شہادت جہاد کا ثمر اور ملی ارتقا کا ذریعہ ہے، آیت اللہ سید علی خامنہ ای
اشاعت کی تاریخ: 26th, September 2025 GMT
اس پیغام کو شہداء و ایثار گران کی فاونڈیشن میں رہبر انقلاب کے نمائندہ حجت الاسلام موسوی مقدم نے گلزار شہداء، بہشت زہراؑ تہران میں پڑھ کر سنایا۔ اسلام ٹائمز۔ رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای نے ہفتہ دفاع مقدس کی مناسبت سے اپنے پیام میں فرمایا ہے کہ شہادت جہاد کا ثمر ہے، چاہے آٹھ سالہ دفاع ہو، چاہے 12 روزہ دلیرانہ جنگ، چاہے لبنان، غزہ ہو یا فلسطین، جہاد ملی ارتقا کا ذریعہ ہے۔ ہفتہ دفاع مقدس کی مناسبت سے روز "مهمانی لالهها" یعنی جنت کے پھول یا پھولوں کی دعوت کے عنوان سے دن منایا گیا۔ اس دن کی مناسبت سے رہبر انقلاب نے فرمایا کہ یہ جہاد اور شہادت کا جلوہ ہے، جس سے اقوام کو جلا ملی ہے۔ رہبر انقلاب اسلامی کا پیغام جو ملک بھر میں شہداء کی قبروں کی صفائی، عطر چھڑکنے اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کرنے کی تقاریب میں "جنت کے پھول" کے عنوان سے جاری کیا گیا۔ اس پیغام کو شہداء و ایثار گران کی فاونڈیشن میں رہبر انقلاب کے نمائندہ حجت الاسلام موسوی مقدم نے گلزار شہداء، بہشت زہراؑ تہران میں پڑھ کر سنایا۔
بسم الله الرّحمن الرّحیم
اس سال مختلف مقامات پر اسلامی مزاحمت کی راہ پر چلنے والی سرکردہ شخصیات اور بہادر جوانوں کی شہادت کی بدولت ہفتہ دفاع مقدس ایک نئی جہت اختیار کرچکا ہے۔ شہادت جہاد کا صلہ و ثمر ہے، چاہے 8 سالہ دفاع میں، 12 روزہ جنگ ہو یا لبنان، غزہ اور فلسطین میں جدوجہد، قومیں انہی کاوشوں سے ارتقا پاتی اور انہی شہادتوں سے جلا حاصل کرتی ہیں۔ لازم ہے کہ حق کی فتح اور باطل کے زوال کے بارے میں خدائی وعدے پر یقین رکھیں اور خدا کے دین کی نصرت کے لئے اپنے فریضے کو انجام دیتے رہیں۔
سید علی خامنہ ای
2 مہر 1404
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: رہبر انقلاب
پڑھیں:
شہید حسن نصراللہ کی پہلی برسی، 27 ستمبر کو یوم شہدائے القدس منایا جائے گا، علامہ باقر زیدی
اجلاس سے خطاب میں رہنما ایم ڈبلیو ایم نے کہا کہ سید حسن نصراللہ، اسماعیل ہنیہ، سید ہاشم صفی الدین، یحیٰ سنوار کی شہادت کے بعد مقاومت کمزور نہیں ہوئی، غزہ کی جنگ عالم اسلام کی جنگ ہے، حزب اللہ و حماس کے عظیم شہداء نے اسرائیل کی طاقت کا غرور خاک میں ملا دیا ہے۔ اسلام ٹائمز۔ عالم اسلام کے لیڈر شہید سید حسن نصراللہ لطیف شخصیت کے مالک عظیم انسان تھے، آپ کسی پر ظلم برداشت نہیں کرتے تھے، اگر کسی نے عزت سے جینا اور مرنا ہے تو شہدائے قدس کے نقش قدم پر چلے، مظلومین فلسطین و لبنان کی استقامت نے عالم اسلام میں بیداری کی نئی لہر پھونک دی ہے۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی صدر علامہ سید باقر عباس زیدی نے وحدت ہاؤس کراچی میں منعقدہ ایم ڈبلیو ایم سندھ کابینہ کے اہم اجلاس سے خطاب میں کیا۔ اجلاس میں سندھ و کراچی کے رہنماؤں بشمول کراچی ڈویژن کے صدر علامہ صادق جعفری، علامہ مختار امامی، علامہ حیات عباس، علامہ ملک عباس، علامہ مبشر حسن، ناصر الحسینی سمیت دیگر رہنما موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ حزب اللہ و حماس کے عظیم شہداء نے اسرائیل کی طاقت کا غرور خاک میں ملا دیا ہے، شہداء تحریک مقاومت کے سر کا تاج ہیں، شہداء نے تحریک آزادی قدس کو نئی زندگی دے دی ہے۔
علامہ باقر زیدی نے مزید کہا کہ سید حسن نصراللہ، اسماعیل ہنیہ، سید ہاشم صفی الدین، یحیٰ سنوار کی شہادت کے بعد مقاومت کمزور نہیں ہوئی، غزہ کی جنگ عالم اسلام کی جنگ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل گزشتہ کئی سالوں سے فلسطینی عوام کی نسل کشی کر رہا ہے، پورا خطہ سامراجیت کے شکنجے میں جکڑا ہوا ہے، شہداء کی قربانیوں کی کا ہی نتیجہ ہے کہ آج تک پورے مشرق وسطیٰ میں امریکہ و اسرائیل سمیت سامراجی طاقتوں کے عزائم خاک میں مل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صہیونی رجیم کے خلاف تمام مسلمان متحد ہو چکے ہیں، ہم اس وحدت کو ٹوٹنے نہیں دیں گے، ملکی عوام پاکستان میں بیرونی مداخلت بلکل برداشت نہیں کریں گے، 27 ستمبر ملک بھر میں یوم شہدائے القدس منایا جائے گا، شہید حسن نصر اللہ کی پہلے برسی کی مناسبت سے سندھ کے تمام اضلاع میں شایان شان انداز میں مختلف مجالس عزاء، سیمینارز، کانفرنس، تعزیتی پروگرامات منعقد کئے جائیں گے۔