صدرمملکت آصف علی زرداری سے سیرین ایئر کے مالک اور سی ای او کی کاشغر میں ملاقات، پاکستان میں کمپنی کے مستقبل کے منصوبوں بارے آگاہ کیا
اشاعت کی تاریخ: 20th, September 2025 GMT
کاشغر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2025ء) صدر مملکت آصف علی زرداری سے سیرین ایئر کے مالک اور سی ای او ڈاکٹر یونچون یانگ نے ہفتے کو کاشغر میں ملاقات کی اور انہیں پاکستان میں آپریشنز کے لیے ایئر لائن کے مستقبل کے منصوبوں سے آگاہ کیا۔ ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے کہا کہ سیرین ایئر کو اپنے بیڑے میں طیاروں کی تعداد میں اضافہ کرنا چاہیے تاکہ ایئر لائن کے نیٹ ورک اور رابطے کو مضبوط کیا جاسکے۔
(جاری ہے)
ڈاکٹر یونچون یانگ نے کیلیفورنیا یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کررکھی ہے، وہ چین میں ایک لسٹڈ سیمی کنڈکٹر کمپنی کے بانی اور صدر ہیں جس کی سویڈن اور امریکا میں ذیلی کمپنیاں ہیں۔ انہوں نے صدر مملکت کو پاکستان میں سیرین ایئر کے آپریشنز میں مزید سرمایہ کاری کرنے کے اپنے عزم کا یقین دلایا۔ سیرین ایئر پاکستان کے ایوی ایشن سیکٹر میں پہلی چینی نجی سرمایہ کار اور بیجنگ کے لیے پروازیں چلانے والی پہلی نجی پاکستانی ایئر لائن ہے۔ ڈاکٹر یانگ نے جے ایف 17 ایویونکس پر پاک فضائیہ کے ساتھ کمپنی کے اشتراکی منصوبوں پر بھی روشنی ڈالی۔ ملاقات میں سینیٹر سلیم مانڈوی والا کے علاوہ چین میں پاکستانی سفیر اور پاکستان میں چین کے سفیر بھی موجود تھے۔\932.ذریعہ: UrduPoint
کلیدی لفظ: تلاش کیجئے پاکستان میں سیرین ایئر
پڑھیں:
ایئر کرافٹ انجینیئرز کا احتجاج، قومی ایئر انتظامیہ آپریشن بحال رکھنے میں کامیاب
—فائل فوٹوایئر کرافٹ انجینیئرز کے احتجاج کے باوجود بھی قومی ایئر انتظامیہ آپریشن بحال رکھنے میں کامیاب ہو گئی۔
ایئر لائن ذرائع کے مطابق قومی ایئر لائن انتظامیہ آپریشن کی بحالی کے لیے متبادل ذرائع استعمال کر رہی ہے، ملک بھر سے قومی ایئر کی 16 مقامی اور بین الاقوامی پروازیں روانہ کر دی گئی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بحرانی صورتِ حال کی وجہ سے ملک بھر کی 12 پروازیں منسوخ کی گئی ہیں جبکہ قومی ایئر لائن کی 40 سے زائد پروازیں شدید متاثر ہیں۔
دوسری جانب ترجمان قومی ایئر لائن کا کہنا ہے کہ انتظامیہ پر دباؤ ڈالنے کے لیے گزشتہ رات جہازوں کی کلیئرنس روکنا شروع کی گئی، سازش کا مقصد آپریشنز کو روک کر فضائی نظام کو مفلوج کرنا تھا اور انتظامیہ پر دباؤ ڈالنا تھا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ پروازوں کو بحال رکھنے کے لیے متبادل ذرائع استعمال کر رہے ہیں
ترجمان نے کہا کہ شعبہ انجینئرنگ کے کلیدی عہدیداروں کے ساتھ مل کر متبادل ذرائع سے آپریشنز کو کامیابی سے بحال کیا ہے، غیرقانونی کام چھوڑنے سے قومی ایئر لائن کی کچھ پروازوں کو تاخیرم اور منسوخی کا سامنا کرنا پڑا۔
انہوں نے کہا کہ پی کے 783 کراچی تا ٹورنٹو اور پی کے 701 اسلام آباد تا مانچسٹر بروقت روانہ ہو گئیں۔ لاہورسے مدینہ کی پرواز پی کے 747 کو 14 گھنٹے کی تاخیر کے بعد روانہ کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اسی طرح کراچی سے جدہ کی پرواز پی کے 761 بارہ گھنٹے تاخیر سے روانہ ہو گئی۔ اسلام آباد سے دبئی کی پرواز پی کے 233 کو 9 گھنٹے تاخیر کا سامنا کرنا پڑا، اسلام آباد سے دمام پی کے 245، سیالکوٹ سے ریاض پی کے 755 کی پروازیں7، 7 گھنٹے تاخیر سے روانہ ہوئیں۔
ترجمان نے کہا کہ اسلام آباد سے جدہ کی پرواز پی کے 741 چھ، کراچی سے اسلام آباد کی پرواز پی کے 300چار گھنٹے تاخیر سے روانہ ہوئی۔
قومی ایئر لائن کے ترجمان کا کہنا تھا کہ آپریشنل بوجھ کو ایڈجسٹ کرنے کے لیے مجموعی طور پر 5 پروازیں منسوخ کی گئیں، تمام مسافروں کو متبادل پروازوں کی پیشکش کر دی گئی ہے۔