اسرائیلی وزیراعظم نے جنرل رومن گوفمین کو موساد کا نیا سربراہ نامزد کردیا
اشاعت کی تاریخ: 5th, December 2025 GMT
اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے اپنے عسکری سیکریٹری، جنرل رومن گوفمین کو ملک کی خفیہ ایجنسی موساد کا نیا سربراہ مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
العربیہ نیوز کے مطابق گوفمین کے پاس انٹیلی جنس کا باضابطہ تجربہ موجود نہیں، تاہم وہ موجودہ چیف ڈیوِڈ بارنیا کی جگہ جون 2026 میں عہدہ سنبھالیں گے۔
گوفمین 1976 میں بیلاروس میں پیدا ہوئے اور 14 سال کی عمر میں اسرائیل منتقل ہوئے۔ انہوں نے 1995 میں اسرائیلی فوج کے بکتر بند دستے میں شمولیت اختیار کی اور ایک طویل عسکری کیریئر گزارا۔
مزید پڑھیں: موساد قطر میں اسرائیلی حملے کی مخالف اور فیصلے سے ناراض تھی، رپورٹ میں انکشاف
غزہ جنگ کے آغاز پر وہ قومی انفنٹری ٹریننگ سینٹر کے کمانڈر تھے اور 7 اکتوبر 2023 کو سدیروت میں حماس کے جنگجوؤں کے ساتھ جھڑپوں میں شدید زخمی بھی ہوئے۔
گوفمین نے اپریل 2024 میں انہوں نے نیتن یاہو کے دفتر میں بطور فوجی سیکریٹری کام کرنا شروع کیا۔
نیتن یاہو نے حال ہی میں شین بیت (داخلی سیکیورٹی ایجنسی) کے سربراہ کے طور پر بھی ایک مذہبی صہیونی پس منظر رکھنے والے افسر ڈیوڈ زینی کا تقرر کیا تھا۔ اسی تسلسل میں گوفمین کی نامزدگی کو بھی نیتن یاہو کی قوم پرستانہ سوچ کے قریب تصور کیا جا رہا ہے۔
اگرچہ گوفمین عملی مذہبی یہودیوں کی طرح یرمولکا نہیں پہنتے، تاہم وہ مغربی کنارے کی ایک مذہبی یہودی درسگاہ ’ایلی یشیوا‘ میں تعلیم حاصل کرچکے ہیں جو دائیں بازو کی صہیونی فکر کے لیے مشہور ہے۔
مزید پڑھیں: ایران کا موساد کو خفیہ معلومات فراہم کرنے والے 8 افراد کی گرفتاری کا دعویٰ
بائیں بازو کے اسرائیلی اخبار ہاریٹز کے کالم نگار اُری مسگو نے گوفمین کی نامزدگی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہیں انٹیلی جنس تجربے کی کمی کے باعث موساد کی سربراہی نہیں ملنی چاہیے تھی، جبکہ ان کے بقول اصل وجہ نیتن یاہو کی وفاداری ہے۔
نیتن یاہو کے دفتر نے اپنے بیان میں کہا کہ گوفمین قابلِ قدر افسر ہیں اور جنگی حالات میں بطور عسکری سیکریٹری ان کی کارکردگی ان کی صلاحیتوں کا ثبوت ہے۔
موساد کو دنیا کی بہترین خفیہ ایجنسیوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ 7 اکتوبر کے واقعات کے بعد جہاں دیگر انٹیلی جنس اداروں کے سربراہ مستعفی ہوگئے، وہیں موساد کو اُس ناکامی کا ذمہ دار نہیں ٹھہرایا گیا کیونکہ اس کے اختیارات عام طور پر فلسطینی علاقوں تک نہیں پہنچتے۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو جنرل رومن گوفمین موساد نیا سربراہ نامزد.ذریعہ: WE News
کلیدی لفظ: اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو جنرل رومن گوفمین نیا سربراہ نامزد نیتن یاہو
پڑھیں:
جوڈیشل کمشن اجلاس: جسٹس ظفر راجپوت سندھ ہائیکورٹ، جسٹس کامران بلوچستان ہائیکورٹ کے چیف جسٹس نامزد
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) جوڈیشل کمیشن آف پاکستان نے سندھ اور بلوچستان ہائیکورٹس کے نئے چیف جسٹس کی منظوری دیدی۔جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کا اہم اجلاس چیف جسٹس آف پاکستان اور کمیشن کے چیئرمین جسٹس یحییٰ آفریدی کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں اعلیٰ عدلیہ میں مختلف اہم تقرریوں پر غور کیا گیا۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں سب سے پہلے سندھ ہائیکورٹ کے نئے چیف جسٹس کی تقرری سے متعلق مشاورت کی گئی، 3 سینئر ججز کے ناموں کا جائزہ لیا گیا، تفصیلی غور و خوض کے بعد کمیشن نے جسٹس ظفر راجپوت کو سندھ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کے طور پر نامزد کرنے کی منظوری دے دی۔ذرائع کے مطابق اس کے بعد اجلاس میں بلوچستان ہائیکورٹ کے مستقل چیف جسٹس کی تعیناتی کا معاملہ بھی زیرِ بحث آیا، اس کے لیے بھی 3 سینئر ججز جسٹس کامران خان ملاخیل، جسٹس اقبال احمد کانسی اور جسٹس شوکت علی درخشانی کے ناموں پر غور کیا گیا اور کمیشن نے جسٹس کامران خان ملاخیل کے نام کی منظوری دے دی۔جوڈیشل کمیشن نے سپریم کورٹ میں مستقل جج کی تعیناتی کے لیے بھی مشاورت کی، اسلام آباد ہائیکورٹ کے سینئر جج جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کے نام کی منظوری دے دی گئی۔آئین کے مطابق اعلیٰ عدلیہ میں تقرریاں جوڈیشل کمیشن کی سفارش اور پارلیمانی کمیٹی کی توثیق سے مشروط ہوتی ہیں، سندھ ہائیکورٹ اور بلوچستان ہائیکورٹ کے نئے چیف جسٹس اور سپریم کورٹ کے نئے مستقل جج کی نامزدگیوں سے متعلق سفارشات صدرِ مملکت کو بھجوائی جائیں گی جس کے بعد باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔جوڈیشل کمشن نے رولز میں ترامیم کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی۔ وفاقی آئینی عدالت کے جج جسٹس عامر فاروق کمیٹی کی سربراہی کریں گے۔ اٹارنی جنرل، فاروق ایچ نائیک، بیرسٹر علی ظفر اور احسن بھون کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔ کمیٹی جوڈیشل کمشن رولز میں ترامیم کا مسودہ تیار کرے گی۔