لداخ مظاہرے؛ گرفتار رہنما فلم 3-ایڈیٹس کے رانچو ہیں؛ کردار عامر خان نے نبھایا تھا
اشاعت کی تاریخ: 27th, September 2025 GMT
لداخ مظاہروں پر گرفتار سرخیل، سماجی رہنما اور ماحولیاتی تبدیلی کے متحرک کارکن سونم وانگچک کے بارے میں حیران انکشاف سامنے آیا ہے۔
لداخ میں پُرتشدد مظاہروں کے بعد گرفتار ہونے والے ماہر تعلیم اور ماحولیاتی کارکن سونم وانگچک کوئی عام شخصیت نہیں، بلکہ وہی حقیقی ہیرو ہیں۔
فلم "تھری ایڈیٹس" میں سونم وانگچک کو عامر خان کے کردار "رانچو" کے نام سے دکھایا گیا تھا۔ جو درس و تدریس کے روایتی نظام کو چیلنج کرتا ہے۔
سونم وانگچک ایک انجینئر، ماہرِ تعلیم اور ماحولیات کے سرگرم کارکن ہیں۔ انہوں نے لداخ میں طلبا کے لیے اسٹوڈنٹس ایجوکیشنل اینڈ کلچرل موومنٹ آف لداخ (SECMOL) قائم کی، جو مقامی بچوں کو عملی تعلیم اور جدید تحقیق سے جوڑنے کا منفرد ماڈل ہے۔ یہی ادارہ اور ان کا منفرد اندازِ تدریس فلمی کردار کی بنیاد بنا۔
اس ادارے کی ایک جھلک فلم تھری ایڈیٹس میں دکھائی گئی تھی جب فلم میں عامر خان کے کالج کے زمانے کے دوست انھیں ڈھونڈتے ہوئے وہاں پہنچے تھے اور بچوں کی تعلیم و تدریس کے اس انوکھے پروجیکٹ کو دیکھ کر حیران رہ گئے تھے۔
ماحول دوست انجینیئر سونم وانگچک اپنے انوکھے تعلیمی طریقوں، جدت پسندی اور جرات مندانہ خیالات کی وجہ سے پہچانے جاتے ہیں۔ جنھوں نے لداخ میں ماحول سے محبت کو فروغ دیا۔
اب وہی "اصلی رانچو" اپنے علاقے لداخ کی خصوصی حیثیت کی بحالی، مقامی روزگار اور ماحول کے تحفظ کے مطالبے پر جاری مظاہروں کی قیادت کر رہے ہیں اور مودی سرکار کے نشانے پر آگئے ہیں۔
مودی حکومت نے روایتی ہتھکنڈے استعمال کرتے ہوئے آزادیٔ اظہارِ رائے کو طاقت سے کچلنے کی کوشش کی اور عالمی شہرت یافتہ سونم وانگچک کو اشتعال انگیزی کے جھوٹے الزام میں گرفتار کر لیا۔
وہ شخص جس نے کروڑوں لوگوں کو "آل از ویل" کا پیغام دیا، آج خود اپنے علاقے کے حقوق کے لیے جدوجہد کرتے ہوئے جیل پہنچ گیا ہے۔
عوامی مطالبات کی منظوری کے لیے کئی دنوں سے بھوک ہڑتال پر بیٹھے اصلی رانچو (سونم وانگچک) کو اس وقت حراست میں لیا گیا جب وہ مظاہرین پر براہ راست گولیاں چلانے کے خلاف پریس کانفرنس کرنے جا رہے تھے۔
یاد رہے کہ لداخ میں جاری ان مظاہروں کو طاقت سے کچلنے کے دوران پولیس اب تک 20 سے زائد افراد کو گولیاں مار کر ہلاک کر چکی ہے جب کہ 50 سے زائد زخمی ہیں۔ درجنوں مظاہرین کو گرفتار بھی کرلیا گیا۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: سونم وانگچک
پڑھیں:
کراچی، شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس مقابلے، 5 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار
کراچی:شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس نے مبینہ مقابلوں کے دوران چار ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا جبکہ ایک فرار ہونے والے مبینہ ڈاکو کو شہریوں نے پکڑ کر تشدد کے بعد پولیس کے حوالے کر دیا۔
پولیس اور چھیپا حکام کے مطابق اورنگی ٹاؤن تھانے کی حدود میں سیکٹر 8، اللہ والا کالج کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں ایک مبینہ ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔
زخمی ملزم کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی شناخت سبیل کے نام سے ہوئی۔ ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور دیگر سامان بھی برآمد کیا گیا۔
ادھر بوٹ بیسن تھانے کی حدود میں کلفٹن، عبداللہ شاہ غازی مزار پل کے قریب مبینہ مقابلے کے دوران ایک مبینہ ڈاکو پولیس کی فائرنگ سے زخمی ہو گیا، جس کی شناخت مانی کے نام سے ہوئی۔
اسے جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ اس دوران فرار ہونے کی کوشش کرنے والے دوسرے مبینہ ملزم کو شہریوں نے پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا بعد ازاں اسے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ زخمی ملزم کی شناخت سکندر کے نام سے کی گئی۔
دوسری جانب شرافی گوٹھ پولیس نے کورنگی سنگر چورنگی کے قریب راڈو بیکری کے علاقے میں مبینہ مقابلے کے بعد ایک مبینہ ڈاکو اویس کو زخمی حالت میں گرفتار کیا۔ ملزم کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ اس کے قبضے سے اسلحہ اور دیگر سامان بھی برآمد ہوا۔
اسی طرح قائدآباد تھانے کی حدود میں لانڈھی شیر پاؤ کالونی، مولیٰ مدد قبرستان کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں ایک اور مبینہ ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔
چھیپا حکام کے مطابق زخمی ملزم کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی شناخت وارث خان کے نام سے ہوئی۔