پی پی نے پنجاب میں سیلاب پر سیاست کی، برائے مہربانی مشورے اپنے پاس رکھیں، مریم نواز
اشاعت کی تاریخ: 25th, September 2025 GMT
فوٹو اسکرین گریب
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ افسوس ہے پیپلز پارٹی نے پنجاب میں سیلاب پر سیاست کی، براہ مہربانی اپنے مشورے اپنے پاس رکھیں۔
ڈیرہ غازی خان میں الیکٹرک بس سروس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ مفت مشورے آرہے ہیں، اگر ہم دنیا سے امداد مانگیں تو این ایف سی کا پیسہ کس لیے ہے، کوئی خود دار شخص یہ بات کیسے کرسکتا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ سندھ میں کیا حال ہے بات نہیں کرنا چاہتی، مریم نواز پنجاب کی طرف اٹھنے والی انگلی توڑ دے گی، بی آئی ایس پی پر بھی کوئی تنقید نہیں کرنا چاہتی، جس کا لاکھوں کا نقصان ہوا اس کا بی آئی ایس پی کے 10 ہزار رو پے سے کیا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جس نے سیلاب میں اپنا گھر کھویا اس کو مریم نواز نے 10 ہزار روپے نہیں دینے، جن کے گھر گرگئے، مویشی مر گئے، فصلوں کا نقصان ہوا، وہ بیچارے 10 سے 15 ہزار سے کیا کریں گے، جس کے مال مویشی کا نقصان ہوا اس کا نقصان پورا کرنا چاہتی ہوں، متاثرین سیلاب کا بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے 10 ہزار سے کچھ نہیں بنے گا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کو امدادی سرگرمیوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی، انہیں بتایا گیا کہ متاثرین کے لیے 13 ریلیف کیمپ بنائے گئے ہیں، متاثرین کو طبی سہولتیں اور کھانا فراہم کیا جارہا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جنوبی پنجاب کی بار بار لکیر کھینچی جاتی ہے، یہ لکیر میرے دماغ میں نہیں، جن کا تعلق جنوبی پنجاب سے تھا ان کے دور میں بھی جنوبی پنجاب کو کچھ نہیں ملا، یہ لوگ آپ کے ہمدرد نہیں ہو سکتے، ان لوگوں نے کام دھیلے کا نہیں کیا، ساؤتھ پنجاب میں کام کیا ہے تو نواز شریف نے کیا ہے، جو جنوبی پنجاب، جنوبی پنجاب کرتے تھے اقتدار تو انہیں بھی ملا تھا، ایک ماہ میں جنوبی پنجاب میں سی ایم سیکریٹریٹ لگا کر جاؤں گی۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ جنوبی اور وسطی پنجاب کے وزیراعلیٰ وہ ہوتے ہیں جو اقتدار کے بھوکے ہیں، میں پنجاب کی وزیر اعلیٰ ہوں، جیسے ماں اپنے بچوں میں تفریق نہیں کرسکتی ویسے ہی میں پنجاب میں تفریق نہیں کرسکتی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ مجھے کہا جاتا ہے دنیا کے آگے ہاتھ کیوں نہیں پھیلا رہے، امداد کیوں نہیں مانگ رہے، میں نواز شریف کی بیٹی ہوں، امداد کیلئے ہاتھ کبھی نہیں پھیلاؤں گی، جس کا گھر گرا یا جزوی طور پر نقصان پہنچا اس کا گھر بنانا چاہتی ہوں، جس کی فصلوں کا نقصان ہوا، میں اس کا نقصان پورا کرنا چاہتی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ کب تک پاکستان ہاتھ پھیلا کر دنیا کے سامنے کھڑا رہے گا، کب تک پاکستانی یہ کہے گا کہ ہمارے ہاں سیلاب آگیا اللّٰہ کے واسطے ہماری مدد کردو۔
.ذریعہ: Jang News
کلیدی لفظ: کا نقصان ہوا کرنا چاہتی مریم نواز نے کہا کہ
پڑھیں:
زمین پر قبضے کے کیس کا فیصلہ 90 روز میں لازمی، جرمانہ، 10 برس قید، ظالم کو پکڑیں گے: مریم نواز
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیر اعلیٰ مریم نواز سے پاک سوزوکی کے منیجنگ ڈائریکٹر ہیرو شی کاوا مورا نے ملاقات کی اور سیلاب زدگان کے لئے 30 ملین روپے کا چیک پیش کیا۔ وفد نے سیلاب زدگان کے لئے ریسکیو اور ریلیف آپریشن کو سراہا۔ مریم نواز شریف اور ان کی ٹیم کی شب و روز محنت کو قابل تحسین قرار دیا۔ وزیراعلیٰ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب نے تاریخ کے سب سے بڑے اور بد ترین سیلاب کا پامردی سے سامنا کیا۔ پنجاب میں بروقت انخلا اور ریسکیو ریلیف آپریشن سے لاکھوں جانیں بچانا ممکن ہوا۔ علاوہ ازیں مریم نواز شریف نے پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی کی پاسنگ آؤٹ پریڈ میں شرکت کی۔ مریم نواز نے پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ میں پیرا فورس کی پاسنگ آؤٹ میں جنرل سلامی لی اور جیپ پر سوار ہوکر پریڈ کا معائنہ کیا۔ جوانوں سے’’انصاف، شفافیت اور دیانتداری‘‘ پر حلف لیا۔ ٹریننگ کے دوران نمایاں کارکردگی پر میڈل اور اعزازات تقسیم کیے۔ مریم نواز نے پیرا فورس کے فلیگ مارچ کا مشاہدہ بھی کیا اور سلامی لی۔ وزیراعلیٰ نے اتھارٹی کی تقریب میں خطاب کیا اور اہم اعلانات کیے۔ مریم نواز نے یتیموں، بیواؤں اور غربا کی زمینوں پر قبضے کے خاتمے کیلئے نئی قانون سازی‘ قبضے کے مقدمات کے فیصلے کے لئے خصوصی عدالتیں قائم کرنے کا بھی اعلان کیا۔ نئی قانون سازی میں قبضے کے ہر کیس کا فیصلہ 90دن کے اندر لازمی قرار دیا جائے گا۔ ناجائز قابضین کو جرمانہ اور10 سال قید کی تجویز پیش کی جائے گی۔ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں اب بے کس اور مجبور لوگوں کی زمینوں پر قبضہ نہیں ہوگا۔ کمزور لوگوں کی زمینوں پر قبضے کرنے والے اپنے انجام کو پہنچیں گے۔ جہاں ظلم ہوگا، ظالم کو پکڑنے کے لئے حکومت موجود ہوگی۔ پیرا کے جوانوں نے پنجاب کے عوام کو ظلم اور ناانصافی سے بچانا ہے۔ عوام کو مہنگائی، ذخیرہ اندوزی اور تجاوزات سے نجات دلانا میرا عزم ہے۔ ایسی اتھارٹی بنانا چاہتی تھی جو عوام کو مہنگائی، ذخیرہ اندوزی اور تجاوزات کا سدباب کرے۔ پیرا کے قیام کے خواب کو تعبیر کی عملی صورت دینے میں مدد کرنے والے سب لوگوں کی مشکور ہوں۔ ٹوکیو میں تھی جب آٹا، گندم مہنگے ہونے کی خبر ملی لیکن پیرا اور انتظامیہ نے بھرپور کوشش کی۔ گندم کی قیمت 4100روپے سے 3100روپے پر آچکی ہے۔ پیرا کے افسران نے سیلاب کے دوران قابل قدر خدمات سرانجام دیں۔ پنجاب پاکستان کا پہلا صوبہ بن گیا جہاں گورننس کا ایک نیا ماڈل متعارف کرایا ہے۔ خواتین خوش ہیں کہ تجاوزات ہٹنے سے ہراسمنٹ کا بھی تدارک ہوگیا ہے۔ سیلاب کے دوران تمام محکموں نے دن رات عوام کی خدمت میں ایک کیا جس پر سب کا شکریہ اد اکرتی ہوں۔ پیرا فورس عوام کی خدمت کو اپنے نصب العین بنائے۔ پیرا فورس کے افسر اور جوان رشوت کے پیسے کو اپنے اوپر حرام قرار دینے کا وعدہ کریں۔ کاروباری حضرات اپنا جائزہ منافع ضرور کمائیں لیکن ناجائز منافع کو روکنا حکومت کا فرض ہے۔ سرکاری ریٹ لسٹ کے مطابق گندم، آٹا، روٹی اور سبزیوں کے نرخ یقینی بنانے ہوں گے۔ ذخیرہ اندوزی پر پیرا فورس کے جوانوں نے اپنی ذمہ داری پوری طرح نبھانی ہے۔ سی سی ڈی ڈیپارٹمنٹ بنانے سے امن و امان کی فضا قائم ہوئی ہے۔ پنجاب کی بہت سے تحصیلوں میں کرائم کی شرح صفر ہوگئی ہے۔ ایسی تحصیلیں جہاں روزانہ کی بنیاد پر کھلے عام کرائم ہوتا تھا وہاں کرائم کی شرح کم ہوگئی ہے۔ بہت سی تحصیلیں جہاں روزانہ کی بنیاد پر100 کرائم رپورٹ ہوتے تھے وہاں اب کرائم کی شرح دو پر آگئی ہے۔ مریم نواز نے سیلاب متاثرہ علاقوں کے طالب علموں کے لئے خصوصی پیکج کی منظوری دے دی ہے۔ سیلاب متاثرہ علاقوں کے تمام طلباء کی ایک سمسٹر کی فیس معاف کر دی گئی۔ سیلاب متاثرہ اضلاع کے بی ایس فرسٹ ایئر کے طلباء کی داخلہ فیس بھی معاف کر دی گئی ہے۔ سیلاب متاثرہ مظفرگڑھ، ملتان، لودھراں، وہاڑی، سیالکوٹ، نارووال، گجرات، چنیوٹ اور قصور کے طلباء کی سال اول کی فیس معاف کی گئی ہے۔ سیلاب متاثرہ ان اضلاع میں واقع تمام یونیورسٹیوں میں رجسٹریشن کی آخری تاریخ میں 20 دن کی توسیع بھی کر دی گئی۔ ہونہار سکالرشپ کے لئے درخواست دینے کی آخری تاریخ بھی ایک ماہ تک بڑھا دی گئی۔ سیلاب متاثرہ علاقوں کے طلباء کے والدین کی مالی مشکلات کم کرنے اور نوجوانوں کی سہولت کے لئے پیکج دیا ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ سیلاب کی تباہی کی وجہ سے اپنے بچوں اور بچیوں کی تعلیم متاثر نہیں ہونے دوں گی۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر پنجاب میں سیلاب سے متاثرہ روڈز کی تعمیر ومرمت کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔ سینئر منسٹر مریم اورنگزیب کی زیرنگرانی محکمہ تعمیرات ومواصلات کی ٹیمیں سیلاب زدہ علاقوں میں متحرک کر دی گئیں اور ہنگامی طور پر تعمیر ومرمت کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔