جنوبی سوڈان میں مسافر بردار طیارہ گر کر تباہ؛ پیٹرولیم کمپنی کے 20 ملازمین ہلاک
اشاعت کی تاریخ: 29th, January 2025 GMT
جنوبی سوڈان کی یونٹی سٹیٹ میں مسافر بردار چھوٹا طیارہ نامعلوم وجوہات کے باعث گر کر تباہ ہوگیا جس میں 21 مسافر سوار تھے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق طیارہ شمالی ریاست میں ایک آئل فیلڈ سے پیٹرولیم کمپنیوں کے ملازمین کو لے کر دارالحکومت جوبا روانہ ہوا تھا۔
وزیر اطلاعات نے بتایا کہ طیارہ یونٹی آئل فیلڈ کے ہوائی اڈے پر گر کر تباہ ہوگیا۔ جس میں چائنا نیشنل پیٹرولیم کارپوریشن اور سرکاری نیل پیٹرولیم کارپوریشن کے ملازمین سوار تھے۔
امدادی کاموں کے دوران 18 لاشیں نکالی گئیں جب کہ 3 افراد کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا جہاں دو زخمیوں نے دورانِ علاج دم توڑ دیا۔
ہلاک ہونے والوں میں 2 چینی شہری اور ایک بھارتی باشندہ بھی شامل ہے۔ صرف ایک مسافر زندہ بچا جس کی حالت تاحال تشویشناک ہے۔
حادثے کی وجوہات کا تعین نہیں کیا جا سکا ہے۔ تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔
جنگ زدہ جنوبی سوڈان میں 2018 اور 2015 میں بھی مسافر بردار طیارے حادثے کا شکار ہوگئے تھے جس میں مجموعی طور پر دو درجن سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔
.
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
اے ایس ایف کی پشاور، ملتان میں کامیاب کارروائی، مسافروں سے 1.5 کلو منشیات برآمد
ایئرپورٹس سیکیورٹی فورس نے پشاور اور ملتان انٹرنیشنل ایئرپورٹس پر کارروائیوں کے دوران 1.5 کلو سے زائد منشیات برآمد کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اے ایس ایف اہلکاروں نے مسافروں کے سامان کی کمال مہارت سے تلاشی کے دوران منشیات برآمد کیں۔
ترجمان ایئرپورٹس سیکیورٹی نے بتایا کہ پشاور ایئرپورٹ پر ایک مسافر کے جوتوں کے اندر سے خفیہ طور پر چھپائی گئی 823 گرام چرس برآمد کی گئی جبکہ ملتان ایئرپورٹ پر ایک اور مسافر کے سامان سے 926 گرام آئس ہیروئن برآمد کی جو کے بیگ کے اندر بڑی ہوشیاری سے چھپائی گئی تھی۔
دونوں مسافر بیرون ملک، بالترتیب دبئی اور شارجہ، روانہ ہو رہے تھے۔ یہ کامیابیاں اے ایس ایف کے تربیت یافتہ اہلکاروں کی مسلسل نگرانی، مشکوک مسافروں کی پروفائلنگ، سامان کی ماہرانہ تلاشی اور سٹاف کی شاندار تفتیشی تکنیکوں کا نتیجہ ہیں۔
اے ایس ایف قومی مفاد، بین الاقوامی ساکھ اور مسافروں کے اعتماد کے تحفظ کے لیے کسی بھی ممکنہ خطرے اور غیر قانونی سرگرمی کے خلاف فیصلہ کن اقدام سے دریغ نہیں کرے گی۔
گرفتار ملزمان کو ابتدائی تفتیش کے بعد برآمد شدہ منشیات سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے اینٹی نارکوٹکس فورس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔