سکیورٹی خدشات: اورنج لائن ٹرین اور لاہور میٹرو سروس کا روٹ محدود کردیا گیا
اشاعت کی تاریخ: 17th, October 2025 GMT
سکیورٹی خدشات کے باعث حکومت پنجاب نے لاہور میں اورنج لائن ٹرین اور میٹرو بس سروس کے کچھ حصے عارضی طور پر بند کر دیے ہیں۔ ترجمان محکمہ ٹرانسپورٹ کے مطابق لاہور میٹرو بس سروس کو ایم اے او کالج سے شاہدرہ تک بند کر دیا گیا ہے، جبکہ اب یہ سروس صرف گجومتہ سے ایم اے او کالج تک محدود رہے گی۔ اس کے علاوہ اورنج لائن ٹرین کے بند روڈ اسٹیشن اور ملتان روڈ اسٹیشن بھی مکمل طور پر بند کر دیے گئے ہیں۔
یہ فیصلہ موجودہ سکیورٹی صورتحال کے پیشِ نظر کیا گیا ہے، تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بچا جا سکے۔ محکمہ ٹرانسپورٹ کے مطابق عوام کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور اس مقصد کے لیے ٹرانسپورٹ سروسز کی جزوی معطلی ضروری سمجھی گئی۔
تاہم اس فیصلے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ روزانہ ہزاروں افراد ان سروسز پر انحصار کرتے ہیں، اور سروس کی بندش سے ان کے لیے سفر مہنگا اور وقت طلب ہو گیا ہے۔ متاثرہ علاقوں کے رہائشیوں کو متبادل ذرائع تلاش کرنا پڑ رہے ہیں، جبکہ محدود سروس کے باعث فعال حصوں میں بھی غیر معمولی رش دیکھنے میں آیا ہے۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ یہ اقدامات عارضی ہیں، اور حالات بہتر ہوتے ہی سروس بحال کر دی جائے گی۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ صبر اور تعاون کا مظاہرہ کریں۔ سکیورٹی ادارے اور ٹرانسپورٹ حکام صورت حال کا مسلسل جائزہ لے رہے ہیں تاکہ جلد از جلد معمولات بحال کیے جا سکیں۔
.
ذریعہ: Al Qamar Online
پڑھیں:
حکومت پنجاب نے لاہور ڈیولپمنٹ پلان کے دوسرے فیز کا باقاعدہ آغاز کردیا
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ لاہور ڈیولپمنٹ پلان کے دوسرے فیز کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ لاہور کے کسی علاقے میں اب ٹوٹی گلی یا بکھرا محلہ نہیں دکھے گا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور شہر کی 6,284 گلیوں کی مکمل اپ گریڈیشن کی جائے گی۔ آئندہ سال 30 جون تک لاہور میونسپل کارپوریشن کی 5,798 اور واسا کی 486 گلیوں کو جدید اور قابل فخر بنایا جائے گا۔
وزیر اعلی مریم نواز شریف کی زیر صدارت لاہور ڈیولپمنٹ فیز ٹو سے متعلق اجلاس ہوا جس میں تفصیلی بریفنگ ضروری ہدایات دی گئیں۔ لاہور کا ہر محلہ روشن اور آباد بنانے کے لیے مرحلہ وار ماہانہ ورک پلان پیش کیا گیا۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ لاہور کی ترقی میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا- لاہور ڈیولپمنٹ پلان فیز ٹو کی تکمیل میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ لاہور کے ہر کونے کو اب ٹوٹ پھوٹ سے آزاد اور شہریوں کے لیے باعزت بنایا جائے گا-
انہوں نے کہا کہ 6 ہزار سے زائد گلیوں کی اپ گریڈیشن کے ساتھ لاہور کا ہر محلہ رہائش کے لیے فخر کی علامت بنے گا۔