خیبر پختونخوا میں گورنر راج کی افواہیں جمہوریت کے لئے نقصان دہ ہیں، عبدالواسع
اشاعت کی تاریخ: 6th, December 2025 GMT
جماعت اسلامی کے صوبائی امیر کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں گزشتہ کئی ماہ سے بدامنی، ٹارگٹ کلنگ، اغواء برائے تاوان اور دہشت گردی کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہوا ہے۔ اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا وسطی عبدالواسع نے کہا ہے کہ صوبے میں گورنر راج کے نفاذ سے متعلق گردش کرتی افواہیں نہ صرف تشویش ناک ہیں بلکہ جمہوری عمل اور صوبائی خودمختاری کے تقاضوں کی بھی سنگین خلاف ورزی ہیں۔ جماعت اسلامی روزِ اوّل سے اس طرزِ حکمرانی کی سخت مذمت کرتی رہی ہے اور واضح کرتی ہے کہ انتظامی ناکامیوں کا حل غیر جمہوری اقدامات نہیں، بلکہ مؤثر طرزِ حکمرانی اور قانون کی عملی بالادستی میں مضمر ہے۔ ان خیالات کا اظہار امیرِ جماعت اسلامی خیبر پختونخوا وسطی عبدالواسع نے جماعت اسلامی خیبر پختونخوا وسطی کے امرائے اضلاع کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جو جماعت اسلامی کے صوبائی ہیڈ کوارٹر مرکز اسلامی پشاور میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں موجودہ صوبائی حکومت کی ناقص کارکردگی اور امن و امان کی گھمبیر صورتحال پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا اور صوبے بھر میں بڑھتی ہوئی بدامنی پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ موجودہ حکومت عوام کو تحفظ فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں گزشتہ کئی ماہ سے بدامنی، ٹارگٹ کلنگ، اغواء برائے تاوان اور دہشت گردی کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ صوبے کے اکثر اضلاع میں ترقیاتی منصوبے روک دیے گئے ہیں، فنڈز منجمد ہیں، اور عوام بنیادی سہولیات کے بغیر زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ حکومت کی اس عدم توجہی نے انتظامی بحران کو مزید گہرا کر دیا ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امیرِ صوبہ عبدالواسع نے مزید کہا کہ صوبہ اس وقت تاریخ کے نازک ترین دور سے گزر رہا ہے۔ عوام کو تحفظ چاہیے، روزگار چاہیے اور بنیادی سہولیات کی فراہمی چاہیے، لیکن صوبائی حکومت رائے عامہ، اضلاع کی آواز اور زمینی حقائق سے مکمل بے خبر ہے۔ گورنر راج کی باتیں اس ناکامی کو چھپانے کی کوشش ہیں۔ جماعت اسلامی اس غیر سنجیدہ طرزِ حکمرانی کو مسترد کرتی ہے اور عوام کے حقوق کی جدوجہد جاری رکھے گی۔ اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ صوبائی حکومت فوری طور پر امن و امان کی بحالی کے لیے واضح اور مضبوط حکمت عملی پیش کرے۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: خیبر پختونخوا جماعت اسلامی
پڑھیں:
مریم نواز کا بیان: ’’12 سال کی پی ٹی آئی حکومت نے خیبر پختونخوا کو کھنڈر بنا دیا‘‘
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ہری پور میں ن لیگ کی جیت کو پی ٹی آئی حکومت کی 12 سالہ نااہلی کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا میں مسلسل بارہ برس کی حکمرانی نے پورے صوبے کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا۔ گوجرانوالہ میں ماس ٹرانزٹ منصوبے کے سنگِ بنیاد کی تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے اپنی تمام توجہ پنجاب پر حملوں میں صرف کی جبکہ موجودہ وزیراعلیٰ پوری حکومتی مشینری کے ساتھ اڈیالہ جیل کے باہر نظر آتے ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ میٹرو بس ن لیگ کی پہچان ہے، لاہور، راولپنڈی اور ملتان کے بعد اس سال مزید دو شہروں میں میٹرو منصوبے شروع کیے جا رہے ہیں۔ ان کے مطابق پنجاب میں جتنے بھی ترقیاتی منصوبے نظر آتے ہیں، ان پر نواز شریف اور شہباز شریف کی محنت درج ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیڑھ سال میں ملک کو ڈیفالٹ سے نکالا، اور آج وہ لوگ جشن منا رہے ہیں جو ملک کو دیوالیہ کرنے چھوڑ کر گئے تھے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ پنجاب میں اس سال 20 ہزار کلومیٹر سڑکیں بن چکی ہیں اور دو سال میں یہ تعداد 30 ہزار کلومیٹر تک پہنچ جائے گی۔ لاہور میں 6 ہزار گلیاں مکمل ہو چکی ہیں جبکہ سال کے آخر تک 16 ہزار گلیوں کی تعمیر مکمل کی جائے گی۔ 2600 ماڈل ویلجز بنیں گے اور بارش میں پانی جمع ہونے کا مسئلہ ختم کردیا جائے گا۔
مریم نواز نے سماجی فلاح کے اقدامات کی تفصیل دیتے ہوئے کہا کہ 15 لاکھ خاندانوں کو راشن کارڈ مل چکے ہیں اور اگلے سال 30 لاکھ کو دیے جائیں گے، 80 ہزار اسکالرشپس اور ایک لاکھ لیپ ٹاپ فراہم کیے جا چکے ہیں۔ سرکاری اسکولوں میں پہلی بار ٹیسٹ کے ذریعے داخلے ہو رہے ہیں اور بچوں کو اے آئی اور روبوٹکس بھی پڑھائی جارہی ہے۔
انہوں نے صحت کے شعبے میں اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ لاہور میں ملک کا سب سے بڑا کینسر اسپتال بن رہا ہے اور کلینک آن وہیلز گھر گھر پہنچ کر علاج فراہم کر رہے ہیں جبکہ دوائیاں عوام کی دہلیز تک پہنچائی جا رہی ہیں۔ لاہور رنگ روڈ کے قریب نواز شریف میڈیکل ڈسٹرکٹ بھی قائم کیا جا رہا ہے۔
بدترین سیلاب کے باوجود ایک ماہ میں سروے مکمل کیا گیا اور ہر متاثرہ شخص کو امدادی چیک فراہم کیا گیا۔ 7.5 لاکھ کسانوں کو کسان کارڈ اور 30 ہزار کسانوں کو مشینری فراہم کی گئی۔ مریم نواز کے مطابق پورا پنجاب سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مانیٹر کیا جا رہا ہے اور ڈرون مانیٹرنگ کی بدولت جرائم میں 80 فیصد کمی آئی ہے۔ کچھ اضلاع میں کئی کئی دن تک کوئی جرم رپورٹ نہیں ہوتا۔
انہوں نے یقین دلایا کہ پنجاب جلد منشیات سے پاک ہوگا اور اسلحہ کلچر کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔ کھربوں روپے کے منصوبوں میں ایک روپے کی کرپشن بھی ثابت نہیں کی جاسکتی کیونکہ کام میرٹ پر ہوتا ہے۔ مریم نواز نے آخر میں کہا کہ عوامی خدمت کا سفر جاری رہے گا کیونکہ پنجاب اب ترقی اور استحکام کے راستے پر گامزن ہو چکا ہے۔