میٹا کا ’میسنجر ایپ‘ سے متعلق بڑا فیصلہ!
اشاعت کی تاریخ: 21st, October 2025 GMT
سوشل میڈیا پلیٹ فارمز فیس بک، واٹس ایپ اور انسٹاگرام کی مالک کمپنی میٹا نے ونڈوز اور میک ڈیسک ٹاپ صارفین کے لیے میسنجر ایپلیکیشنز کو بند کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
ٹیکنالوجی کمپنی کی جانب سے 15 دسمبر 2025 کو یہ ایپ غیر فعال کر دی جائے گی جس کے بعد اس پلیٹ فارم کو لیپ ٹاپ یا ڈیسک ٹاپ پی سی پر پیغامات، تصاویر، ویڈیوز، دستاویزات اور دیگر کسی مقصد کے لیے استعمال نہیں کیا جا سکے گا۔
البتہ، صارفین کی میسنجر تک رسائی مکمل طور پر ختم نہیں کی جائے گی۔ بلکہ ایپ کے بجائے صارفین فیس بک ڈاٹ کام یا میسنجر ڈاٹ کام پر جا کر سروس استعمال کر سکیں گے۔
کمپنی نے اس متعلق صارفین کو دو ماہ پہلے سے ہی آگاہ کرنا شروع کر دیا ہے تاکہ ایپلی کیشن کے بند ہونے سے قبل متبادل کا بندوبست کیا جا سکے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
یورپی یونین میٹا کے خلاف انکوائری کی تیاری کیوں کررہی ہے؟
یورپی یونین کی جانب سے میٹا پلیٹ فارمز کے خلاف نئی اینٹی ٹرسٹ انکوائری شروع کرنے کی تیاری جاری ہے۔
یورپی یونین کا تحقیقاتی کمیشن واٹس ایپ میں مصنوعی ذہانت کے فیچرز کے انضمام کا جائزہ لے گا، اس پیش رفت سے بڑے ٹیک اداروں کی اے آئی سرگرمیوں پر بڑھتی ہوئی نگرانی واضح ہورہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:نازیبا گفتگو کرنے پر میٹا کا ’بے قابو‘ اے آئی چیٹ بوٹ زیرعتاب، انکوائری جاری
کمیشن رواں برس میٹا کی جانب سے واٹس ایپ میں میٹا اے آئی کے استعمال سے متعلق تحقیقات شروع کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، میٹا اے آئی، جو چیٹ بوٹ اور ورچوئل اسسٹنٹ پر مشتمل ہے، مارچ 2025 سے یورپی یونین کی مارکیٹس میں واٹس ایپ کے اندر شامل کیا جارہا ہے۔
میٹا کے مطابق کمپنی کو نئی انکوائری کے حوالے سے کوئی معلومات موصول نہیں ہوئیں، جبکہ اس نے اٹلی میں جاری سابقہ تحقیقات کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔
اٹلی کے اینٹی ٹرسٹ ریگولیٹر نے جولائی میں تحقیقات شروع کی تھیں کہ آیا میٹا نے اپنی مارکیٹ پاور کا استعمال کرتے ہوئے اے آئی ٹول کو واٹس ایپ میں ضم کر کے مسابقت محدود کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: میٹا نے اے آئی چیٹ بوٹس پر بچوں کیساتھ فلرٹ اور خودکشی سے متعلق گفتگو پر پابندی لگا دی
نومبر میں یہ تحقیقات مزید وسیع کر دی گئی تھیں تاکہ اس الزام کا جائزہ لیا جا سکے کہ میٹا نے حریف اے آئی چیٹ بوٹس کو پلیٹ فارم پر رسائی سے روکا ہے۔
یورپی کمیشن آئندہ چند دنوں میں تحقیقات کے آغاز کا اعلان کرسکتا ہے، تاہم تاریخ میں تبدیلی بھی ممکن ہے، یہ انکوائری روایتی اینٹی ٹرسٹ قوانین کے تحت کی جائے گی، ڈیجیٹل مارکیٹس ایکٹ کے تحت نہیں، جسے اس وقت ایمیزون اور مائیکروسافٹ کی کلاوڈ سروسز کا جائزہ لینے کے لیے استعمال کیا جارہا ہے۔
یورپی کمیشن نے اس معاملے پر کسی بھی قسم کا تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
we news اینٹی ٹرسٹ انکوائری میٹا یورپی یونین