مریم نواز کی جعلی اے آئی تصاویر شیئر کرنے والا کے پی سے گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 31st, January 2025 GMT
پشاور:وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے تیار کردہ جعلی تصاویر سوشل میڈیا پر پھیلانے والے ملزم کو خیبر پختونخوا کے علاقے تخت بھائی سے گرفتار کر لیا گیا۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ میں ایف آئی اے کے ترجمان کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ سائبر کرائم سرکل پشاور نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم عالم خان کو حراست میں لے لیا، جس پر الزام ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر سیاسی شخصیات کے خلاف تضحیک آمیز اے آئی سے تیار کردہ مواد شیئر کر رہا تھا۔
ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ ملزم تخت بھائی کا رہائشی ہے اور اس کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو مزید جانچ کے لیے تحویل میں لے لیا گیا ہے۔
ایف آئی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر ہتک عزت اور جعلی مواد پھیلانے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائیاں جاری ہیں اور ایسے مجرمان کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: سوشل میڈیا
پڑھیں:
کراچی، شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس مقابلے، 5 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار
کراچی:شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس نے مبینہ مقابلوں کے دوران چار ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا جبکہ ایک فرار ہونے والے مبینہ ڈاکو کو شہریوں نے پکڑ کر تشدد کے بعد پولیس کے حوالے کر دیا۔
پولیس اور چھیپا حکام کے مطابق اورنگی ٹاؤن تھانے کی حدود میں سیکٹر 8، اللہ والا کالج کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں ایک مبینہ ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔
زخمی ملزم کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی شناخت سبیل کے نام سے ہوئی۔ ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور دیگر سامان بھی برآمد کیا گیا۔
ادھر بوٹ بیسن تھانے کی حدود میں کلفٹن، عبداللہ شاہ غازی مزار پل کے قریب مبینہ مقابلے کے دوران ایک مبینہ ڈاکو پولیس کی فائرنگ سے زخمی ہو گیا، جس کی شناخت مانی کے نام سے ہوئی۔
اسے جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ اس دوران فرار ہونے کی کوشش کرنے والے دوسرے مبینہ ملزم کو شہریوں نے پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا بعد ازاں اسے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ زخمی ملزم کی شناخت سکندر کے نام سے کی گئی۔
دوسری جانب شرافی گوٹھ پولیس نے کورنگی سنگر چورنگی کے قریب راڈو بیکری کے علاقے میں مبینہ مقابلے کے بعد ایک مبینہ ڈاکو اویس کو زخمی حالت میں گرفتار کیا۔ ملزم کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ اس کے قبضے سے اسلحہ اور دیگر سامان بھی برآمد ہوا۔
اسی طرح قائدآباد تھانے کی حدود میں لانڈھی شیر پاؤ کالونی، مولیٰ مدد قبرستان کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں ایک اور مبینہ ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔
چھیپا حکام کے مطابق زخمی ملزم کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی شناخت وارث خان کے نام سے ہوئی۔