انسانی اسمگلنگ کا نیٹ ورک بے نقاب، کراچی ایئرپورٹ سے منظم گینگ کا اہم ملزم گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 14th, December 2025 GMT
کراچی:
وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) امیگریشن کراچی نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کارروائی کی اور کمبوڈیا سے آنے والے مسافر کو گرفتار کر لیا جو مبینہ طور پر انسانی اسمگلنگ کے نیٹ ورک کے منظم گینگ کا اہم رکن ہے۔
ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ گرفتار ملزم زین اللہ انسانی اسمگلنگ اور بین الاقوامی فراڈ کے نیٹ ورک میں ملوث پایا گیا ہے، گرفتار ملزم ستمبر 2024 میں پاکستان سے کمبوڈیا گیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ ملزم نے کمبوڈیا میں آن لائن فراڈ کمپنی میں کام کیا اور بعد ازاں بطور ایجنٹ پاکستان سے افراد کو بھرتی کرنے میں ملوث رہا ہے، ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم ایک منظم فراڈ اور انسانی اسمگلنگ کے نیٹ ورک کا حصہ ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ ملزم کے زیر استعمال موبائل فون کے تجزیے کے دوران متعدد افراد کے پاسپورٹس کی تصاویر، ادائیگیوں کی رسیدیں اور بینک اکاؤنٹس سے ہونے والی ٹرانزیکشنز برآمد ہوئیں۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ ملزم نے رقوم ذاتی بینک اکاؤنٹس اور کرپٹو اکاؤنٹ کے ذریعے وصول کی، ملزم کو مزید قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی کے حوالے کر دیا گیا ہے اور تفتیش جاری ہے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: انسانی اسمگلنگ بتایا کہ نیٹ ورک
پڑھیں:
NCCIA کی بڑی کارروائی، مالی فراڈ میں ملوث 8 رکنی گروہ گرفتار
اسلام آباد؛ (نیوز ڈیسک) ملزمان نے جعلی شناخت کے ذریعے شہری سے 15 لاکھ روپے ہتھیالیے اور رقم مرکزی ملزم کے اکاؤنمٹ میں منتقل کی گئی
اسلام آباد:
نیشنل سائبرکرائم انوسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے کھنہ پل اسلام آباد میں مالی فراڈ میں ملوث 8 رکنی گروہ گرفتار کرلیا۔
ترجمان این سی سی آئی اے نے بتایا کہ ملزمان بیرون ملک (برطانیہ) میں مقیم رشتہ دار یا دوست بن کر میڈیکل ایمرجنسی کا جھانسہ دے کر رقم بٹورتے رہے۔
ترجمان نے بتایا کہ ملزمان کی جانب سے جعلی شناخت کے ذریعے شہری سے 15 لاکھ روپے ہتھیانے کا انکشاف ہوا اور رقم مرکزی ملزم کے بینک اکاؤنٹ میں منتقل کی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزمان میں محمد سلمان، محسن جمیل، نزاکت علی، مہتاب علی، محمد شاہ نواز، ناصر علی، عابد حسین اور فہد جبار شامل ہیں، جن کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا اور پیکا سمیت مختلف دفعات کے تحت کارروائی کی گئی۔
ذرائع کے مطابق ملزمان نے سادہ لوح لوگوں کے نام پر بینک اکاؤنٹس کھلوا رکھے تھے، ملزمان ان لوگوں کے نام پر بینک اکاؤنٹس کھلوا کر چیک بک اپنے پاس رکھ لیتے تھے، ملزمان بہاولپور یزمان کے رہائشی ہیں۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ ملزمان نے بہاولپور اور قریبی علاقوں میں ہی بینک اکاونٹس کھلوا رکھے ہیں، نوسرباز لوٹی گئی رقم نکلوانے کے لیے اسلام آباد آتے تھے، اسی طرح جب ملزمان بہاولپور سے رقم نکلوانے اسلام آباد آئے تو وہ پکڑے گئے۔