پاکستانی مستقل مندوب نے افغان سرزمین سے دراندازی، حملوں کے ثبوت سلامتی کونسل میں پیش کر دیے
اشاعت کی تاریخ: 19th, September 2025 GMT
پاکستان نے افغانستان میں موجود دہشت گرد تنظیموں کے لیے محفوظ پناہ گاہوں کا معاملہ اقوام متحدہ میں اٹھاتے ہوئے افغانستان کی سرزمین سے دراندازی اور حملوں کے ثبوت سلامتی کونسل میں پیش کر دیے۔
عرب نیوز کے مطابق پاکستان نے سلامتی کونسل میں بتایا کہ افغانستان میں 60 سے زائد عسکریت پسند کیمپ قومی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں، پاکستان نے افغان طالبان کو سرحد پار حملوں کو فعال کرنے کا ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ دہشت گرد کیمپ، پاکستان میں سیکیورٹی اداروں اور نہتے و معصوم شہریوں پر حملوں کے لیے استعمال ہو رہے ہیں۔ پاکستان کے پاس دہشت گرد گروہوں کی مشترکہ تربیتی مشقوں، انکے درمیان باہمی تعاون، غیر قانونی ہتھیاروں کی تجارت اور منظم دہشتگردانہ حملوں کے ثبوت موجود ہیں۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مندوب عاصم افتخار احمد نے بتایا کہ دہشت گرد کیمپ سرحد پار سے دراندازی اور حملوں کے لیے مرکز کے طور پر کام کر رہے ہیں۔ افغانستان سے پنپنے والی دہشت گردی پاکستان کی قومی سلامتی کے لیے بدستور سب سے بڑا خطرہ ہے۔
عاصم افتخار احمد نے کہا کہ داعش، القاعدہ، ٹی ٹی پی، بی ایل اے اور مجید بریگیڈ سمیت دیگر دہشت گرد تنظیمیں افغان پناہ گاہوں سے کام کر رہی ہیں۔ پاکستان اور چین نے مشترکہ طور پر 1267 پابندیوں کی کمیٹی کو بی ایل اے اور مجید بریگیڈ کو نامزد کرنے کی درخواست جمع کروائی ہے۔
انہوں نے کہا ہمیں امید ہے کہ کونسل افغانستان کی دہشت گردانہ سرگرمیوں کو روکنے کے لیے تیزی سے کارروائی کرے گی، طالبان حکام کو انسداد دہشت گردی سے متعلق اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں کو پورا کرنا چاہیے، پاکستان سے زیادہ کوئی ملک افغانستان میں امن و استحکام کا خواہاں نہیں۔
عاصم افتخار احمد نے کہا کہ ٹی ٹی پی تقریباً 6ہزار جنگجوؤں کے ساتھ افغان سرزمین پر سب سے بڑا دہشت گرد گروپ ہے، پاکستان نے افغانستان سے ٹی ٹی پی اور بی ایل اے کے دہشت گردوں کی دراندازی کی متعدد کوششوں کو کامیابی سے ناکام بنا یا ہے، یہ صورت حال ناقابل برداشت ہے۔
پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد کا کہنا تھا کہ پاکستان سے زیادہ کوئی ملک افغانستان میں امن و استحکام کا خواہاں نہیں، پاکستان خطے اور دنیا کے بہترین مفاد میں ایک پرامن، خوشحال افغانستان کی حمایت کے لیے پرعزم ہے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: عاصم افتخار احمد افغانستان میں پاکستان نے حملوں کے نے افغان کے لیے
پڑھیں:
سلامتی کونسل میں غزہ جنگ بندی قرارداد پر امریکی ویٹو سیاہ لمحہ ہے، پاکستان
امریکا کی جانب سے ویٹو کی گئی قرارداد میں غزہ میں فوری، غیر مشروط اور مستقل جنگ بندی کا مطالبہ کیا گیا تھا اور اسرائیل سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ وہ فلسطینی علاقے میں امدادی سامان کی فراہمی پر عائد تمام پابندیاں ختم کرے۔ اسلام ٹائمز۔ پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں غزہ سے متعلق قرارداد امریکہ کے ویٹو کی وجہ سے منظور نہ ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے "سیاہ لمحہ" قرار دیا ہے۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے دوٹوک الفاظ میں واضح کر دیا کہ پاکستان آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے لئے کوششیں جاری رکھے گا، انہوں نے سلامتی کونسل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے غزہ میں اسرائیلی جارحیت کو اجاگر کیا۔ عاصم افتخار نے کہا کہ غزہ میں روزانہ درجنوں شہریوں کو شہید کیا جا رہا ہے اور خوراک نہ ہونے کے باعث بچے بھوک سے مر رہے ہیں، انہوں نے سلامتی کونسل میں ارکان کو بتایا کہ اسرائیل نے غزہ پر حملوں میں ہسپتالوں کو بھی نہ چھوڑا۔ پاکستانی مندوب کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان فلسطینی عوام کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتا ہے، انہوں نے سلامتی کونسل سے خطاب کے دوران زور دیا کہ غزہ میں فوری غیر مشروط جنگ بندی ہونی چاہیے، ساتھ ہی واضح کیا کہ پاکستان آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے لئے کوششیں جاری رکھے گا۔ واضح رہے کہ غزہ میں اسرائیلی فوج کی خونریز کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے، صیہونی فوج کی جانب سے آئے روز بچوں اور خواتین سمیت درجنوں فلسطینیوں کو شہید کیا جا رہا ہے۔ یاد رہے کہ غزہ میں فوری اور غیر مشروط جنگ بندی کے لئے آج پاکستان سمیت سلامتی کونسل کے 10 غیر مستقل ارکان نے قرار داد پیش کی جسے مستقل رکن امریکا نے ویٹو کردیا۔ امریکا کی جانب سے ویٹو کی گئی قرارداد میں غزہ میں فوری، غیر مشروط اور مستقل جنگ بندی کا مطالبہ کیا گیا تھا اور اسرائیل سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ وہ فلسطینی علاقے میں امدادی سامان کی فراہمی پر عائد تمام پابندیاں ختم کرے۔