سچ سننا گوارا نہیں؛ اسرائیل نے غزہ پر ڈاکومنٹری بنانے والے نوجوان کو شہید کردیا
اشاعت کی تاریخ: 2nd, December 2025 GMT
غزہ میں اسرائیلی ڈرون حملے میں ایک ایسے نوجوان کو نشانہ بنایا گیا جس کا مشغلہ شادیوں میں فوٹوگرافی کرنا تھا اور جو اپنے شہر کو صیہونی ریاست کے ہاتھوں تباہ و برباد دیکھ کر ڈاکومینٹریز بنانے لگا تھا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق محمود وادی نامی یہ نوجوان بھی تابناک مستقبل کے خواب آنکھوں میں سجائے جدید فوٹوگرافی میں کیریئر بنانا چاہتا تھا۔
اکتوبر 2023 میں اسرائیلی بمباری اور اس میں خواتین اور بچوں کے شہید ہونے کے المناک واقعات نے محمود وادی کے مقصدِ حیات کو ہی بدل کر رکھ دیا۔
وہ اپنی تمام صلاحیتیں غزہ کی تباہ حالی اور شہر کے اجڑنے پر ڈاکومنٹریز بنانے میں صرف کرنے لگا تھا جو صیہونی ریاست کو ایک آنکھ نہ بھایا۔
اسرائیلی فوج نے خان یونس کے علاقے میں محمود وادی کو جاسوس ڈرون کے ذریعے نشانہ بنایا جس میں نوجوان فوٹوگرافر شہید ہوگیا۔
محمود وادی کا قصور بس اتنا تھا کہ اس نے سوشل میڈیا پر اپنا اکاؤنٹ القدس کے نام سے بنایا اور ڈرون کی مدد سے شُوٹ کی گئی ویڈیوز اپ لوڈ کرتا تھا۔
ان ویڈیوز میں غزہ کی اُن بستیوں کو دکھایا گیا تھا جو اسرائیلی بمباری سے قبل جیتے جاگتے شہر تھے لیکن اب کھنڈر میں تبدیل ہوچکے ہیں۔
یہ پہلا موقع نہیں جب اسرائیلی حکومت نے کسی ایسے شخص کو چُن کر نشانہ بنایا گیا ہو جو غزہ کی حقیقی صورت حال دنیا کے سامنے لا رہا ہو۔
اکتوبر 2023 کے بعد سے اسرائیلی فوج کے حملوں میں شہید ہونے والے صحافیوں کی تعداد 250 سے زائد ہے جب کہ درجنوں کو حراست میں لے رکھا ہے۔
.
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: محمود وادی
پڑھیں:
دو ریاستی حل ہی اسرائیل فلسطین تنازع کے خاتمے کا واحد حل ہے، پوپ لیو
عیسائیوں کے روحانی پیشوا پوپ لیو نے کہا ہے کہ دو ریاستی حل ہی اسرائیل فلسطین تنازع کے خاتمے کا واحد حل ہے۔
ترکیہ سے لبنان جاتے ہوئے طیارے میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پوپ لیو نے کہا کہ ہم سب جانتے ہیں کہ اس وقت اسرائیل اس حل کو قبول نہیں کرتا، لیکن ہم اسے ہی واحد حل سمجھتے ہیں۔
پوپ لیو نے مزید کہا کہ ویٹیکن کی اسرائیل کے ساتھ دوستی بھی ہے اور وہ دونوں فریقوں کے درمیان مُصالحانہ کردار ادا کرنے کی کوشش کر رہا ہے تاکہ ایسا حل تلاش کیا جاسکے جس میں ہر ایک کے لیے انصاف شامل ہو۔
انہوں نے بتایا کہ ترکیہ کے صدر طیب اردوان سے ملاقات میں اسرائیل-فلسطین اور یوکرین-روس تنازعات پر تفصیلی بات چیت کی ہے۔
واضح رہے کہ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو شروعات سے ہی فلسطینی ریاست کے قیام کی مخالفت کرتے رہے ہیں، جبکہ اسرائیل کا حمایتی ملک امریکا بھی فلسطینی ریاست کی حمایت کا عندیہ دے چکا ہے۔
پوپ لیو نے یہ مختصر آٹھ منٹ کی پریس کانفرنس ترکیہ کے تین روزہ دورے کی تکمیل پر دی تھی، جو مئی میں روحانی پیشوا منتخب ہونے کے بعد اپنے پہلے دورے پر تھے۔
دوسری جانب اسرائیل کی فلسطین میں جنگ بندی معاہدے کے باوجود خلاف ورزیاں جاری ہیں۔
غزہ کی وزارتِ صحت نے بتایا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران غزہ کی پٹی میں جاری اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں تین فلسطینیی شہید جبکہ دو زخمی ہوگئے ہیں۔
ادھر اسرائیلی ملٹری نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے حماس کے چالیس جنگجوؤں کو شہید کردیا ہے۔
خبرایجنسی کے مطابق جنوبی غزہ کی سرنگوں میں درجنوں حماس جنگجو موجود ہیں، سرنگوں کے اوپر کے علاقے اسرائیلی فوج کے کنٹرول میں ہیں، جنوبی غزہ کے ٹنل نیٹ ورک میں موجود جنگجوؤں سے متعلق مذاکرات جاری ہیں۔
حماس نے جنگجوؤں کے محفوظ راستے کے لیے ثالث ممالک سے اسرائیل پر دباؤ ڈالنے کا مطالبہ کیا ہے۔