پنجاب پولیس کی کچے میں کارروائی، شر، اندھڑ گینگ کا خطرناک ڈاکو ہلاک
اشاعت کی تاریخ: 19th, January 2025 GMT
پنجاب پولیس نے رحیم یار خان کی کچہ کریمنلز کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے مقابلے کے دوران شر اور اندھڑ گینگ کا خطرناک ڈاکو ہلاک کرکے کلاشنکوف اور سیکڑوں گولیاں برآمد کرلیں۔
ترجمان پنجاب پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ہلاک ڈاکو کی شناخت بشیر عرف بشو شر کے نام سے ہوئی، ہلاک ڈاکو ظاہر پیر میں 04 معصوم شہریوں کے قتل ، سانحہ ماچھکہ میں 12 جب کہ 2023ء میں 03 پولیس اہلکاروں کی شہادت میں ملوث تھا، ہلاک ڈاکو پولیس پر فائرنگ، اغوا برائے تاوان، قتل، ڈکیتی جیسے متعدد سنگین مقدمات میں بھی پولیس کو مطلوب تھا۔
بیان میں کہا گیا کہ ہلاک ڈاکو نے گذشتہ دنوں پولیس پرحملوں کی دھمکی آمیز ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل کی تھی، رحیم یار خان پولیس نے شر، اندھڑ گینگ کی علاقے میں بڑی واردات کی خفیہ اطلاع پر بچاؤ بند ماچھکہ سوترکی کے مقام پر ناکہ بندی کر رکھی تھی۔
پنجاب پولیس کے مطابق ڈاکوؤں نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی اندھا دھند فائرنگ کر دی، بھرپور جوابی کارروائی میں خطرناک ڈاکو بشیر عرف بشو شر کیفر کردار تک پہنچا، دیگر ساتھی فرار ہوگئے، ڈاکوؤں کے حملے میں پولیس کے تمام جوان محفوظ رہے۔
ترجمان پنجاب پولیس نے کہا کہ پولیس آپریشن میں ڈی ایس پی بھونگ، ایس ایچ او ماچھکہ،ایلیٹ ٹیموں سمیت پولیس کی بھاری نفری نے حصہ لیا، پولیس کو بکتر بند گاڑیوں، دور مار بھاری ہتھیاروں کی مدد حاصل تھی۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: پنجاب پولیس ہلاک ڈاکو
پڑھیں:
ڈی آئی خان، بسیاہ خیل پولیس اسٹیشن پر دہشت گردوں کا حملہ، جوابی کارروائی میں حملہ آور فرار
ڈیرہ اسماعیل خان:خیبرپختونخوا کے ضلع ڈی آئی خان میں بسیاہ خیل پولیس اسٹیشن پر رات گئے دہشت گردوں نے مختلف سمتوں سے حملہ کر دیا، تاہم پولیس کی بروقت اور مؤثر جوابی کارروائی کے باعث حملہ آور فرار ہو گئے۔
پولیس ترجمان کے مطابق حملہ رات تقریباً 01:35 پر کیا گیا، جس میں دہشت گردوں نے سنائپرز اور بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا۔ حملہ شدید نوعیت کا تھا اور دونوں جانب سے فائرنگ کا تبادلہ تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہا۔
پولیس اہلکاروں نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے فوری جوابی کارروائی کی، جس کے بعد دہشت گرد پسپا ہو کر فرار ہو گئے۔
ڈی پی او بنوں کے مطابق واقعے میں کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔