فیفا عرب کپ؛ فلسطینیوں کے چہرے کھل اُٹھے؛ ملکی ٹیم کی سنسنی خیز میچ میں پہلی فتح
اشاعت کی تاریخ: 2nd, December 2025 GMT
فیفا عرب کپ 2025 کا آغاز تاریخی انداز میں ہو گیا جہاں فلسطین کی ٹیم نے زخم زخم ہم وطنوں کے چہروں پر خوشی کی روشن مسکراہٹیں بکھیر دیں۔
یہ سنسنی خیز میچ قطر کے الحبیب اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔ فلسطین کے مدمقابل میزبان ملک کی ٹیم تھی اور اسٹیڈیم تماشائیوں سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھا۔
دونوں ٹیموں کی جانب سے ایک دوسرے پر تابڑ توڑ حملے کیے گئے جو کبھی دفاعی کھلاڑیوں تو کبھی گول کیپر اور کبھی بدقسمتی سے کھلاڑی کی کک باہر جانے سے ناکام رہے۔
قطر اور فلسطین کے دفاعی کھلاڑی پورے میچ میں متحرک، چست اور نہایت مصروف نظر آئے جو مخالف ٹیم کے فارورڈز کی امیدوں پر پانی پھیرتے رہے۔
Full Time.
Qatar (0) : (1) Palestine#FIFArabCup ???? pic.twitter.com/HEYEZRJ06Y — Qatar Football Association (@QFA_EN) December 1, 2025
پے در پے ناکامیوں کے بعد اسٹیڈیم میں موجود تماشائیوں اور ٹیم آفیشلز نے بھی سمجھ لیا تھا کہ اس کانٹے کے مقابلے کا انجام ’’ٹائی‘‘ کی صورت میں نکلے گا۔
ابھی سب میچ کے فیصلے کے لیے اضافی وقت اور اس کے بعد پینلٹی ککس کی آس لگائے بیٹھے تھے کہ 95 ویں منٹ میں چمتکار ہوگیا۔
فلسطینی فارورڈ کے کراس پر قطر کے دفاعی کھلاڑی سلطان البرک نے بدقسمتی سے اپنے ہی گول میں گیند ڈال دی اور اس طرح یہ ناقابل یقین فتح خوش نصیب فلسطینی ٹیم کے نام رہی۔
یہ وہ لمحہ تھا جب میدان میں موجود کھلاڑی دوڑ کر ایک دوسرے سے لپٹ گئے جب کہ میدان کے باہر دنیا بھر میں موجود فلسطینیوں کے آنسو خوشی سے چمک اُٹھیں۔
آخر کار اُن فلسطینیوں کو بھی خوشی کے لمحات دیکھنا نصیب ہوئے جو برسوں سے میدانوں کی جگہ ملبے، راکھ اور غیر یقینی زندگی میں سانس لے رہے ہیں۔
آج کے دن تباہ حال غزہ کی گلیوں میں بھی بچوں نے تالیاں بجائیں، غرب اردن میں گھروں کی چھتوں پر فخریہ نعرے گونجے، اور دنیا بھر میں فلسطینیوں کے زخم خوردہ چہروں پر مسکراہٹ نے امید کا نقش دوبارہ کھینچ دیا۔
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
فلسطینیوں کا قتل عام اور انسانی امداد میں رکاوٹ ڈالنا ناقابلِ قبول ہے، انتونیو گوتریس
یوم یکجہتی فلسطین کی مناسبت سے اپنے پیغام میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ فلسطینی سرزمین کے غیر قانونی قبضے کے خاتمے کا مطالبہ کرتا ہوں، دو ریاستی حل کی جانب ناقابل واپسی پیشرفت کا مطالبہ دہراتا ہوں۔ اسلام ٹائمز۔ فلسطینی عوام سے یکجہتی کے عالمی دن پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا کہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں آج بھی اسرائیلی فوجی کارروائیاں جاری ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مغربی کنارے میں فلسطینیوں کا قتل عام، بار بار بے گھری اور انسانی امداد میں رکاوٹ ڈالنا ناقابلِ قبول ہے، تمام فریق حالیہ جنگ بندی کی مکمل پابندی کریں، انسانی امداد غزہ میں بڑے پیمانے پر داخل ہونے کی اجازت دی جائے۔ انتونیو گوتریس کا کہنا تھا کہ فلسطینی سرزمین کے غیر قانونی قبضے کے خاتمے کا مطالبہ کرتا ہوں، دو ریاستی حل کی جانب ناقابل واپسی پیشرفت کا مطالبہ دہراتا ہوں۔
دوسری جانب فلسطینیوں سے یکجہتی کے عالمی دن پر لندن میں ہزاروں افراد نے ریلی نکالی اور غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف احتجاج کیا۔ مظاہرین نے ہائیڈ پارک سے وائٹ ہال تک مارچ کیا، مظاہرین نے اسرائیل مخالف اور فلسطینیوں کے حق میں نعرے لگائے۔ مظاہرین کی جانب سے حکومت سے اسرائیل کو اسلحہ فروخت روکنے کا مطالبہ کیا گیا، عالمی برادری سے غزہ میں امداد کی رسائی ممکن بنانے کا بھی مطالبہ کیا۔