جی ایچ کیو حملہ کیس حتمی مرحلے میں داخل ہوگیا‘عدالت نے آخری 3 گواہان کو طلب کرلیا
اشاعت کی تاریخ: 27th, September 2025 GMT
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔27 ستمبر ۔2025 )انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں زیر سماعت جی ایچ کیو حملہ کیس حتمی مرحلے میں داخل ہوگیا، آئندہ سماعت پر مقدمے کے آخری 3 گواہان کو طلب کرلیا گیا ہے ہفتے کو انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے سماعت کے دوران استغاثہ کے 3 گواہان کی شہادت قلمبند کرلی.
(جاری ہے)
عدالت نے تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی جانب سے دائر کی گئی ٹرائل روکنے سے متعلق دائر درخواست خارج کر دی اے ٹی سی کے جج نے 8 گواہان کو دوبارہ طلب کرنے سے متعلق درخواست پر پراسیکیوشن کو نوٹس جاری کر دیا سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے کی، سماعت کے دوران ڈی ایس پی اکبر عباس، انسپکٹر عصمت کمال، انسپکٹر تہذیب الحسن کے بیانات قلم بند کیے گئے. گواہان نے گرفتار ملزمان سے برآمد ڈنڈے، جھنڈے، پولیس ہیلمٹ، لائٹڑ، فوجی مجسمے کے ٹکڑے عدالت میں پیش کر دیے گواہ انسپکٹر عصمت کمال نے چکری انٹرچینج پر پی ٹی آئی کی قیادت کی میٹنگ سے متعلق شواہد عدالت میں پیش کیے، مقدمے میں مجموعی طور 44گواہان کے بیان ریکارڈ کیے جاچکے ہیں. عدالت نے آئندہ سماعت پر مقدمے کے آخری 3 گواہان کو طلب کرتے ہوئے نوٹس جاری کر دیے، آئندہ سماعت پر ڈی ایس پی مرزا جاوید، انسپکٹر ناظم شاہ اور انسپکٹر یعقوب شاہ کو بیان ریکارڈ کروانے کے لیے طلب کیا گیا ہے کیس کی مزید سماعت 30 ستمبر تک ملتوی کر دی گئی. واضح رہے کہ 9 مئی 2023 کو القادر ٹرسٹ کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی طرف سے ملک گیر احتجاج کیا گیا تھا اس دوران فوجی، سول اور نجی تنصیبات کو نذر آتش کیا گیا، سرکاری و نجی املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا تھا جب کہ اس دوران کم از کم 8 افراد ہلاک اور 290 زخمی ہوئے تھے.
ذریعہ: UrduPoint
کلیدی لفظ: تلاش کیجئے گواہان کو
پڑھیں:
شیخ رشید کو عمرہ سے روکنے پر وفاقی حکومت کو نوٹس،ڈی جی ایف آئی اے اور پاسپورٹ عدالت طلب
راولپنڈی:شیخ رشید کو عمرہ روانگی سے روکنے پر وفاقی حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے عدالت نے ڈی جی ایف آئی اے اور ڈی جی پاسپورٹ کو طلب کرلیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کو عمرہ کے لیے سعودی عرب جانے سے روکنے کے معاملے پر دائر توہینِ عدالت کی درخواست عدالت نے سماعت کے لیے منظور کر لی۔ عدالت نے وفاقی حکومت، ڈی جی ایف آئی اے اور ڈی جی پاسپورٹ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 18 نومبر کو جواب سمیت طلب کر لیا ہے۔
سماعت کے دوران جسٹس صداقت علی خان نے ریمارکس دیے کہ یہ توہینِ عدالت کا ٹرائل چلے گا اور جو بھی ذمہ دار ہوا اسے سزا یا جزا ملے گی۔
عدالت نے استفسار کیا کہ یہ معاملہ سنگل بینچ کا تھا تو ڈویژن بینچ کے سامنے کیسے لگا؟ جس پر عدالت نے ہدایت دی کہ کیس کو دوبارہ سنگل بینچ میں مقرر کیا جائے۔
سماعت کے موقع پر سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد بھی کمرہ عدالت میں موجود رہے۔ ان کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ عدالت نے واضح حکم دیا تھا کہ شیخ رشید کو عمرہ پر جانے دیا جائے، تاہم اس کے باوجود ایئرپورٹ پر ایف آئی اے اہلکاروں نے انہیں روک لیا، جو عدالتی حکم کی کھلی خلاف ورزی اور توہینِ عدالت ہے۔
عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے اگلی سماعت 18 نومبر کو مقرر کر دی۔