں حتمی شکل دیں تاکہ آئندہ کابینہ اجلاس میں صوبے کو ملنے والی ٹیکس چھوٹ کے تحت برآمدات کے طریقہ کار کی باقاعدہ منظوری دی جا سکے۔