کوئٹہ؛ کول مائنز ایریا میں بم دھماکا، سوات کے 9 مزدور جاں بحق، کئی زخمی
اشاعت کی تاریخ: 14th, February 2025 GMT
کوئٹہ:
کول مائنز ایریا میں بم دھماکے میں سوات کے 9 مزدور جاں بحق اور کئی دیگر زخمی ہوئے ہیں۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق ہرنائی شاہراہ کے کول مائنز ایریا میں پک اپ گاڑی پر بم دھماکا ہوا ہے، جس میں 9 مزدور جاں بحق اور 7 زخمی ہوئے ہیں، جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق جاں بحق ہونے والے مزدوروں کا تعلق سوات سے ہے۔ ڈی سی ہرنائی حضرت ولی کا کہنا ہے کہ جاں بحق اور زخمی افراد کوئلہ کانوں میں مزدوری کرتے تھے ۔ واقعے کے بعد لاشوں اور زخمیوں کو بی ایچ یو شاہرگ منتقل کردیا گیا ہے
ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکا آئی ای ڈی کے ذریعے کیا گیا ہے۔
دھماکے کے بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نفری جائے وقوع پر پہنچی اور شواہد اکٹھے کرکے علاقے کی ناکا بندی کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔
دھماکا خیز مواد روڈ کنارے نصب تھا، ترجمان صوبائی حکومت
دوسری جانب حکومت بلوچستان نے تحصیل شاہرگ ٹاکری میں روڈ سے متصل دہشت گردی کے واقعے کی مذمت کی ہے۔ ترجمان صوبائی حکومت شاہد رند کے مطابق واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے اور قانون نافذ کرنے ادارے جائے وقوع پر پہنچ گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ ابتدائی تحقیقات سے ظاہر ہوتا ہے کہ دھماکا خیز مواد روڈ کنارے نصب تھا۔ زخمی مزدوروں کو شاہرگ اسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ کی مذمت
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بلوچستان کے علاقے شاہرگ میں مزدوروں کی گاڑی کے قریب دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے 9 مزدوروں کے جاں بحق ہونے کے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
انہوں نے جاں بحق مزدوروں کے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا اور زخمی مزدوروں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔ محسن نقوی نے کہا کہ معصوم لوگوں کو نشانہ بنانے والے درندے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ جاں بحق مزدوروں کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ دکھ کی گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
چیک ریپبلک میں فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ؛ ایک فوجی ہلاک اور 4 زخمی
چیک ریپبلک کے مشرقی حصے میں ایک فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں ایک فوجی ہلاک جبکہ تین دیگر زخمی ہو گئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چیک وزارتِ دفاع اور فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حادثہ بدھ کے روز نامیشت ناد اوسلاوو ایئر فورس بیس پر پیش آیا جو دارالحکومت پراگ سے تقریباً 180 کلومیٹر جنوب مشرق میں واقع ہے۔
حادثے کا شکار ہونے والا ہیلی کاپٹر UH-1Y Venom تھا، جس میں مجموعی طور پر 5 فوجی اہلکار سوار تھے۔ حادثے میں ایک اہلکار موقع پر ہی جان کی بازی ہار گیا جبکہ تین زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہیلی کاپٹر معمول کی فوجی تربیتی سرگرمی کے سلسلے میں پرواز کر رہا تھا، تاہم حکام نے ابھی تک اس کی باضابطہ تصدیق نہیں کی۔ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے فوج نے خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دیدی ہیں۔
چیک حکام کا کہنا ہے کہ اس بات کا جائزہ لے رہے ہیں، آیا حادثہ تکنیکی خرابی، موسمی حالات یا انسانی غلطی کے باعث پیش آیا۔ تحقیقات کے نتائج سے میڈیا کو آگاہ کیا جائے گا۔