سیلاب متاثرین: قومی اسمبلی کے اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر کا ایک ماہ کی تنخواہ عطیہ کرنے کا اعلان
اشاعت کی تاریخ: 19th, August 2025 GMT
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور ڈپٹی اسپیکر سید غلام مصطفیٰ شاہ نے گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر میں سیلابی ریلوں سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر نے سیلاب سے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اپنی ایک ایک ماہ کی تنخواہ سیلاب متاثرین کو دینے کا اعلان کیا۔
اس موقع پر اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ مشکل وقت میں متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ سیلاب متاثرین کی بحالی اور امداد پوری قوم کا قومی فریضہ ہے اور ہر پاکستانی کو بڑھ چڑھ کر اس کارِ خیر میں حصہ لینا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم ہمیشہ مشکل وقت میں بھائی چارے اور ایثار کی مثال قائم کرتی ہے۔ اس وقت متاثرین ہماری اجتماعی توجہ اور عملی مدد کے منتظر ہیں۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ بونیر میں خاندانوں کے خاندان اجڑ گئے ہیں، ان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ جن کے پیاروں کی لاشیں ابھی تک نہیں مل سکیں، ان کے درد کا مداوا مشکل ہے۔
انہوں نے جاں بحق ہونے والے افراد کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ.ذریعہ: WE News
کلیدی لفظ: اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اسپیکر قومی اسمبلی ڈپٹی اسپیکر
پڑھیں:
پنجاب کی تاریخ کا سب سے بڑا فلڈ سروے، 27 اضلاع سے ہزاروں متاثرین کا ریکارڈ جمع
لاہور:پنجاب کی تاریخ کا سب سے بڑا فلڈ سروے جاری ہے، جس میں 27 اضلاع سے ہزاروں متاثرین کا ریکارڈ جمع کرلیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبے کی تاریخ کا سب سے بڑا فلڈ سروے جاری ہے، جس میں سیلاب سے متاثرہ 27 اضلاع میں 1857 ٹیمیں سرگرم عمل ہیں۔ پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق اب تک 81 ہزار 510 متاثرین کی تفصیلات جمع کر لی گئی ہیں۔
سروے ٹیموں نے مختلف اضلاع میں 56 ہزار 207 کسانوں سے فصلوں کے نقصانات کے بارے میں معلومات حاصل کیں جب کہ 53 ہزار 985 ایکڑ سیلاب متاثرہ اراضی کی نشاندہی بھی کر لی گئی۔
فلڈ سروے کے دوران 24 ہزار 246 مکانات کا ڈیٹا جمع کیا گیا، جب کہ سیلاب میں مویشیوں سے محروم ہونے والے 1057 افراد کی تفصیلات بھی حاصل کی گئیں۔ مختلف اضلاع سے 3945 ہلاک مویشیوں کی اطلاعات موصول ہو چکی ہیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کے مطابق اربن یونٹ، ریونیو، زراعت، لائیو اسٹاک اور پاک فوج کے نمائندے گھر گھر جا کر متاثرین سے ڈیٹا اکٹھا کر رہے ہیں، جب کہ پی ڈی ایم اے روزانہ کی بنیاد پر سروے کی پیش رفت کا جائزہ لے رہا ہے۔
کئی مقامات پر سروے ٹیمیں کشتیوں کی مدد سے دیہات کا دورہ کر رہی ہیں اور کھڑے پانی سے گزر کر متاثرہ افراد کی معلومات یقینی بنا رہی ہیں۔ پی ڈی ایم اے نے تمام ٹیموں کو ہدایت کی ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن پر مکمل عمل کیا جائے اور کسی متاثرہ شخص کا ڈیٹا رہ نہ جائے۔
اس موقع پر ایک بزرگ شہری نے وزیراعلیٰ مریم نواز کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ نواز شریف کی بیٹی سیلاب متاثرین کے نقصان کا ازالہ ضرور کرے گی۔ بزرگ شہری نے مریم نواز اور میاں نواز شریف کے حق میں نعرے لگاتے ہوئے سروے ٹیموں کا شکریہ بھی ادا کیا۔