علی پور کے سیلاب متاثرین کے لیے امدادی رقوم کی فراہمی کا آغاز، متاثرہ خاندانوں کو ATM کارڈ جاری
اشاعت کی تاریخ: 22nd, October 2025 GMT
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر علی پور کے سیلاب زدہ علاقوں میں متاثرہ خاندانوں کو امدادی رقوم کی تقسیم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ متاثرین اب ATM کارڈ کے ذریعے 50 ہزار روپے نقد امدادحاصل کر سکیں گے۔
وزیراعلیٰ کی وزارتی ٹیم، سینیئر وزیر مریم اورنگزیب کی قیادت میں علی پور پہنچی، جہاں سیلاب سے متاثرہ افراد کی دادرسی کا عمل شروع کیا گیا۔ متاثرین کو جانی نقصان، گھروں کے گرنے یا مویشیوں کے ضیاع پر یہ رقم دی جا رہی ہے۔
امدادی پیکج کے تحت نہ صرف کیش فراہم کیا جا رہا ہے بلکہ ہر مستحق خاندان کوبینک اکاؤنٹ اور ATM کارڈ بھی جاری کیا جا رہا ہے، تاکہ امداد کی ترسیل شفاف، تیز اور محفوظ ہو۔
اعلیٰ سطحی وفد میں مریم اورنگزیب کے ساتھ خواجہ سلمان رفیق، رانا سکندر حیات، کاظم علی پیر زادہ اور صہیب بھرتھ بھی شامل تھے، جو موقع پر حالات کا جائزہ لینے کے لیے موجود رہے۔
پنجاب بھر میں خصوصی فلڈ ریلیف سروے جاری ہے، جس کے 83 فیصد کام مکمل ہو چکے ہیں۔ حکام کے مطابق، سروے کا عمل 28 اکتوبر تک مکمل کر لیا جائے گا۔
اب تک سیلاب بحالی پروگرام کے تحت پنجاب میں 93 ہزار سے زائد متاثرین کے بینک اکاؤنٹس کھولے جا چکے ہیں، تاکہ وہ اپنی امدادی رقم بروقت اور باعزت طریقے سے حاصل کر سکیں۔
یہ اقدام پنجاب حکومت کے اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ آفت سے متاثرہ افراد کو فوری اور مؤثر ریلیف پہنچایا جائے — نہ صرف امداد کی صورت میں، بلکہ ایک منظم نظام کے تحت جو ان کی عزتِ نفس کا بھی خیال رکھے۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
ہاتھ نہیں پھیلائے مریم نواز ‘ سیلاب متاثرین کیلئے 100ارب کا تاریخی پیکج ‘ دیپا لپور سے افتتاح
لاہور+ اوکاڑہ+ حجرہ شاہ مقیم (نیوز رپورٹر +نوائے وقت رپورٹ+ نمائندگان) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سیلاب متاثرین بحالی پروگرام کی افتتاحی تقریب میں سیلاب متاثرین کے لئے 100ارب روپے کے تاریخی امدادی پیکج‘ امدادی رقوم کے حصول کیلئے آمدورفت کی ٹرانسپورٹ بھی متاثرین کو فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سیلاب متاثرین بحالی پروگرام کی تقریب سے دیپالپور میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب متاثرین کی امداد شروع ہونے پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں۔ تاریخ کے بد ترین سیلاب نے پنجاب کو گھیرا۔ گھر اور مال و مویشی بھی بہہ گئے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب کی پوری حکومت سیلاب متاثرین کے ساتھ رہی، تین ہفتے تک میں خود بھی گھر نہیں بیٹھی اور نہ ہی دفتر گئی۔ پنجاب پاکستان کا پہلاصوبہ ہے جس نے انسان ہی بلکہ لاکھوں مویشیوں کی بھی جانیں بچائیں۔ اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ ریسکیو ریلیف آپریشن پنجاب نے اپنے وسائل سے کیا۔ دنیا کے سامنے ہاتھ نہیں پھیلائے۔ عوام کے پیسے کو عوام کے قدموں میں ہی ڈھیر کریں گے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے سیلاب متاثرین کی مدد کرنے پر حوصلہ اور شاباش دی۔ عوام کے ساتھ کھڑے ہونا اور انتھک محنت محمد نواز شریف اور شہباز شریف سے سیکھی۔ جب تک وزیر اعلیٰ ہوں عوام کو کوئی میلی آنکھ سے کوئی نہیں دیکھ سکتا۔ کرپشن کے دروازے بند کر دیئے۔ مختص 100ارب روپے میں سیلاب متاثرین کے سوا کسی کو نہیں ملے گا۔ سیلاب متاثرین میں جو رہ جائے گا، اس کی شکایت کے لئے الگ نظام وضع کیا ہے۔ پہلے مرحلے میں 15 اضلاع میں معاوضے دیئے جارہے ہیں۔ سیلاب متاثرین کی سہولت کے لئے 75مقامات پر سیلاب بحالی امدادی کیمپ قائم کیے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ71ہزار سے زائد سیلاب متاثرین کے بینک اکاؤنٹ کھل چکے ہیں۔ آج پاکستان میں پنجاب کی ترقی کی مثالیں دی جارہی ہیں۔ جو ترقی اور وسائل بڑے شہروں کو میسر ہیں، وہی چھوٹے شہروں کے لئے بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز سب کی سی ایم اور سب کی بیٹی ہے۔ پنجاب کا ہر خاندان میرے لیے اپنے خاندان کی طرح اہم ہے۔ ریاست ماں کی طرح ہوتی ہے جو حفاظت بھی کرتی اور خیال بھی رکھتی ہے۔ جب تک کیمپ میں آخری بندے کو امدادی رقم نہیں ملے گی کیمپ بند نہیں ہوگا۔ دیپالپور کے سیلاب متاثرہ افراد کو 50ہزار کیش اور اے ٹی ایم کارڈ دیئے گئے۔ تحصیل دیپالپور میں 500 سیلاب متاثرین کو ایک ہی دن میں 9 کروڑ 60 لاکھ روپے جاری کیے گئے۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے سیلاب متاثرین کو فرنٹ پر بٹھانے کا حکم دیا اور انہیں کے درمیان بیٹھ گئیں۔ وزیراعلی مریم نواز شریف سیلاب متاثرین میں گھل مل گئیں اور متاثرین کو جلد از جلد گھر کی تعمیر کی یقین دہانی کرائی۔ سیلاب متاثرہ خواتین نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا پیسے ملنے پرشکریہ بھی ادا کیا۔ وزیراعلی مریم نواز شریف بزرگ خاتون نور بیگم اور زینب بی بی کا ہاتھ پکڑ کر خود کاؤنٹر پر لے گئیں، پراسس مکمل کرایا، بائیو میٹرک کے بعد 50 ہزارروپے اور اے ٹی ایم کارڈ دیا۔ پنجاب بنک کے فلڈ ڈسپرسمنٹ کیمپ سائٹ میں سیلاب متاثرین کی آؤ بھگت، لنچ، کولڈ ڈرنک، سنکیس اور جوسز سے تواضع کی گئی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو اوکاڑہ میں سیلاب متاثرین کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ صوبہ بھر میں 73 فی صد سروے مکمل کر لیا گیا اور چند ہفتے میں تکمیل ہوجائے گی۔ پنجاب بنک کی اے ٹی ایم مشین سے کارڈ کے ذریعے 24 گھنٹے میں لاکھ لاکھ کرکے تین لاکھ روپے نکالے جا سکتے ہیں۔ دریں اثناء وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے دیوالی کے تہوار پر خصوصی پیغام میں کہا کہ دیوالی کا دیپ محبت کی جوت جگاتا ہے۔ اقلیتوں کے لئے’’سپیشل مینارٹی کارڈ‘‘ کا اجراء کردیا۔ ’’مینارٹی ورچوئل پولیس سٹیشن‘‘ بھی قائم کررہے ہیں۔