کراچی؛ بیوی کے خلع لینے پر شوہر آپے سے باہر، سسرالیوں پر فائرنگ کر دی
اشاعت کی تاریخ: 28th, September 2025 GMT
کراچی:
اورنگی ٹاؤن راجہ تنویر کالونی میں داماد نے سسرال میں فائرنگ کرکے سسر، سالا اور سالی کو زخمی کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق اقبال مارکیٹ تھانے کے علاقے اورنگی ٹاؤن راجہ تنویر کالونی جامعہ فاروقیہ مسجد کے قریب گھر میں فائرنگ سے نو عمر لڑکے اور خاتون سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔
زخمیوں کی شناخت 40 سالہ غلام دار ولد حب دار، اس کا بیٹا 14 سالہ عدنان اور بیٹی 22 سالہ ایمان کے نام سے کی گئی۔
ایس ایچ او اقبال مارکیٹ شیر محمد کے مطابق فائرنگ کا واقعہ خاندانی رنجش کا شاخسانہ ہے، داماد محمد حسین نے بیوی کے خلع لینے پر سسر کے گھر میں آکر فائرنگ کر دی، جس سے اس کا سسر، سالا اور سالی زخمی ہوئے۔
فائرنگ کے واقعے کے بعد ملزم محمد حسین موقع سے فرار ہوگیا، پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کر دی۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
پولیس کی جوابی فائرنگ، ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار
پولیس جوانوں نے اپنی جان کی پرواہ نہ کرتے ہوئے راہزنوں کو ان کے مذموم مقاصد میں ناکام بنا دیا. ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق اسلام آباد تھانہ کھنہ کے علاقہ میں مسلح ڈاکوؤں نے پولیس ٹیم پر فائرنگ کی۔ دو ہونڈا 125 موٹر سائیکلوں پر چھ مسلح ڈکیت واردات کی نیت سے جا رہے تھے۔ پولیس ٹیم کو دیکھتے ہی ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس کے دو جوانوں کو سیدھی گولیاں لگیں لیکن حفاظتی اقدامات ،بلٹ پروف جیکٹ اور ہیلمٹ کی وجہ سے محفوظ رہے۔ پولیس ٹیم معمول کی چیکنگ میں مصروف تھی۔ تین ڈاکو اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہو کر گرفتار ہوئے۔ گرفتار زخمی ڈاکوؤں سے اسلحہ برآمد ہوا۔ پولیس والوں کی جانب سے ساتھی ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔