جاتی امرا میں بیٹھک، پیپلز پارٹی کے ساتھ سیز فائر پر اتفاق
اشاعت کی تاریخ: 4th, October 2025 GMT
مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت – نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز – کے درمیان اہم ملاقات ہوئی جس میں پیپلز پارٹی کے ساتھ جاری کشیدگی ختم کرنے اور سیز فائر پر اتفاق کر لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اس اہم بیٹھک میں تین کلیدی سیاسی و حکومتی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔باہمی مشاورت کے ذریعے اختلافات کو مرحلہ وار ختم کرنے پر بھی زور دیا گیا۔
یاد رہے کہ حالیہ دنوں میںوزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے سیلاب متاثرین کے حوالے سے دیے گئے بیانات پر پیپلز پارٹی نے سخت ردعمل ظاہر کیا تھا۔ قومی اسمبلی اور سینیٹ میں احتجاجاً واک آؤٹ بھی کیا گیا جبکہ قمر زمان کائرہ، نوید قمر اور دیگر رہنماؤں نے مریم نواز کے لہجے کو غیر مناسب قرار دیا تھا۔
اس کشیدگی کو کم کرنے کے لیے گزشتہ ہفتے پارلیمنٹ ہاؤس میں اسپیکر ایاز صادق کے چیمبر میں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے درمیان ایک اہم ملاقات بھی ہوئی تھی جس میں لفظی جنگ بند کرنے اور اختلافات افہام و تفہیم سے سلجھانے پر اتفاق کیا گیا تھا۔
جاتی امرا میں ہونے والی ملاقات میں مریم نواز نے پارٹی قیادت کو اختلافات کے پس پردہ عوامل سے آگاہ کیا، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے نواز شریف کو پیپلز پارٹی قیادت سے حالیہ رابطوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔
ملاقات میں نواز شریف نے نہ صرف حکومت کی فلسطین میں امن قائم کرنے کی کوششوں کو سراہا بلکہ آزاد کشمیر کی حالیہ صورتحال اور وہاں کشیدگی کے خاتمے سے متعلق معاہدے کی بھی تفصیلات حاصل کیں۔
اس موقع پر وزیراعظم نے نواز شریف کوڈونلڈ ٹرمپ اور عرب رہنماؤں کے ساتھ حالیہ سفارتی رابطوں کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاک سعودی معاہدہ پاکستان کی بین الاقوامی حیثیت کو مزید مستحکم کر رہا ہے، اور اختلافات کو سیاسی بلوغت کے ساتھ حل کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے حکومت کو تاکید کی کہ کشمیری عوام کے جائز مطالبات پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور امن و امان کو خراب کرنے والوں کے خلاف موثر اقدامات کیے جائیں۔
یہ پیشرفت مستقبل میں دونوں بڑی جماعتوں کے درمیان کشیدگی میں کمی اورسیاسی استحکام کی جانب ایک مثبت قدم کے طور پر دیکھی جا رہی ہے۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: پیپلز پارٹی مریم نواز نواز شریف کے ساتھ
پڑھیں:
غزہ کے باشندوں کی نقل مکانی پر سمجھوتہ نہیں ہوگا،پاکستان اور اردن کا اتفاق
شاہ عبداللہ دوم وزیراعظم ہاؤس پہنچے،شہباز شریف نے استقبال کیا، گارڈ آف آنر پیش
ملاقات کے دوران بات چیت میں دوطرفہ تعلقات کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ
اردن اور پاکستان نے غزہ کے باشندوں کی نقل مکانی پر کوئی سمجھوتہ نہ کرنے اور غزہ جنگ بندی پر کام کرنے والے 8 ممالک سے مزید رابطے کرنے پر اتفاق کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کے سرکاری دورے پر آئے اردن کے شاہ عبداللہ دوم وزیراعظم ہاؤس پہنچے جہاں مسلح افواج کے دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا، وزیراعظم شہباز شریف نے ان کا استقبال کیا۔دونوں رہنماؤں نے ملاقات کے دوران بات چیت میں دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے ساتھ ساتھ اقتصادی، تجارت، سرمایہ کاری، صحت، سائنس و ٹیکنالوجی، تعلیم کے ساتھ ساتھ دفاعی شعبوں میں تعاون بڑھانے کے مواقع تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔رہنماؤں نے پاکستان اور اردن کے درمیان اسٹریٹجک اور اقتصادی تعلقات کو بڑھانے، علاقائی اور بین الاقوامی فورمز پر باہمی فائدہ مند تعاون کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔وزیراعظم نے شاہ عبداللہ دوم ابن الحسین کے دورہ پاکستان کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے پاکستان اور اردن کے درمیان پائیدار دوستی کے ثبوت کے طور پر اجاگر کیا۔ شاہ عبداللہ دوم نے غزہ تنازع کے ساتھ ساتھ جنگ کے بعد غزہ میں استحکام اور انسانی ہمدردی کی کوششوں میں اردن کے کردار کے لیے پاکستان کی مسلسل حمایت کی تعریف کی۔ ملاقات میں علاقائی سلامتی، امن کے اقدامات پر بھی تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔فلسطین کے معاملے پر دونوں رہنماؤں نے جنگ کے بعد غزہ کے حوالے سے پاکستان اور اردن کے اصولی مؤقف بشمول غزہ سے فلسطینیوں کی کسی بھی نقل مکانی کے حوالے سے کسی بھی سمجھوتے سے گریز کو تسلیم کیا۔دونوں رہنماؤں نے شرم الشیخ میں دستخط ہوئے غزہ امن معاہدے کے حوالے سے آٹھ عرب اسلامی ممالک، جو امریکا کے ساتھ مل کر غزہ میں جنگ بندی پر کام کر رہے ہیں ان کے درمیان روابط مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔وزیراعظم نے اردن کے شاہ عبداللہ دوم کو پاکستان کے پڑوس بالخصوص افغانستان اور بھارت میں ہونے والی حالیہ پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔ اردن کے شاہ عبداللہ دوم نے خطے میں امن و استحکام کو برقرار رکھنے میں پاکستان کے کلیدی کردار کا اعتراف کیا۔ شاہ عبداللہ دوم نے اپنے دورہ پاکستان کے دوران گرمجوشی سے مہمان نوازی پر پاکستانی عوام اور حکومت کا شکریہ ادا کیا۔دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے مفاہمتی یادداشتوں کے تبادلے کی تقریب بھی منعقد ہوئی۔ تقریب میں دونوں رہنماؤں نے شرکت کی۔ میڈیا، ثقافت اور تعلیم کے شعبوں میں مفاہمت کی یادداشتوں کا تبادلہ ہوا۔ وزیر اعظم نے شاہ عبداللہ اور ان کے ساتھ آنے والے وفد کے اعزاز میں عشائیے کا بھی اہتمام کیا۔ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک اور اعلیٰ سرکاری افسران بھی ملاقات میں موجود تھے۔