ڈیرہ بگٹی، سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 5 بھارتی اسپانسرڈ دہشت گرد ہلاک
اشاعت کی تاریخ: 6th, December 2025 GMT
کوئٹہ:
سیکورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی میں بھارتی پراکسی، فتنۃ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاعات پر انٹیلی جنس کی بنیاد پر کامیاب کارروائی کی اور 5 بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ڈیرہ بگٹی میں آپریشن کے دوران فورسز نے مؤثر انداز سے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 5 بھارتی اسپانسرڈ دہشت گرد مارے گئے۔
بیان میں کہا گیا کہ دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا، ہلاک دہشت گرد علاقے میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ علاقے میں پائے جانے والے کسی بھی ممکنہ ہندوستانی اسپانسرڈ دہشت گرد کو ختم کرنے کے لیے کلئیرنس آپریشن جاری ہے، سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے وژن ‘عزم استحکام’ کے تحت دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: اسپانسرڈ دہشت گرد
پڑھیں:
خیبرپختونخوا: سیکیورٹی فورسز کی دو کارروائیوں میں 9 خوارج ہلاک
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے ضلع ٹانک اور لکی مروت میں دو الگ کارروائیوں کے دوران فتنۃ الخوارج کے 9 دہشتگرد ہلاک کر دیے۔
آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق، 5 دسمبر کو ضلع ٹانک میں خفیہ اطلاع کی بنیاد پر انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، جس میں بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے 7 خوارج مارے گئے۔ بعد ازاں، ضلع لکی مروت میں فائرنگ کے تبادلے میں مزید 2 خوارج ہلاک ہوئے۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ ہلاک شدگان قانون نافذ کرنے والے اداروں اور معصوم شہریوں کے خلاف دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے، اور آپریشنز کے دوران ان کے ٹھکانے کو موثر انداز میں نشانہ بنایا گیا۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ علاقے میں باقی خوارج کے خاتمے کے لیے سرچ اور کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں تاکہ مقامی اور قومی سلامتی کو مزید تحفظ فراہم کیا جا سکے۔