ٹک ٹاک پر دوستی، پاکستان آئے افغان شہری نے بیوی کو قتل کرکے خودکشی کرلی
اشاعت کی تاریخ: 27th, September 2025 GMT
اسلام آباد:
تھانہ پیرودھائی کے علاقے میں شوہر نے بیوی کو قتل کرنے کے بعد خودکشی کرلی۔
پولیس کے مطابق مقتولہ اور خودکشی کرنے والے شخص کا تعلق افغانستان سے ہے۔ مقتولہ کی شناخت سونا جبکہ خودکشی کرنے والے شخص کی شناخت امیر کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ امیر دو ماہ قبل پاکستان آیا تھا جبکہ مقتولہ دو سالہ بچے کی ماں تھی۔ دونوں کی دوستی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹک ٹاک پر ہوئی تھی، جس کے بعد وہ لڑکی سے شادی کرنے کے لیے پاکستان آیا تھا۔
پولیس کے مطابق شادی کے وقت امیر نے مقتولہ کو زیورات دینے کا وعدہ کیا تھا جو پورا نہ ہونے پر دونوں کے درمیان جھگڑے ہوتے رہتے تھے۔ آج جھگڑے کے دوران امیر نے بیوی کو قتل کیا اور خودکشی کر لی۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کراچی میں شہریوں کی رہنمائی کیلیے روڈ سیفٹی آفیسر یونٹ قائم کرنے کرنا کا فیصلہ
ٹریفک پولیس کی جانب سے شہریوں کے لیے ’’روڈ سیفٹی آفیسر یونٹ‘‘ کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ٹریفک پولیس نے شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی، روڈ سیفٹی کے فروغ اور عوام دوست پولیسنگ کے وژن کو مزید مؤثر بنانے کے لیے "روڈ سیفٹی آفیسر یونٹ" قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
روڈ سیفٹی آفیسرز شہر کی اہم اور مصروف شاہراہوں بشمول شاہراہ فیصل ، ماڑی پور روڈ ، کورنگی روڈ اور شاہراہ لیاقت پر تعینات کیے جائیں گے جہاں وہ ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے، شہریوں کو متبادل راستوں اور سفری سہولیات سے متعلق معلومات فراہم کرنے اور بروقت مدد کے فرائض انجام دیں گے۔
ترجمان کے مطابق یونٹ کے قیام سے شہریوں کو محفوظ سفری ماحول میں رہنمائی ملے گی ، یہ یونٹ شہریوں اور ٹریفک پولیس کے درمیان رابطے کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ دوران سفر پیش آنے والی مشکلات کے فوری حل اور مؤثر رہنمائی میں اہم کردار ادا کریگا۔
یونٹ کا مقصد ٹریفک قوانین ، روڈ سیفٹی اقدامات اور ذمہ دارانہ طرز ڈرائیونگ کے حوالے سے عوامی شعور اجاگر اور اس میں مزید اضافہ کرنا ہے۔