انجان لوگوں سے اسکرین شیئرنگ، میٹا لوگوں کو بروقت خبردار کرے گا
اشاعت کی تاریخ: 21st, October 2025 GMT
ٹیکنالوجی کمپنی میٹا صارفین کو جعلسازوں سے بچانے کے بڑا اقدام کرنے جارہی ہے۔میٹا کا کہنا ہے کہ جب بھی کوئی صارف واٹس ایپ پر نامعلوم شخص کے ساتھ ویڈیو کال کے دوران اسکرین شیئر کرنے کی کوشش کرے گا تو میسجنگ پلیٹ فارم اس عمل میں سے روکنے کے لیے انتباہ جاری کرے گا۔ میٹا فیس بک میسنجر میں مشکوک چیٹ کی نشان دہی بھی کرے گا۔
جعلساز باقاعدگی کے ساتھ آن لائن آکاؤنٹس اور فیس بک پیجز بناتے ہیں اور بینک، ایئر لائنز اور دیگر کمپنیوں کے کسٹمر سروس نمائندگان ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں۔
یہ جعلساز برانڈ کے اکاؤنٹس کا جائزہ لیتے ہیں اور صارفین کے کمنٹس دیکھ کر ان کو درپیش مشکلات کو جانتے ہیں اور ان سے رابطہ کر کے خود کو برانڈ کا ہیلپ ڈیسک بتاتے ہیں۔
یہ جعلساز سروس پر لاگ آن ہونے سے قبل شکار سے اپنی اسکرین شیئر کرنے کے لیے کہتے ہیں تاکہ وہ حساس معلومات حاصل کر سکیں۔ اگرچہ، وہ عموماً براہ راست پاسورڈ تو حاصل نہیں کر پاتے ہیں لیکن یوزر نیم اور دیگر معلومات کی مدد سے پاسورڈ تبدیل کرنے کی کوشش کر سکتے ہیں۔ جس کے بعد شکار کی اسکرین پر آنے والے ویریفیکیشن کوڈ کو حاصل کر سکتے ہیں۔
میٹا کا کہنا ہے کہ کمپنی اب صارفین کو انجان افراد کے ساتھ اسکرین شیئر نہ کرنے کے لیے باقاعدگی کے ساتھ انتباہ جاری کرے گی۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
دوران زچگی انتقال کرنے والی ٹک ٹاکر پیاری مریم کے آخری وی لاگ نے نئی بحث چھیڑ دی
معروف ٹک ٹاکر پیاری مریم دورانِ زچگی انتقال کر گئیں، ان کی وفات نے سوشل میڈیا پر گہرے افسوس اور صدمے کی فضا پیدا کر دی ہے۔ ان کے انتقال کے بعد ان کے آخری وی لاگ نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی۔
پیاری مریم کے آخری وی لاگ کے مختلف کلپس سوشل میٖڈیا صارفین کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔ ان ویڈیوز میں وہ اپنے حمل کے روزمرہ معمولات، بچوں کے لیے کی جانے والی خریداری اور اپنے گھر والوں کی خوشی کے بارے میں بات کرتی دکھائی دیتی ہیں۔
ٹک ٹاکر پیاری مریم نے ایک وی لاگ میں بتایا تھا کہ وہ ہر تفصیل اپنے مداحوں سے اس لیے شیئر کرتی ہیں تاکہ لوگ ان کی اور ان کے آنے والے بچوں کی خوشحالی کے لیے دعا کریں۔
مریم اور ان کے شوہر نے کئی مواقع پر والدین بننے کی خوشی کا اظہار کیا تھا اور امید ظاہر کی تھی کہ زچگی کا مرحلہ بخیر و خوبی گزر جائے گا۔ تاہم ان کی اچانک موت نے مداحوں اور سوشل میڈیا صارفین کو شدید غمزدہ کردیا۔
سوشل میڈیا پر متعدد صارفین کا کہنا ہے کہ مسلسل نمائش اور ہر چیز کو عوام کے ساتھ شیئر کرنے کی وجہ سے وہ نظر بد کا شکار ہوئیں۔ بہت سے افراد نے لکھا کہ جو لوگ شہرت میں ہوتے ہیں وہ ہمیشہ مثبت نظر کا سامنا نہیں کرتے اور ان کے خیال میں یہی ان کی وفات کی وجہ بنی۔ تقریباً تمام صارفین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ مریم کی موت نظر بد کی وجہ سے ہوئی، اگرچہ اس بارے میں کوئی تصدیق موجود نہیں۔
ایک مداح نے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ کون جانتا تھا کہ وہ پھر کبھی یہ خوشیاں نہیں دیکھ پائے گی۔ اس نے مریم کی مغفرت اور خاندان کے لیے صبر کی دعا بھی کی۔ ایک اور صارف نے کہا کہ زندگی اور موت اللہ کے ہاتھ میں ہے۔
پیاری مریم کی وفات نے انٹرنیٹ پر سوگ کی کیفیت پیدا کر دی ہے اور لوگ ان کی یاد میں نہ صرف تعزیتی پیغامات لکھ رہے ہیں بلکہ ان کے آخری لمحات اور وی لاگز کے بارے میں بھی گفتگو کر رہے ہیں۔