data-id="863a0a8" data-element_type="widget" data-widget_type="theme-post-content.default">

پشاور: خیبر پختونخوا میں جاری سیاسی ہلچل کے بعد صوبے کے نئے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی آج شام حلف اٹھائیں گے۔

حلف برداری کی یہ تقریب شام 4 بجے گورنر ہاؤس پشاور میں منعقد ہوگی، جس کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ گورنر ہاؤس نے باضابطہ طور پر وزیراعلیٰ ہاؤس کو تقریب کے وقت اور مقام سے آگاہ کر دیا ہے۔

ذرائع کے حوالے سے نجی ٹی وی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی گزشتہ شب کراچی سے پشاور پہنچے، اور وہ پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کے مطابق حلف لیں گے۔ قبل ازیں عدالت نے اپنے فیصلے میں واضح ہدایت دی تھی کہ نئے وزیراعلیٰ سے آج شام 4 بجے تک حلف لیا جائے، بصورت دیگر صوبائی اسمبلی کے اسپیکر کو یہ اختیار حاصل ہوگا کہ وہ خود حلف برداری کرائیں۔

عدالت کے اس فیصلے کے بعد صوبائی سیاسی کشیدگی میں واضح کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی نے گزشتہ روز گورنر کو ایک باضابطہ مراسلہ بھی بھیجا تھا، جس میں کہا گیا تھا کہ عدالتی حکم پر عمل درآمد میں مزید تاخیر نہ کی جائے ورنہ بطور اسپیکر وہ آئینی اختیار استعمال کرتے ہوئے حلف لیں گے۔

ذرائع کے حوالے سے مزید بتایا گیا ہے کہ گورنر فیصل کریم کنڈی کراچی میں بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ موجود تھے جب انہیں عدالت کے حکم سے آگاہ کیا گیا۔ بلاول بھٹو نے پارٹی نظم و ضبط کے تحت گورنر کو فوری طور پر پشاور روانگی اور عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کی ہدایت دی۔

واضح رہے کہ پیر کے روز صوبائی اسمبلی میں نئے وزیراعلیٰ کے انتخابی عمل کے بعد اپوزیشن جماعتوں نے عدالت سے رجوع کیا تھا۔ اپوزیشن کا مؤقف تھا کہ چونکہ سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کا استعفا باضابطہ طور پر منظور نہیں ہوا، لہٰذا سہیل آفریدی کا انتخاب آئینی طور پر متنازع ہے۔ اسی بنیاد پر گورنر نے بھی حلف لینے سے انکار کر دیا تھا۔

بعد ازاں پاکستان تحریک انصاف نے مؤقف اختیار کیا کہ علی امین گنڈاپور اسمبلی کے فلور پر استعفا دے چکے ہیں، اس لیے کسی قانونی ابہام کی گنجائش نہیں۔ پی ٹی آئی کی جانب سے عدالت میں یہ درخواست بھی دی گئی تھی کہ اگر گورنر حلف نہ لیں تو اسپیکر کو حلف لینے کا اختیار دیا جائے۔

سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے نے نہ صرف آئینی ابہام دور کیا بلکہ صوبائی انتظامی معاملات میں استحکام کا راستہ بھی کھول دیا ہے۔ آج کی تقریب کے بعد خیبرپختونخوا کی نئی کابینہ کی تشکیل کے امکانات بھی بڑھ گئے ہیں۔ سہیل آفریدی کے قریبی حلقوں کا کہنا ہے کہ وہ حکومت میں شفافیت، اچھی حکمرانی اور عوامی خدمت کے ایجنڈے کو ترجیح دیں گے۔

.

ذریعہ: Jasarat News

کلیدی لفظ: سہیل آفریدی کے بعد

پڑھیں:

نومنتخب وزیر اعلیٰٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کون ہیں؟

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور خیبر پختونخوا کے نو منتخب وزیراعلیٰ  محمد سہیل آفریدی کا تعلق ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ سے ہے۔

خیبر پختونخوا کے نو منتخب وزیراعلیٰ  محمد سہیل آفریدی کا تعلق ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ سے ہے۔

سہیل آفریدی نے پشاور یونیورسٹی سے بی ایس اکنامکس کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ وہ انصاف اسٹوڈنٹس فیڈریشن خیبر پختونخوا کے صدر اور انصاف یوتھ وِنگ خیبر پختونخوا کے صوبائی صدر بھی رہے۔

سہیل آفریدی نے 2024 کے ضمنی انتخابات میں آزاد حیثیت سے حصہ لیا تاہم اس دوران انہیں تحریک انصاف کی حمایت حاصل رہی۔

سہیل آفریدی صوبائی نشست پی کے 70 سے ن لیگ کے امیدوار بلاول آفریدی کو شکست دے کر پہلی مرتبہ رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے۔

وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے انہیں صوبائی کابینہ میں شامل کرتے ہوئے پہلے معاونِ خصوصی برائے کمیونیکیشن اینڈ ورکس مقرر کیا، بعد میں سہیل آفریدی کو صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم کا قلمدان سونپا گیا۔

متعلقہ مضامین

  • خیبرپختونخوا کے نئے وزیراعلیٰ کی حلف برداری کی تقریب آج ہوگی
  • نومنتخب وزیراعلیٰ سہیل آفریدی آج حلف اٹھائیں گے ،پشاور ہائیکورٹ کا گورنر کو حکم
  • پشاور ہائیکورٹ کا گورنرپختونخوا کو نومنتخب وزیراعلیٰ سے آج حلف لینے کا حکم
  • پختونخوا کے نومنتخب وزیراعلیٰ سے حلف؛ پشاور ہائیکورٹ نے درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا
  • نومنتخب وزیراعلیٰ سے حلف لینے سے متعلق درخواست پر فیصلہ محفوظ
  • پشاور ہائیکورٹ: جے یو آئی (ف) نے نومنتخب وزیراعلیٰ کے انتخاب کا عمل چیلنج کر دیا
  • جے یو آئی نے خیبر پختونخوا کے نئے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا انتخاب چیلنج کردیا
  • نومنتخب وزیر اعلیٰٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کون ہیں؟
  • نومنتخب وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کون ہیں؟