بھارتی کپتان روہت شرماڈومیسٹک میں بھی ناکام
اشاعت کی تاریخ: 24th, January 2025 GMT
ممبئی (اسپورٹس ڈیسک )بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما ڈومیسٹک کرکٹ میں بھی ناکام ہوگئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق حال ہی میں دورہ آسٹریلیا میں ٹیسٹ سیریز کے دوران انتہائی مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے روہت شرما تنقید کی زد میں تھے تاہم اب ڈومیسٹک کرکٹ میں بھی ان کی کارکردگی بہتر نہ ہو سکی،رنجی ٹرافی کے میچ میں روہت شرما صرف 19 گیندوں کا سامنا کر کے 3 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئے، وہ 2015 کے بعد سے پہلی مرتبہ یہ ڈومیسٹک میچ کھیل رہے تھے۔ دوسری جانب چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ اب شروع ہونے میں کچھ ہی دن باقی ہیں اور اس بڑے ایونٹ سے قبل روہت شرما کی بری فارم کو لے کر بھارت میں موجود ان کے مداحوں کو تشویش لاحق ہے ۔ خیال رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کا آغاز 19 فروری سے کراچی میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ سے ہو گا۔،بھارت اس ایونٹ کے اپنے میچز نیوٹرل وینیو پر کھیلے گا۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: روہت شرما
پڑھیں:
پولیس بہترین کارکردگی کے ذریعے اپنے تاثرکو بہتر بناسکتی ہے: وزیراعلیٰ سندھ
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ عوام کا تحفظ، انصاف کی فراہمی اور قانون شکن عناصر کو عدالتوں کے کٹہرے میں لانا پولیس فورس کی بنیادی ذمہ داری ہے۔
سعید آباد پولیس ٹریننگ سینٹر میں 132ویں پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا آج 300 سے زائد خواتین اپنی ٹریننگ مکمل کررہی ہیں، مجھےخواتین کی کامیابی پر بہت خوشی ہوئی کہ ایک تازہ دم دستہ عوام کی خدمت کےلیے تیار ہے، شہریوں کو پر امن زندگی دینے کی ذمےداری اب آپ پر عائد ہوتی ہے۔مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ملک دہشتگردی جیسے مسائل سے دوچار ہے، ہمارے جوانوں نے بہت قربانیاں دیں ہیں، کچے کے علاقے کچھ عرصے پہلے تک بحران سے دوچار تھے، یقین دہانی کرواتا ہوں کہ ان شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائےگا، پولیس کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانا سندھ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پولیس کی فلاح و بہبود ہمیشہ سے میری اولین ترجیح رہی ہے، مستقبل میں بھی پولیس کے تمام مسائل کو بہتر اور ترجیحی انداز میں حل کیا جائے گا، پاس آؤٹ ہونے والے جوان فیلڈ میں جا کر سندھ پولیس کا نام مزید روشن کریں گے۔مراد علی شاہ نے یہ بھی کہا کہ پولیس اپنی بہترین کارکردگی کے ذریعے ہی اپنے امیج (تاثر) کو بہتر بنا سکتی ہے، عوام کا تحفظ، انصاف کی فراہمی اور قانون شکن عناصر کو عدالتوں کے کٹہرے میں لانا پولیس فورس کی بنیادی ذمہ داری ہے، سندھ حکومت پولیس فورس کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے پرعزم ہے۔اس موقع پر آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس فورس کی بنیاد معیاری افرادی قوت اور انسانی وسائل پر ہوتی ہے، عوام کا تحفظ، انصاف کی فراہمی اور خلوصِ دل سے خدمت پولیس کا مقصد ہے، پولیس کی وردی جوانوں کے لیے اعزاز بھی ہے اور ایک بڑا امتحان بھی۔آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ صوبے کے عوام اور حکومت کی نظریں پولیس فورس پر مرکوز ہیں، کراچی میں اسٹریٹ کرائم کے خاتمے اور کچے میں ڈاکوؤں کا صفایا بڑا چیلنج ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے ڈائٹ چارجز بڑھانےکی منظوری محکمہ فنانس میں زیر التوا ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ گریڈ ایک سے گریڈ 16 کے ٹرینرز کا الاؤنس 3 ہزار سے بڑھا کر 30 ہزار روپے کیا جائے اور گریڈ 17 سے 21 کے افسران کا ٹریننگ الاؤنس 5 ہزار سے بڑھا کر 50 ہزار روپے کیا جائے، رزاق آباد، سکرنڈ اور حیدرآباد کے مراکز کو پولیس ٹریننگ اسکول کا درجہ دیا جائے۔