ایف آئی اے کراچی کا کریک ڈاؤن، حوالہ ہنڈی گینگ کا کارندہ گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 26th, August 2025 GMT
کراچی:
ایف آئی اے کراچی زون نے حوالہ ہنڈی میں ملوث منظم گینگ کے خلاف کامیاب کریک ڈاؤن کرتے ہوئے ایک کارندہ رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق کارروائی کارپوریٹ کرائم سرکل کراچی نے خفیہ اطلاع پر صدر اور گلشن اقبال کے علاقوں میں چھاپے مارے۔ صدر کے علاقے ریگل کمپیوٹر مارکیٹ میں کارروائی کے دوران گرفتار ملزم عمیر حوالہ ہنڈی کے ذریعے رقم ڈیلیور کرنے آیا تھا اور رقوم کی ترسیل کے لیے موٹر سائیکل استعمال کرتا تھا۔ ملزم سے موقع پر 15 لاکھ روپے برآمد کیے گئے۔
گرفتار ملزم کی نشاندہی پر گلشن اقبال کے ایک مکان پر چھاپا مارا گیا، جہاں سے 15 لاکھ روپے نقدی، موبائل فون اور حوالہ ہنڈی سے متعلق اہم شواہد قبضے میں لیے گئے۔ ایف آئی اے کے مطابق گرفتار عمیر دراصل فیصل نامی مرکزی ملزم کا فرنٹ مین ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ مجموعی طور پر 30 لاکھ روپے برآمد کیے گئے ہیں اور ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں جبکہ تحقیقات تیزی سے جاری ہیں۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: حوالہ ہنڈی ایف آئی اے
پڑھیں:
زمین اور گھر خریدنے و بیچنے والوں سے بھتہ طلب کرنے والے لیاری گینگ کے 3 کارندے گرفتار
کراچی:ایس آئی یو پولیس نے نارتھ کراچی صنعتی ایریا میں کارروائی کرتے ہوئے جائیداد، زمین اور گھر خریدنے و بیچنے والوں سے بھتہ طلب کرنے والے لیاری گینگ کے بھتہ خور گروہ کے 3 اہم کارندوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق اسپیشل انویسٹیگیشن یونٹ (سی آئی اے) پولیس نے نارتھ کراچی صنعتی ایریا میں کارروائی کرتے ہوئے لیاری گینگ کے بھتہ خورشکیل بادشاہ گروہ کے 3 اہم کارندوں تنویر، شکیل اور وقاص کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے تین 9 ایم ایم پستول اور گولیاں برآمد کرلی۔
ایس ایس پی ایس آئی یو امجد شیخ کے مطابق گرفتار ملزمان نے فرار ہونے کی نیت سے پولیس پر فائرنگ بھی کی لیکن ایس آئی یو نے حکمت عملی سے تینوں مسلح ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار ملزمان کے ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان سے اہم انکشافات سامنے آگئے۔
امجد شیخ کے مطابق گرفتار ملزمان پراپرٹی خریدنے اور بیچنے والوں کی ریکی کرتے تھے، ملزمان ایجنٹ بن کر پراپرٹی کے مالک کی تفصیلات حاصل کرتے تھے، غیر ملکی نمبروں سے مالکان کو بھتے کے فون اور دھمکیاں دی جاتی تھی۔
ایس ایس پی کے مطابق گروہ کا سرغنہ شہریوں سے اب تک لاکھوں روپے بھتہ طلب کر چکا ہے، گرفتار ملزمان کو ریکی کرنے پر 90 ہزار سے 2 لاکھ کی رقم ملتی تھی، رقم آن لائن جاز کیش اکاؤنٹ کے ذریعے بھیجی جاتی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کار لفٹنگ، پولیس پر فائرنگ اور غیر قانونی اسلحہ کے جرائم میں بھی ملوث ہیں۔ گرفتار ملزمان کے خلاف ایس آئی یو میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور گرفتار ملزمان سے مزید انٹیروگیشن کا عمل جاری ہے۔