مودی حکومت پر واشنگٹن کا اعتماد ختم ہوگیا، چائنہ ڈیلی کا انکشاف
اشاعت کی تاریخ: 9th, September 2025 GMT
بیجنگ (مانیٹرنگ ڈیسک) چائنہ ڈیلی نے اپنی ایک تازہ رپورٹ میں کہا ہے کہ مودی حکومت کی خارجہ پالیسی میں دوغلا پن، توازن کے فقدان اور غیر مستقل مزاجی امریکہ اور بھارت کے تعلقات کو کمزور بنا رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق دونوں ممالک کے تعلقات اس وقت نشیب و فراز کا شکار ہیں۔ قلیل مدت میں وقتی بہتری کے امکانات ضرور موجود ہیں لیکن طویل مدت میں باہمی اعتماد بری طرح متاثر ہو چکا ہے، جس کے باعث دو طرفہ تعاون محض سطحی حد تک محدود رہ سکتا ہے۔
چائنہ ڈیلی کا کہنا ہے کہ بھارت کی روس کے ساتھ دیرینہ اسٹریٹجک وابستگی بھی واشنگٹن اور نئی دہلی کے تعلقات میں رکاوٹ ہے۔ بھارت ایک جانب امریکہ سے قریبی تعلقات کا دعویٰ کرتا ہے، جبکہ دوسری جانب روس سے اسلحہ اور سستا تیل درآمد کرتا ہے، جو امریکی پالیسی کے منافی ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ چین کے ساتھ جاری سرحدی کشیدگی کے باوجود بھارت کھل کر مؤقف اپنانے سے گریز کر رہا ہے۔ حتیٰ کہ کواڈ (QUAD) اتحاد میں بھی اس کا رویہ محتاط رہا ہے، جس پر امریکہ میں مایوسی پائی جاتی ہے۔
چینی جریدے نے نشاندہی کی کہ مودی حکومت کی خارجہ پالیسی صرف محدود قومی مفاد پر مرکوز ہے۔ اگر نئی دہلی نے اپنی حکمتِ عملی پر نظرثانی نہ کی تو امریکہ کے ساتھ قریبی تعلقات طویل مدت میں قائم رکھنا مشکل ہو جائے گا۔
Post Views: 5.ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
عمرہ زائرین کیلئے نئی شرط، سعودی حکومت نے پالیسی میں بڑی تبدیلی کر دی
سعودی عرب کی وزارتِ حج و عمرہ نے عمرہ ویزا پالیسی میں بڑی تبدیلی کا اعلان کیا ہے۔
نئی پالیسی کے مطابق، اب عمرہ ویزا حاصل کرنے کے بعد 30 دن کے اندر سعودی عرب کا سفر کرنا لازمی ہوگا۔ اگر مقررہ مدت میں سفر نہ کیا گیا تو ویزہ خود بخود منسوخ ہو جائے گا۔
پہلے یہ مدت تین ماہ تھی، جسے اب کم کر کے ایک ماہ کر دیا گیا ہے۔ تاہم سعودی عرب میں داخل ہونے کے بعد قیام کی اجازت بدستور تین ماہ ہی رہے گی۔
سعودی قومی کمیٹی برائے عمرہ کے مشیر احمد با جیفر نے بتایا کہ یہ نئے ضوابط آئندہ ہفتے سے نافذ العمل ہوں گے۔ ان کے مطابق، یہ اقدام عمرہ زائرین کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیشِ نظر کیا گیا ہے تاکہ ویزا سسٹم کو مزید منظم اور مؤثر بنایا جا سکے۔
عرب نیوز کے مطابق، رواں سال جون سے اب تک 40 لاکھ سے زائد بین الاقوامی زائرین کے لیے عمرہ ویزے جاری کیے جا چکے ہیں، جو گزشتہ برسوں کے مقابلے میں ریکارڈ اضافہ ہے۔