خلیج کیمبے پر ہوا کا انتہائی کم دباؤ بن گیا، سائیکلون الرٹ جاری
اشاعت کی تاریخ: 29th, September 2025 GMT
کراچی:
خلیج کیمبے (بھارت) کے اوپر ہوا کا انتہائی کم دباؤ بننے کے بعد محکمہ موسمیات نے سائیکلون کا پہلا الرٹ جاری کر دیا۔
محکمہ موسمیات کے سائیکلون وارننگ سینٹر کے مطابق ویل مارک ایریا خلیج کیمبے اور اس سے ملحقہ گجرات (انڈیا) کے قریب ہے، کم دباؤ کا شمال مغرب کی جانب بڑھنے کا امکان ہے۔
ہوا کا کم دباؤ یکم اکتوبر کو شمال مشرقی بحیرہ عرب میں بھارتی علاقے سوراشٹرا پہنچ سکتا ہے۔ شمال مشرقی بحیرہ عرب میں ابھرنے کے بعد سمندری سرگرمی شدت کے بعد ڈپریشن میں تبدیل ہو سکتی ہے۔
سائیکلون وارننگ سینٹر کے مطابق فی الحال پاکستان کے کسی ساحلی علاقے کو کوئی خطرہ نہیں ہے، اس سسٹم کی نگرانی کی جا رہی ہے۔
سائیکلون کے سبب کراچی میں درجہ حرارت میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب بڑھے کے سبب شدت زیادہ محسوس کی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے پوسٹ مون سون سسٹم کے تحت کراچی میں کل ہلکی سے درمیانی شدت کی بارش کی پیشگوئی بھی کی ہے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
بحیرۂ عرب میں موجود سسٹم شدت اختیار کرگیا، طوفان بننے کا امکان
— فائل فوٹوشمال مشرقی بحیرۂ عرب میں موجود سسٹم شدت اختیار کرگیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ڈپریشن اب ڈیپ ڈپریشن میں تبدیل ہوگیا ہے جس کے 12 گھنٹے میں طوفان بننے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ یہ سسٹم کراچی سے 400 کلومیٹر جنوب میں موجود ہے، اس کے اثر سے کراچی سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔ سسٹم کے زیرِ اثر سمندر میں طغیانی بھی رہے گی۔
محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ شہرِ قائد میں اگلے 24 گھنٹوں کے دوران مطلع جزوی ابر آلود اور موسم مرطوب رہنے کا امکان ہے جبکہ کہیں کہیں بوندا باندی ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے مزید بتایا ہے کہ شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔