نیشنل گیمز کا بجٹ 52 کروڑ سے تجاوز کرگیا، اضافی اخراجات پر اہم اجلاس طلب
اشاعت کی تاریخ: 22nd, October 2025 GMT
کراچی میں منعقد ہونے والے 35ویں نیشنل گیمز کے اخراجات منظور شدہ بجٹ 52 کروڑ روپے سے تجاوز کر گئے ہیں۔ باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ کھیلوں کے انعقاد میں تاخیر اور افتتاحی و اختتامی تقریبات کے رنگا رنگ انتظامات کے باعث اخراجات میں غیر متوقع اضافہ ہوا ہے۔ ان اضافی اخراجات کے جائزے اور بجٹ کی منظوری کے لیے بدھ کے روز ایک اہم اجلاس طلب کر لیا گیا ہے۔
اس حوالے سے سندھ کے وزیر کھیل سردار محمد خان بخش مہر کا کہنا ہے کہ ہمارا مقصد نیشنل گیمز کو شایانِ شان انداز میں منعقد کرنا ہے تاکہ کھلاڑیوں کو بہترین ماحول فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے گیمز کے کامیاب انعقاد کے لیے مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے، اور اُمید ہے کہ صوبے کو 18 سال بعد ملی اس میزبانی کے موقع پر اضافی بجٹ کی بھی منظوری مل جائے گی۔
یاد رہے کہ 35ویں نیشنل گیمز کا انعقاد ابتدائی طور پر رواں سال مئی میں ہونا تھا۔ تاہم، شہر میں شدید گرمی کے باعث، تمام تر تیاریوں اور ٹیموں کی تشکیل کے باوجود گیمز ملتوی کر دیے گئے تھے، جس سے اخراجات میں مزید اضافہ ہوا۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: نیشنل گیمز
پڑھیں:
نیشنل گیمز کی میزبانی صوبہ سندھ کیلئے فخر کی بات ہے،وزیراعلیٰ
بلاول بھٹو کی آمد کا شکر گزار ہوں،شہر قائد میں 18سال بعد قومی کھیلوں کا میلہ سج رہا ہے
حتی الامکان کوشش کرینگے مہمانوں کو بہترین سہولیات فراہم کریں،تقریب سے خطاب
وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ نیشنل گیمز کی میزبانی کرنا صوبہ سندھ کے لئے فخر کی بات ہے، بلاول بھٹو زرداری کی آمد کا شکر گزار ہوں۔ نیشنل گیمز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ کراچی میں 18سال بعد قومی کھیلوں کا میلہ سج رہا ہے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ پورے پاکستان سے آئے ایتھلیٹس 32کھیلوں کے مقابلوں میں حصہ لے رہے ہیں، یہ گیمز قومی یکجہتی اور بین الصوبائی ہم آہنگی کی مثال ہے، نظم و ضبط اور اتحاد کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں۔ وزیراعلیٰ سندھ کا مزید کہنا تھا کہ ہم حتی الامکان کوشش کریں گے کہ مہمانوں کو بہترین سہولیات فراہم کریں گے، نیشنل گیمز کو مثالی گیمز بنائیں گے۔