پی سی بی کا نیاز سٹیڈیم حیدرآباد میں پی ایس ایل میچز کروانے کا عندیہ
اشاعت کی تاریخ: 3rd, December 2025 GMT
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اندرون سندھ کے واحد نیاز سٹیڈیم میں پی ایس ایل سمیت انٹرنیشنل میچز کروانے کا عندیہ دے دیا۔پی سی بی کے ڈائریکٹر ڈومیسٹک خرم نیازی نے نیاز سٹیڈیم کا دورہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیاز سٹیڈیم کی حالت پہلے سے بہتر ہے، لائٹس کی بھی تنصیب ہوچکی ہے۔ڈائریکٹر ڈومیسٹک پی سی بی نے کہا ہے کہ میئر حیدرآباد نیاز سٹیڈیم کو پی سی بی کے حوالے کرنے کا معاہدہ کریں تو سٹیڈیم پر بین الاقوامی معیار کے مطابق کام شروع کردیا جائے گا۔میئر حیدرآباد کاشف شورو نے پی سی بی کو سٹیڈیم کے حوالے کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔شائقین کرکٹ کا کہنا تھا کہ پی سی بی نیاز سٹیڈیم کو بین الاقوامی معیار کے مطابق تیار کرکے کرکٹ کے دروازے کھول سکتی ہے، اس کے لیے محض سنجیدگی اور عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔نیاز سٹیڈیم حیدرآباد کی اپنی ایک منفرد تاریخ ہے، نیاز سٹیڈیم میں پاکستانی ٹیم ناقابل شکست رہی ہے، جنوری 2008 میں پاکستانی ٹیم نے زمبابوے کو شکست دے کر اپنا ریکارڈ برقرار رکھا۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: نیاز سٹیڈیم پی سی بی
پڑھیں:
ایشین گیمز 2026 :کرکٹ مقابلوں کے شیڈول اور گروپس کا اعلان
لاہور(نیوز ڈیسک)ایشین گیمز 2026 کے مردوں اور خواتین کے کرکٹ مقابلوں کے لیے ڈراز اور گروپس کا اعلان کر دیا گیا ہے، جس کے تحت پاکستان، بھارت، بنگلا دیش اور سری لنکا کی مردوں کی ٹیموں نے براہِ راست ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
ایشین گیمز 2026 کے کرکٹ مقابلوں کے ڈراز کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا ہے، جس میں مردوں اور خواتین دونوں ایونٹس کے شیڈول، گروپس اور ناک آؤٹ مرحلے کی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں۔
مردوں کے ایونٹ میں مجموعی طور پر 10 ٹیمیں حصہ لیں گی، جبکہ خواتین کے مقابلوں میں 8 ٹیمیں ٹائٹل کے لیے مدمقابل ہوں گی۔ مردوں کے مقابلوں میں پاکستان، بھارت، بنگلا دیش اور سری لنکا کو عالمی درجہ بندی کی بنیاد پر براہِ راست ناک آؤٹ مرحلے میں جگہ دی گئی ہے۔
دوسری جانب افغانستان، ہانگ کانگ، جاپان، ملائیشیا، نیپال اور عمان ابتدائی مرحلے میں ایک دوسرے کے خلاف کھیلیں گے، جہاں سے چار بہترین ٹیمیں ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچ کر پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش اور سری لنکا کا مقابلہ کریں گی۔
ابتدائی مرحلے میں گروپ اے میں افغانستان، جاپان اور نیپال شامل ہیں، جبکہ گروپ بی میں ہانگ کانگ، ملائیشیا اور عمان کو رکھا گیا ہے۔ دونوں گروپس سے ٹاپ دو ٹیمیں اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گی۔
خواتین کے ایونٹ کا آغاز براہِ راست کوارٹر فائنلز سے ہوگا۔ پہلے کوارٹر فائنل میں بھارت کا مقابلہ جاپان سے ہوگا، جبکہ بنگلا دیش کا سامنا چین سے ہوگا۔ سری لنکا اور ملائیشیا بھی آمنے سامنے آئیں گے، جبکہ پاکستان کی خواتین ٹیم تھائی لینڈ کے خلاف میدان میں اترے گی۔
خواتین کے کرکٹ مقابلے 17 سے 22 ستمبر تک جاری رہیں گے، جبکہ مردوں کے میچز 24 ستمبر سے یکم اکتوبر تک کھیلے جائیں گے۔
تمام میچز جاپان کے شہر ناگویا میں منعقد ہوں گے اور ٹورنامنٹ ٹی20 فارمیٹ میں کھیلا جائے گا۔
واضح رہے کہ ایشین گیمز 2023 میں بھارت نے مردوں اور خواتین دونوں کیٹیگریز میں سونے کے تمغے اپنے نام کیے تھے۔ مردوں کے فائنل میں افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 18.2 اوورز کھیلے تھے کہ بارش کے باعث مقابلہ مکمل نہ ہو سکا، جس کے بعد بہتر عالمی درجہ بندی کی بنیاد پر بھارت کو گولڈ میڈل دے دیا گیا۔
اسی طرح خواتین کے فائنل میں بھارت نے سری لنکا کو 19 رنز سے شکست دے کر چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ ایشین گیمز 2026 میں بھی بھارتی ٹیمیں اپنے اعزاز کا دفاع کرنے کی کوشش کریں گی، جبکہ پاکستان سمیت دیگر ایشیائی ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لیے بھرپور مقابلہ کریں گی۔
مزید پڑھیں۔سوناہزاروں روپے سستا، ایک دن کی بڑی کمی نے مارکیٹ ہلا دی