ملک میں آج سے مون سون کا نیا اسپیل، کراچی سمیت مختلف شہروں میں طوفانی بارشوں کا امکان
اشاعت کی تاریخ: 7th, September 2025 GMT
ملک بھر میں مون سون کا دسواں اسپیل آج سے داخل ہورہا ہے، جس کے ساتھ ہی مختلف شہروں میں موسلا دھار بارشوں اور طوفانی ہواؤں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق سندھ کے کئی اضلاع میں شدید بارشوں کا سلسلہ شروع ہوسکتا ہے، جس کے نتیجے میں نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خطرہ بڑھ جائے گا۔
محکمہ موسمیات اور این ڈی ایم اے کی رپورٹس کے مطابق میرپورخاص، شہید بینظیر آباد، تھرپارکر، خیرپور، سکھر، لاڑکانہ، ٹھٹہ، بدین، سجاول اور حیدرآباد میں شدید بارشوں کے سبب سیلابی کیفیت پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
دوسری جانب کراچی میں پیر سے بدھ تک موسلا دھار بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے، جہاں اربن فلڈنگ کے خطرے کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔
اسلام آباد اور پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بھی 7 سے 9 ستمبر تک بارشیں متوقع ہیں۔ مری، اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، جہلم، چکوال، اٹک، منڈی بہاالدین، گجرات، گجرانوالہ، حافظ آباد، چنیوٹ، سیالکوٹ اور نارووال میں ندی نالوں میں طغیانی آسکتی ہے۔
این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ پنجاب کے پہلے سے متاثرہ علاقے مزید بارشوں کے بعد سنگین صورتحال سے دوچار ہوسکتے ہیں۔
انتظامیہ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ ندی نالوں کے قریب رہنے والے لوگ انخلا کے محفوظ راستوں کی پیشگی نشاندہی کریں، ہنگامی کٹ تیار رکھیں اور بارش کے دوران زیر آب سڑکوں یا پلوں کو عبور کرنے سے اجتناب کریں۔
ساتھ ہی عوام کو وبائی امراض سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اپنانے اور ہنگامی صورتحال میں مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کرنے کی تلقین کی گئی ہے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Al Qamar Online
پڑھیں:
خیبر پی کے میں بلدیاتی انتخابات 2 مراحل میں ہونے کا امکان
پشاور (بیورو رپورٹ) الیکشن کمشن نے خیبر پی کے میں مرحلہ وار بلدیاتی انتخابات کروانے پر کام شروع کر دیا۔ صوبے میں بلدیاتی انتخابات 2 مراحل میں ہونے کا امکان ہے۔ الیکشن کمشن نے 23 اضلاع میں حلقہ بندیاں مکمل کر لیں جبکہ مزید اضلاع میں حلقہ بندیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ الیکشن کمشن جلد خیبر پی کے حکومت سے انتخابات کی حتمی تاریخ مانگے گا۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمشن رواں ماہ کے آخر میں مرحلہ وار بلدیاتی انتخابات کرانے کا حتمی فیصلہ کرے گا۔ بلدیاتی اداروں کی مدت مارچ اور جون 2026ء میں مکمل ہو چکی ہے۔ الیکشن کمشن نے 23 اضلاع میں الیکشنز کرانے کے لیے تیار ہے۔ چیف سیکرٹری کے پی کے 28 جولائی تک الیکشن کمشن کو آگاہ کریں گے۔